Inquilab Logo Happiest Places to Work

سلون یا ’’پارلر‘‘ کا اسٹاف سیاہ رنگ کا ایپرن یا یونیفارم پہنتا ہے، کیوں ؟

Updated: November 05, 2021, 7:00 AM IST | Mumbai

بالوں کو تراشنے کیلئے آپ سلون ضرور جاتے ہوں گے۔ اگر آپ کے ہاں پروفیشنل سلون ہوں گے تو آپ نے ان تمام میں ایک یکساں چیز ضرور محسوس کی ہوگی۔

Representation Purpose Only- Picture INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

بالوں کو تراشنے کیلئے آپ سلون ضرور جاتے ہوں گے۔ اگر آپ کے ہاں پروفیشنل سلون ہوں گے تو آپ نے ان تمام میں ایک یکساں چیز ضرور محسوس کی ہوگی۔ سلون میں بال کاٹنے والے تمام افراد(حجام) ایک جیسا ایپرن پہنتے ہیں جس کا رنگ سیاہ ہوتا ہے۔ عام طور پر بڑے سلون میں تمام ہیئر اسٹائلسٹ کو سیاہ رنگ کا ایپرن دیا جاتا ہے یا ان کے لباس کا رنگ سیاہ ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ دنیا کے بیشتر سلون میں ہیئر اسٹائلسٹس یونیفارم یا ایپرن کیلئے اسی رنگ (سیاہ) کا انتخاب کرتے ہیں ۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا کہ سلون کا اسٹاف سیاہ رنگ ہی کا یونیفارم یا ایپرن کیوں پہنتا ہے؟
 اس کی پہلی وجہ ہے:سلون میں جانے کا کسی بھی انسان کا مقصد پرکشش نظر آنا ہوتا ہے۔ مر دوخواتین اپنی جلد اور بالوں کی حفاظت نیز جاذب نظر آنے کیلئے سلون یا پارلر جاتے ہیں ۔ اس شعبے سے وابستہ پروفیشنل افراد کا خیال ہے کہ سیاہ ایک ایسا رنگ ہے جو ہر کسی پر جچتا ہے یعنی سیاہ رنگ کا لباس کسی بھی شخص کو جاذب نظر بنادیتا ہے۔ چونکہ سلون میں آنے کا لوگوں کا مقصد خوبصورت نظر آنا ہوتا ہے اس لئے سلون کا اسٹاف بھی نکھرا سنورانظر آنا چاہئے، اور سیاہ رنگ انہیں مزید پرکشش اور پروفیشنل بنا دیتا ہے جس کی وجہ سے لوگ محسوس کرتے ہیں کہ وہ اس جگہ سے یعنی سلون یا پارلر سے جاذب نظر بن کر ہی نکلیں گے۔ واضح رہے کہ بیوٹی صنعت سے وابستہ تمام افراد اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ سیاہ رنگ کسی بھی انسان کو پروفیشنل یا پرکشش بنانے کی ایک علامت بن گیا ہے۔ 
 دوسری وجہ :سلون میں سیاہ رنگ کا ایپرن یا لباس استعمال کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ جب آپ کے بال تراشے جارہے ہوتے ہیں تو وہ کٹ کر حجام (اسٹائلسٹ) کے ایپرن یا لباس پر گرتے ہیں چونکہ آپ کے بالوں کا رنگ سیاہ ہوتا ہے اس لئے یہ ایپرن پر نظر نہیں آتے یا بہت غور سے دیکھنے پر نظر آتے ہیں ۔ 
 اسی طرح بالوں میں ڈائے یا کسی قسم کا کوئی اور کیمیکل اگر کبھی گرجائے تو وہ ان کے سیاہ ایپرن یا لباس پر گرتا ہے جس کا زیادہ اثر نہیں پڑتا، اور وہ بد نما بھی نظر نہیں آتا جبکہ اگر کوئی کیمیکل یا رنگ ، سیاہ کے علاوہ کسی اور رنگ کے ایپرن یا لباس پر گر جائے تو اس پر بدنما داغ پڑجاتا ہے۔ اس سے بچنے کیلئے سلون میں سیاہ رنگ کو دیگر رنگوں پر فوقیت دی جاتی ہے۔ بعض ماہرین اس کی ایک وجہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ سیاہ رنگ کا بیک گراؤنڈ دیگر رنگوں کو نمایاں طور پر ظاہر کرتا ہے۔ 
 مثال کے طور پر آپ نے بالوں میں سنہرا رنگ کروایا، اسٹائلسٹ آپ کے پیچھے کھڑا ہوتا ہے، یعنی سامنے لگے آئینے میں آپ کے سر کا حصہ اس کے ایپرن کے بیک گراؤنڈ پر نظر آتا ہے، اگر آپ کے اسٹائلسٹ نے سیاہ کے علاوہ کسی دوسرے رنگ کا ایپرن پہنا ہوگا تو آپ کے بالوں کا رنگ زیادہ خوبصورت نہیں نظر آئے گا لیکن اگر اس نے سیاہ رنگ کا ایپرن یا لباس پہنا ہے تو یہ بہت خوبصورت دکھائی دیں گے۔
 ماہرین کہتے ہیں کہ ان وجوہات کی بناء پر کاسمیٹک اور بیوٹی کی دنیا میں سیاہ رنگ کو خاص اہمیت حاصل ہے۔یہ رنگ کئی لحاظ انسانی نفسیات پر اثر ڈالتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK