Inquilab Logo Happiest Places to Work

سائنس پروجیکٹ سائنسی صلاحیتوں کی نشو و نما کیلئے ضروری ہے

Updated: March 12, 2021, 6:00 AM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے طلبہ آن لائن تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ سائنسی نمائش کے انعقاد کا امکان کم ہے۔ اس کے باوجود طلبہ کو چاہئے کہ سائنس پروجیکٹ ضرور بنائیں ۔

Representation Purpose Only- Picture iStock
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی اسٹاک

پوری دنیا میں کورونا وائرس کی وباء پھیلی ہوئی ہے اور گزشتہ ایک سال سے متعدد تعلیمی ادارے بند ہیں ۔ اس وجہ سے طلبہ نہ صرف آن لائن تعلیم حاصل کررہے بلکہ امتحانات میں بھی آن لائن شرکت کررہے ہیں ۔
  ہمارے ملک میں اس مہینے میں عام طور پر مختلف سائنسی نمائشوں کا انعقاد کیا جاتا ہے مگر لاک ڈاؤن کے خدشات کے پیش نظر سائنس نمائش ہونے کے مواقع کم نظرآرہے ہیں البتہ متعدد اسکولوں کے طلبہ کو سائنس پروجیکٹ بنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ انہیں اس کے نمبر دیئے جاسکیں ۔ تاہم، جن اسکولوں میں یہ ہدایت نہیں دی گئی ہے، ان کے طلبہ کو بھی چاہئے کہ وہ امسال بھی نہ صرف سائنس پروجیکٹ بنائیں بلکہ انہیں اپنے اساتذہ کو بھی دکھائیں ۔ 
 سائنسی نمائش کے ذریعے طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کی جانچ کی جاتی ہے۔ چونکہ بچوں کا سوچنے کا انداز بڑوں سے مختلف ہوتا ہے اس لئے وہ اپنے سائنسی ماڈلز کی بناء پر ایسی کئی چیزیں بنالیتے ہیں جنہیں مزید بہتر کرکے یا تھوڑا اور کام کرکے حقیقت میں کوئی چیز بنائی جاسکتی ہے۔سائنسی نمائش کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہوتا ہے کہ طلبہ کو کتابیں پڑھانے کے ساتھ عملی زندگی میں سائنس کے تجربات کرنے کا موقع ملے۔
 سائنس پروجیکٹ بنانے کے کئی فائدے ہیں ۔ پڑھئے ایسے ہی چند فوائد۔
جو پڑھا ہے اسے حقیقی زندگی کے مسائل حل کرنے کیلئے استعمال کرنا
 سائنس پروجیکٹ طلبہ کو کچھ وقت کیلئے نصابی کتابوں سے نکال کر عملی زندگی میں لے آتےہیں یعنی طلبہ کتابوں کا مطالعہ کرنے کے بعد اپنے طور پر کوئی سائنس ماڈل بناسکتے ہیں ۔ سائنس ماڈل بنانے سے آپ کو یہ سمجھ میں آتا ہے کہ آپ نے جو پڑھاہے اسے حقیقی زندگی کے مسائل حل کرنے کیلئے کیسے استعمال کیا جاتا ہے۔
مختلف شعبوں سے حاصل ہونے والی صلاحیتیں بھی بہتر ہوتی ہیں 
 سائنس پروجیکٹ بنانے کا ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ طالبعلم تعلیم حاصل کرنے کے دوران مختلف شعبوں سے سیکھی جانے والی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتا ہے۔ سائنس پروجیکٹ بنانے کے دوران طلبہ کی سوچنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے، وہ الگ سوچتا ہے، مطالعہ کرتا ہے، لکھتا ہے، ریاضی کے سوالات حل کرتا ہے اور کمپیوٹر کا استعمال بھی کرتا ہے۔ 
 علاوہ ازیں ، سائنس پروجیکٹ بنانے کیلئے درکار چیزوں کیلئے بجٹ بھی بناتا ہے، وہ یہ معلوم کرتا ہے کہ یہ سامان اسے کہاں ملیں گےاور اپنا پروجیکٹ اسے کتنے وقت میں مکمل کرنا ہے۔ خیال رہے کہ طالب علمی ہی کے دور میں طلبہ کو سیکھ لینا چاہئے کہ ڈیڈ لائن پر یا اس سے پہلے کام کیسے مکمل کیا جاتا ہے۔ 
 اسی طرح جب پروجیکٹ بن جانے کے بعد جب طالب علم کو نمائش یا جماعت میں دیگر طلبہ کے سامنے اپنے پروجیکٹ کے متعلق بنانا ہوتا ہے تو اسے لوگوں کے سامنے بات کرنے کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ اس طرح وہ ایک اچھا مقرر بھی بن سکتا ہے۔
مسائل کو بہتر انداز میں سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے
 سائنس ایک ایسا مضمون ہے جو طلبہ کو ابتدائی عمر ہی سے پڑھایا جاتا ہے۔ لیکن طلبہ اسے اس وقت استعمال میں لاتے ہیں جب انہیں پہلی مرتبہ کوئی سائنسی ماڈل بنانے کیلئے یا کسی سائنسی نمائش میں حصہ لینے کیلئے کہا جاتا ہے۔ سائنسی نمائش میں حصہ لینے اور اس میں شرکت کرنے کا تجربہ بہت انوکھا ہوتا ہے جو طلبہ کو باریک بین بناتا ہے، اور وہ چیزوں کو بہتر انداز میں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اسی طرح وہ مسائل کو بہتر انداز میں سمجھتے ہیں اور اپنے ماڈل کے ذریعے انہیں دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
نئی صلاحیتیں بھی ابھر کر سامنے آتی ہیں 
 سائنس نمائش میں حصہ لینے والے طلبہ کی دیگر صلاحیتوں میں بھی زبردست اضافہ ہوتا ہے نیز نئی صلاحیتیں بھی ابھر کر سامنے آتی ہیں ۔ مثال کے طور پر ایک سائنس پروجیکٹ بنانے کے دوران طالب علم صرف ماڈل ہی نہیں بناتا بلکہ اس کا دماغ تیزی سی چلتا رہتا ہے، اور وہ یہ بھی سوچتا رہتا ہے کہ یہ ماڈل کتنا فائدہ مند ثابت ہوگا، اور اس کے ذریعے وہ کیا نیا کرسکتا ہے۔
آزادانہ طور پر کام کرنے کا تجربہ
 سائنسی ماڈل بنانے والے طالب علم میں آزادانہ طور پر کام کرنے کی صلاحیت بھی بڑھتی ہے۔ ہر چند کہ کچھ مراحل میں وہ اساتذہ یا گھر کے دیگر لوگوں سے مدد حاصل کرتا ہے لیکن اس کی آزادانہ سوچ اور کسی ماڈل پر تنہا کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
بیک وقت کئی چیزیں کرنے کی صلاحیت
 سائنس پروجیکٹ بناتے وقت طلبہ کو وقت کا بھی خیال رکھنا ہوتا ہے۔ اس لئے دنیا میں ایسے طلبہ بھی ہیں جو بیک وقت کئی پروجیکٹس پر کام کرتے ہیں ۔ کئی طلبہ تو ۲؍ سے ۳؍ پروجیکٹ (کبھی کبھی مختلف مضامین کے) ایک ساتھ بناتے ہیں ۔ جو پروجیکٹ سائنسی نمائش کے وقت تیار ہوجاتا ہے، اس کے ساتھ وہ نمائش میں شامل ہوجاتے ہیں ۔ جو پروجیکٹ وہ مکمل نہیں کرپاتے انہیں آئندہ نمائشوں کیلئے محفوظ کرلیتے ہیں ، اور ان پر کام کرتے رہتے ہیں تاکہ وہ مزید بہتر بن جائے۔ 
اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے
 جو طالب علم اپنا پروجیکٹ وقت پر مکمل کرلیتے ہیں ، سائنسی نمائش میں شریک ہوجاتے ہیں اور ایک مقرر کی طرح اپنے پروجیکٹ کے بارے میں لوگوں کو بتادیتے ہیں ، ان کے اعتماد میں زبردست اضافہ ہوتا ہے، اور پھر وہ ایسی مختلف نمائشوں میں حصہ لینے لگتے ہیں ۔ اس سے ان کے سوچنے کا انداز بدلتا ہے، اور وہ دنیا کو ایک الگ نظر سے دیکھنے لگتے ہیں ۔
دلچسپی اور سائنس پروجیکٹ
 جو طلبہ اپنی دلچسپیوں سے واقف ہوتے ہیں ، اور انہی کے مطابق اپنا سائنس پروجیکٹ بناتے ہیں ، وہ دراصل اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا کام کررہے ہوتے ہیں ۔ اس لئے طلبہ کو ایسے سائنسی ماڈل بنانے چاہئیں جن میں انہیں دلچسپی ہو۔
 خیال رہےکہ سائنس پروجیکٹ آپ کی سائنسی صلاحیتوں کی نشو ونما کرتے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK