Inquilab Logo Happiest Places to Work

قطر امریکہ سے ۱۶۰؍ بوئنگ طیارے خریدے گا

Updated: May 16, 2025, 12:38 PM IST | Agency | Doha

قطر کی جانب سے امریکہ کو اب تک کا سب سے بڑا آرڈر ،قطر نے ٹرمپ کو ۴۰۰؍ ملین ڈالر مالیت کا ایک جمبو جیٹ بھی تحفے میں دیا۔

US President Donald Trump and Emir of Qatar Sheikh Tamim bin Hamad Al Thani. Photo: Agency
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی۔ تصویر: ایجنسی

صدر ٹرمپ کے دورہ قطر کے موقع پر جمعرات کو امریکی ہوا بازی کے شعبے کیلئے ایک بڑی کامیابی کے طور پر، قطر ایئر ویز نے امریکہ کی جہاز بنانے والی کمپنی بوئنگ سے۱۶۰؍طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ( اے ایف پی) کے مطابق اس خریداری میں ۱۳۰؍ بوئنگ۷۸۷؍ ڈریم لائنر اور۳۰؍بوئنگ ۷۷۷-۹؍ جیٹ شامل ہیں، جبکہ مزید۵۰؍ طیاروں کا آپشن بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قطر کی جانب سے ڈونالڈ ٹرمپ کو۴۰۰؍ ملین ڈالرکا ایک بوئنگ جیٹ تحفے میں بھی دیا گیا ہے جو اس وقت پوری دنیا میں موـضوع بحث ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ سوال بھی اٹھایاجارہا ہےکہ کیا ٹرمپ کیلئے یہ تحفہ قبول کرنا امریکی قانون کے خلاف تو نہیں ؟قطر نے امریکہ کو بوئنگ کیلئے اب تک کا سب سے بڑا آرڈر ہے اور۷۸۷؍ ماڈل کا سب سے بڑا آرڈر بھی ہے۔ اس معاہدے میں جی ای ایروسپیس کے انجن بھی شامل ہیں جس سے امریکہ اور قطر کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ 
امریکہ اور قطر کے تعلقات میں مضبوطی
 یہ نیا معاہدہ بوئنگ کے نئے سی ای او کیلی آرٹبرگ کے لیے ایک حکمت عملی کے تحت کامیابی سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ کمپنی حالیہ برسوں میں حفاظتی اور پیداواری مسائل کے بعد بحالی کی کوشش کر رہی ہے۔ موجودہ طیاروں کی پیداوار میں تاخیر کی وجہ سے ان طیاروں کی فراہمی میں تقریباً پانچ سال لگنے کی توقع ہے۔ 
 بوئنگ کے تجارتی طیاروں کی سربراہ اسٹیفنی پوپ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا’’’ہمیں فخر ہے کہ قطر ایئر ویز نے بوئنگ کو یہ ریکارڈ توڑ آرڈر دیا ہے، جو ان کے مستقبل کے بیڑے کو مضبوط بناتا ہے۔ یہ معاہدہ بوئنگ کے لیے اہم وقت پر آیا ہے، کیونکہ کمپنی کو عالمی سطح پر طیاروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے درمیان سپلائی چین کی رکاوٹوں اور مزدوری کے مسائل کا سامنا ہے۔ ‘‘واضح رہےکہ ٹرمپ نے بدھ کوقطر کے دورہ پرامیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی تھی۔ اس کے علاوہ جمعرات کوانہوں نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔ 
سیاسی تنازعات اور حکمت عملی کے معاہدے
 ٹرمپ کے دوحہ کے دورے کے موقع پر کئی دفاعی معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے جن میں قطر کی جانب سے امریکی ایم کیو- نائن بی ڈرونز کی خریداری شامل ہے۔ قطر کے ذرائع نے سیاسی اثرورسوخ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قطر ہمیشہ سے امریکہ کا قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے اور تعلقات کو دو طرفہ فائدے کے طور پر دیکھتا ہے۔ 
قطر ایئرویز کا تاریخی معاہدہ 
 قطر ایئر ویز کا یہ تاریخی معاہدہ اس کے جدید اور ماحول دوست فضائی بیڑے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ۷۷۷؍ - نائن جیٹ طیاروں کو جو ابھی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی تصدیق کے منتظر ہیں، پرانے ماڈلز کے مقابلے میں ۲۵؍ فیصد کم ایندھن کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماہرین اس معاہدے کو بوئنگ کے لیے مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھتے ہیں۔ مارکیٹ تجزیہ کار نکولس اوونز نے کہا’’ اگر آج طیارہ آرڈر کیا جائے تو اسے لینڈنگ سٹرپ تک پہنچنے میں کم از کم پانچ سال لگیں گے۔ ‘‘ٹرمپ نے اس معاہدے کو ’شاندار‘ قرار دیا اور اس کے اقتصادی اثرات کو اجاگر کیا۔ 
لگژری جمبو جیٹ 
 وہائٹ ہاؤس اور قطر کے شاہی خاندان کے درمیان حالیہ بات چیت کا موضوع ایک لگژری جمبو جیٹ رہا۔ یہ پُرتعیش طیارہ امریکی صدر کے استعمال کے لیے ایئر فورس ون کو تحفتاً دیاگیا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس کے اس منصوبے کا دفاع کیا ہے جس کے تحت قطر سے ملنے والے طیارے کو صدارتی جہاز ایئر فورس ون کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ (قطر) ایک تحفہ دے رہے ہیں۔ ‘ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اسے لینے سے انکار کریں گے تو ’یہ بیوقوفی ہو گی۔ ‘تاہم ایک بیان میں قطر نے کہا کہ یہ طیارہ کوئی تحفہ نہیں مگر ’عارضی طور پر‘ اس طیارے کی منتقلی دونوں ملکوں کے بیچ زیر بحث ضرور ہے۔ ٹرمپ کے چار روزہ خلیجی دورے کے دوران کئی کاروباری معاہدے طے پائے ہیں جن میں قطر ایئرویز کا بوئنگ۲۱۰؍ وائیڈ باڈی جیٹ طیارے خریدنے کے معاہدہ کے علاوہ سعودی عرب کی جانب سے امریکہ میں ۶۰۰؍ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ اور سعودی عرب کو۱۴۲؍ ارب ڈالر کے امریکی ہتھیاروں کی فروخت شامل ہیں۔ یہ دورہ سفارتی سرگرمیوں سے بھی بھرپور رہا۔ جمعرات کو ٹرمپ نے ابوظہبی میں امارات کے صدرشیخ محمد بن زائد النہیان سے ملاقات کی۔ اس دورہ دونوں ممالک کے درمیان مصنوعی ذہانت کے فروغ کا موضوع سرفہرست رہا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK