شامی صدر احمد الشرع کا اپنی قوم سے خطاب، شام پرامریکی پابندیاں اٹھانا ضروری قدم قرار دیا،کہا کہ اب شام کی تعمیر نو کا آغاز ہو گا، یہ خطے کی بڑی معیشت بنے گا۔
EPAPER
Updated: May 16, 2025, 12:42 PM IST | Agency | Riyadh
شامی صدر احمد الشرع کا اپنی قوم سے خطاب، شام پرامریکی پابندیاں اٹھانا ضروری قدم قرار دیا،کہا کہ اب شام کی تعمیر نو کا آغاز ہو گا، یہ خطے کی بڑی معیشت بنے گا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر شام پر عائد پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں۔ اس اعلان کے بعد شامی صدر احمد الشرع نے بدھ کی شب شام کے نیوز چینل ’الاخباریہ‘ پر نشر کئے گئے قوم کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا ملک صرف امن کا گہوارہ بنے گا۔ الشرع کا کہنا تھا کہ شام کے روشن مستقبل کا آغاز اب ہو چکا ہے، آج سے ایک نئے شام کی تعمیر کا سفر شروع ہو گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ شام اب جنگ کا میدان نہیں بنے گا اور ہم اپنی قوم کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ یہ وطن تمام شہریوں کا ہے، خواہ وہ کسی بھی فرقے سے تعلق رکھتے ہوں۔ شامی صدر نے کہا کہ ہماری خوشی صرف پابندیاں ختم ہونے پر نہیں بلکہ عرب اقوام کے اتحاد اور ان کے ہمارے ساتھ کھڑے ہونے پر بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شام نے اپنی جدید تاریخ میں ایک المناک مرحلہ گزارا ہے جو اس نظام کے تحت تھا جس کا سقوط ہوا۔
احمد الشرع نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہم نے اس تلخ حقیقت کا علاج کرنے کے لئے ترجیحات مقرر کیں جس کا شام شکار تھا۔ ہم بند دروازے کھولنے میں کامیاب ہوئے اور عرب و مغربی ممالک کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کے لئے راستے ہموار کئے۔ ان کاکہنا تھا کہ ہم سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے پُر عزم ہیں اور ہم تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ شام پر امریکی پابندیوں کا خاتمہ ناگزیر تھا تاکہ دمشق میں سیاسی و معاشی استحکام ممکن بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاض اور واشنگٹن پابندیوں کے خاتمے کے عملی پہلوؤں پر باہم مربوط ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہاکہ ہم امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ شام پر سے اقتصادی پابندیاں اٹھائی جائیں۔ یہ اقدام ریاض کی مدد سے کیا گیا اور ہم اس فیصلے کو ایک مثبت اور جرأت مندانہ قدم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب شام کی معیشت کو سہارا دینے کے لئے کافی مدد کرچکا ہے اور آگے بھی یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہے۔
احمد الشرع نے پابندیوں کے خاتمے کو ایک اہم موڑ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یوروپی ممالک بھی جلد دمشق پر عائد پابندیاں ختم کریں گے تاکہ شام ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو سکے۔ ہم نے امریکہ کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ غزہ میں جنگ کو روکا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک امریکی مغوی کی رہائی نے ممکنہ جنگ بندی کی امید پیدا کی ہے لیکن اصل تقاضا یہ ہے کہ انسانی امداد غزہ میں فوری، بلا تاخیر اور غیر مشروط پہنچائی جائے۔