Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کے ’بہت قریب‘ پہنچ گیا ہے: ٹرمپ

Updated: May 16, 2025, 12:46 PM IST | Agency | Washington

امریکی صدر نے یہ اشارہ دیا کہ ہم بہت جلد اچھی خبر سنائیں گے ۔ ایران نے کہا کہ تمام پابندیاں ہٹائی جائیں تو ہم معاہدہ کیلئے تیار ہیں۔

Iranian President Masoud Pezishkian demands that sanctions imposed on Tehran be lifted. Photo: INN
ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کا مطالبہ ہےکہ تہران پر عائد پابندیاں ہٹائی جائیں۔ تصویر: آئی این این

طویل عرصے سے کشیدہ تعلقات کے شکار امریکہ اور ایران نیوکلیائی معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ جہاں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ معاہدے کے قریب ہیں وہیں ایران کے صدارتی ذرائع نے کہا کہ تمام پابندیاں اٹھالی جائیں تووہ امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدہ کے لئے تیار ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کرنے کے ’بہت قریب‘ ہے، اور تہران نے ’کچھ حد تک‘ شرائط پر اتفاق کر لیا ہے۔ 
 غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ طویل المدتی امن کے لیے بہت سنجیدہ مذاکرات کر رہے ہیں، مشرق وسطیٰ کے دورے میں خلیجی ملک میں موجودگی کے دوران انہوں کہا کہ ہم ایران کے معاملے میں ایک معاہدہ کرنے کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو روکنے کے دو طریقے ہیں، ایک بہت ہی اچھا طریقہ مذاکرات کا ہے، دوسرا تشدد کا ہے اور میں دوسرے طریقے سے یہ کام نہیں کرنا چاہتا ہوں۔ مذاکرات سے واقف ایک ایرانی ذرائع نے بتایا کہ امریکہ کے ساتھ بات چیت میں اب بھی ’خلا‘ کو پر کرنا باقی ہے۔ 
 ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنازعات کو حل کرنے کے لیے ایرانی اور امریکی مذاکرات کاروں کے درمیان تازہ مذاکرات اتوار کو عمان میں ختم ہوئے جبکہ مزید مذاکرات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اگرچہ تہران اور واشنگٹن دونوں نے کہا ہے کہ وہ دہائیوں پر محیط جوہری تنازع کو حل کرنے کے لیے سفارت کاری کو ترجیح دیتے ہیں لیکن وہ کئی ریڈ لائنز پر منقسم ہیں جنہیں مذاکرات کاروں کو ایک نئے معاہدے تک پہنچنے اور مستقبل کی فوجی کارروائی سے بچنے کے لیے نظر انداز کرنا پڑے گا۔ قبل ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ٹرمپ سوچتے ہیں کہ وہ ہم پر پابندیاں لگا کر دھمکیاں دے سکتے ہیں، تمام جرائم اور علاقائی عدم استحکام کا سبب وہ (امریکہ) خود ہیں، ’وہ‘ ایران کے اندر عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK