Inquilab Logo

بعض افراد کو زیادہ پسینہ آتا ہے، کیوں ؟

Updated: June 04, 2021, 7:15 AM IST | Mumbai

محققین کا کہنا ہے کہ خواتین کے مقابلے میں مردوں کو زیادہ پسینہ آتا ہے۔ علاو ازیں ، جسمانی سرگرمیوں میں مصروف رہنے والے افراد کو پسینہ کم آتا ہے۔

Symbolic Image. Photo: INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

پسینہ آنا ایک قدرتی عمل ہے جو جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم، کچھ لوگوں کو بہت زیادہ پسینہ آتا ہے۔ مگر ایسا کیوں ہوتا ہے؟مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق اس کی چندوجوہات ہیں ۔پہلی وجہ یہ ہے کہ خواتین کے مقابلے میں مردوں کو زیادہ پسینہ آتا ہے۔
 اسی طرح اگر آپ ورزش کرنے سے دور بھاگتے ہیں تو یہ بھی زیادہ پسینے کی وجہ بنتی ہے یعنی جسمانی سرگرمیوں میں مصروف رہنے والے افراد کو پسینہ کم آتا ہے۔تاہم، کئی بار یہ مختلف امراض کی علامت بھی ہوسکتی ہے:
ہارٹ اٹیک: اگر اچانک بہت زیادہ پسینہ خارج ہونے لگے تو یہ ہارٹ اٹیک کی پہلی علامت یا کسی قسم کی دل کی بیماری کا عندیہ ہوسکتا ہے۔ اگر آپ کو ہارٹ اٹیک کا شبہ ہو تو جتنا جلد ہوسکے طبی امداد کیلئےرجوع کریں ۔ اگر بہت زیادہ پسینے کے ساتھ سینے میں تکلیف کا احساس بھی ہو تو بھی یہ دل کے کسی سنگین عارضے کی علامت ہوسکتی ہے۔
بیکٹیریل یا وائرل انفیکشن:بہت زیادہ پسینے کی شکایت کے ساتھ بخار ہو تو یہ ملیریا یا ٹی بی کی جانب اشارہ ہوسکتا ہے۔ بخار جسمانی درجہ حرارت میں تبدیلی کا نتیجہ ہوتا ہے جس کے دوران دماغ خودکار طور پر جسمانی درجہ حرارت کو کچھ بڑھا دیتا ہے تاکہ جسم میں موجود انفیکشن سے لڑ سکے اس لئے پسینہ آتا ہے۔
تناؤ: کئی بار ذہنی تناؤ کے نتیجے میں پسینے کا اخراج بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ تناؤ اور ذہنی بے چینی صرف جسم پر ہی منفی اثرات مرتب نہیں کرتے بلکہ پسینے کی شکل میں بھی انتباہ دیتے ہیں ۔ عام طور پر جب تناؤ کے شکار لوگوں کو زیادہ پسینہ آتا ہے تو اس کی بو زیادہ ہوتی ہے کیونکہ اس میں چربی اور پروٹین کا مکسچر جلد پر موجود بیکٹیریا کے ساتھ ہوتا ہے۔
تھائی رائیڈ کا مسئلہ: اگر تھائی رائیڈ گلینڈ بہت زیادہ متحرک ہوجائیں اور بہت زیادہ تھائی رائیڈ ہارمون بنانے لگیں تو اس کے نتیجے میں جسم میں متعدد علامات سامنے آتی ہیں ، جیسے نروس یا ذہنی الجھن وغیرہ، مگر اس کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ پسینہ بھی خارج ہونے لگتا ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ اب ڈاکٹر سے رجوع کرلینا چاہئے۔
لو بلڈ شوگر:ویسے تو بہت زیادہ پسینے کا اخراج مختلف وجوہات کا نتیجہ ہوسکتا ہے، مگر کئی بار یہ بلڈ شوگر لیول بہت زیادہ کم ہونے سے بھی ہوتا ہے۔ ایسی حالت میں اس وقت بھی پسینہ خارج ہوتا ہے جب موسم زیادہ گرم نہیں ہوتا۔ بلڈ شوگر لیول کم ہونے سے بہت زیادہ بھوک، ذہنی بے چینی، سر چکرانے اور بینائی کے مسائل جیسی علامات سامنے آتی ہیں ۔
غدود زیادہ متحرک ہونا:ہائپر ہائڈروسس نامی عارضہ اپنی علامت بہت زیادہ پسینے کے اخراج کی شکل میں ظاہر کرتا ہے۔ اس سے پورا جسم یا مخصوص حصے جیسے ہاتھ، ہتھیلیاں ، پیروں کے تلوے، چہرے، سینے وغیرہ پر بہت زیادہ پسینہ خارج ہوتا ہے جبکہ باقی حصوں پر اس کا اخراج معمول کے مطابق ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ابھی یہ تو معلوم نہیں کہ کچھ افراد اس کا شکار کیوں ہوتے ہیں ، بس اندازہ ہے کہ مخصوص غدود زیادہ متحرک ہوجاتے ہیں ۔ یہ عارضہ کسی بھی عمر میں اور کسی بھی لمحے لاحق ہوسکتا ہے۔
ادویات کا سائیڈ ایفیکٹ:بہت زیادہ پسینے کا اخراج ممکنہ طور پر ادویات کے استعمال کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے۔
موٹاپا: جسمانی طور پر متحرک نہ ہونا، ناقص غذا، مخصوص ادویات اور نیند کی کمی وغیرہ موٹاپے کی وجوہات ہیں ۔ اس سے دیگر امراض کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK