Inquilab Logo

کچھ لوگ نیند میں باتیں کرتے ہیں ، کیوں ؟

Updated: November 06, 2020, 8:11 PM IST | Mumbai

نیند کے دوران اپنے آپ سے باتیں کرنا جس کا ہمیں علم بھی نہ ہو، بہت عام ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق۶۶؍ فیصد افراد کو اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی اس کا تجربہ ہوتا ہے۔آپ نے یقیناً کسی نہ کسی کو نیند میں باتیں کرتے یا کسی کے نیند میں باتیں کرنے کے متعلق ضرور سنا ہوگا۔ اگرچہ نیند میں باتیں کرنا عموماً بے ضرر ہوتا ہے اور اس کیلئے کسی قسم کے علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

نیند کے دوران اپنے آپ سے باتیں کرنا جس کا ہمیں علم بھی نہ ہو، بہت عام ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق۶۶؍ فیصد افراد کو اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی اس کا تجربہ ہوتا ہے۔آپ نے یقیناً کسی نہ کسی کو نیند میں باتیں کرتے یا کسی کے نیند میں باتیں کرنے کے متعلق ضرور سنا ہوگا۔ اگرچہ نیند میں باتیں کرنا عموماً بے ضرر ہوتا ہے اور اس کیلئے کسی قسم کے علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ تاہم، اس سے کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ دوسروں کی نیند خراب ہوجاتی ہے یا اکثر ایسا ہوتا ہے کہ نیند میں بولنے شخص کے قریب سویا ہوا ڈر بھی جاتا ہے۔
 کیا آپ نے کبھی ان سوالوں پر غور کیا ہے کہ لوگ نیند میں باتیں کیوں کرتے ہیں ؟ یا نیند میں وہ کس سے باتیں کرتے ہیں ؟ اہم بات یہ ہے کہ ان سوالوں کے جوابات مکمل طور پر واضح نہیں ہیں مگر ان کے متعلق سائنس نے اب تک جو کچھ جانا ہے وہ درج ذیل ہے۔
جینیاتی اثر: تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا ہے کہ یہ عادت اکثر خاندان کے ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہوتی ہے۔فن لینڈ اور جاپان کی تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا ہے کہ جڑواں بچوں کو نیند کے دوران باتیں کرنے کا تجربہ ڈراؤنے خوابوں اور نیند میں چلنے کے ساتھ ہوتا ہے۔اسی طرح تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا ہے کہ جو لوگ نیند میں باتیں کرتے ہیں ان کے بچوں میں بھی اس کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
نیند کی کمی:یوں تو نیند میں کوئی بھی کچھ بھی بڑبڑا سکتا ہے مگر کچھ عناصر خصوصاً نیند کی کمی بھی اس کی ممکنہ وجہ ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ نیند میں باتیں کرنیوالے اکثر افراد نیند کی کمی کا شکار ہوتے ہیں کیونکہ جب جسم کو آرام نہیں ملتا تو اس کا اثر دماغ پر ہوتا ہے اور نیند کا معیار متاثر ہوتا ہے۔
نیند کے مسائل: نیند کے دوران باتیں کرنے کو ایک طبی عارضہ بھی سمجھا جاتا ہے۔ویسے تو ایسا کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے مگر ایسے افراد جن کو نیند کے دیگر مسائل کا سامنا ہوتا ہے، ان میں اس کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹروں کا ماننا ہے کہ نیند میں باتیں کرنا، نیند میں چلنا اور ڈراؤنے خوابوں کے درمیان تعلق ہے۔
مخصوص ادویات: ایسی متعدد ادویات ہیں جو نیند کو متاثر کرسکتی ہیں ، جس کے نتیجے میں نیند کے مخصوص رویے جیسے باتیں کرنے کا تجربہ ہوتا ہے۔ عام طور پر سکون آور ادویات کا استعمال اس اثر کا باعث بنتا ہے۔ اس کے علاوہ چند عام دوائیں بھی ایسی ہیں جن کے زیر اثر کمزور اعصاب کا انسان نیند میں باتیں کرتا ہے۔
کیا اس کو کنٹرول کرنا ممکن ہے؟: سائنسداں اب تک کوئی ایسا واضح طریقہ دریافت نہیں کرسکے ہیں جس سے نیند میں باتیں کرنے سے بچا جاسکے مگر کچھ عادات میں تبدیلیاں لاکر اس میں کسی حد تک مددمل سکتی ہے۔ان عادات میں سونے کے وقت سے کچھ دیر پہلے زیادہ کھانے سے گریز، آرام دہ بستر اور تکیے، شام کو کیفین کے استعمال سے بچنا اور نیند کا ایک طے شدہ معمول اپنانا شامل ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK