آخری تاریخ ۱۵؍ ستمبر۔ ریاستی حج کمیٹی کا مرکزی حج کمیٹی سے تاریخ میں توسیع کا مطالبہ ۔ وی این دیسائی اسپتال میں سرٹیفکیٹ کیلئے بزم گلشنِ احمدرضاکی کامیاب کوشش
عازمین کیلئے میڈیکل اسکریننگ کی سہولت کی خاطر کوشش کرنے والے اور انجمن گلشن احمد رضا کے عہدیداران صلاح ومشورہ کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
عازمین حج کے لئے میڈیکل سرٹیفکیٹ کا حصول مشکل مرحلہ ثابت ہورہا ہے۔ اس کے لئے آخری تاریخ ۱۵؍ ستمبرمقرر کی گئی ہے، یعنی عازمین کومذکورہ تاریخ تک پے ان سلپ کے ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ اَپ لوڈ کرنا ہوگا۔
عازمین کی پریشانی کا سبب یہ ہے کہ بیشتر اسپتالوں میںیہ سہولت مہیا نہیں کرائی گئی ہے جبکہ وقت بہت کم بچاہے۔
عازمین کی پریشانی کے سبب کمیٹی نے کوشش کی
عازمین کی اسی پریشانی کےسبب بزم گلشن ِاحمد رضا (باندرہ) کی جانب سے ایک وفد نےسانتاکروز میں وی این دیسائی کی ڈین ڈاکٹر میورا ناگلے سے ملاقات کی اور ان کو عازمین کی پریشانی بتاتے ہوئے ایک خط دے کر یہ مطالبہ کیا کہ میڈیکل جانچ اور فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا نظم کیا جائے۔اس پرڈین نے جواب دیاکہ حکومت کی جانب سے اس تعلق سے انہیں کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے ،چنانچہ حج کمیٹی میں رابطہ قائم کیا گیا اور کامیاب کوشش کےنتیجے میں ۳؍ دن قبل صبح ۸؍بجے سے ۱۱؍ بجے تک اس اسپتال میں عازمین کےلئے یہ سہولت مہیا کرادی گئی ۔ مذکورہ کمیٹی کی جانب سے حکومت اورحج کمیٹی سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے کیونکہ چیک اَپ کرانے کے دو دن بعد رپورٹ دی جاتی ہے، اس لئے عازمین کو مزید پریشانی ہورہی ہے۔ اس تعلق سے محمدصدیق تاراپور والاکی جانب سے حج کمیٹی، سی ایم اومہاراشٹر دویندر فرنویس، ڈپٹی سی ایم شندے اور ریاستی وزیر آشیش شیلار کو ٹویٹ بھی کیا گیا ۔ منتخب عازمین میں شامل عبدالرحیم (ٹیلر) نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’ میڈیکل سرٹیفکیٹ کیلئے کافی پریشانی ہورہی ہے ۔ باندرہ میںبھابھا اتنا بڑا اسپتال مگر وہاں نظم نہیں کیا گیا ہے، دوسرے سرٹیفکیٹ کے لئے سرکاری اسپتال کی شرط لگادی گئی ہے جس سے مزیددقت ہورہی ہے۔ اس لئے حج کمیٹی جلد سے جلد نظم کرے تاکہ عازمین کی پریشانی دور ہو۔‘‘
وی این دیسائی اسپتال میں عازمین کے میڈیکل اسکریننگ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے تئیں کوشش کرنے والوں میں عبدالعزیز، محمد مشتاق، محمدسرور، عبدالرحیم ، زبیر منصوری ، وسیم منصوری اور دیگر ذمہ داران شامل تھے ، انہوں نے پہلے باہم صلاح ومشورہ بھی کیا تھا۔
ریاستی حج کمیٹی نے خط لکھا
ریاستی حج کمیٹی نے خط لکھ کر مرکزی حج کمیٹی سے تاریخ میںتوسیع کا مطالبہ کیاہے۔ریاستی حج کمیٹی کی سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے نے انقلاب کوبتایا کہ ’’تاریخ میںتوسیع کےلئے کوشش جاری ہے ، امید ہے کہ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے توسیع کی جائے گی اور عازمین آسانی کے ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’عازمین مطمئن رہیں، ایک بھی منتخب عازم کی سیٹ میڈیکل سرٹیفکیٹ کے سبب کینسل نہیںکی جائے گی اورپیر تک حج ٹرینرس کی فہرست بھی جاری کردی جائے گی جو اس تعلق سے عازمین کی رہنمائی بھی کریںگے۔ ‘‘اسی کے ساتھ انہوں نے یہ بھی وضاحت کہ’’ عازمین کو ابھی محض فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہے، دوسرے مرحلے میںحج پر روانگی سے قبل ویکسینیشن کیا جائے گا اوراس کے لئے تاریخ کا بھی اعلان کیا جائے گا ۔‘‘