Inquilab Logo

سو کمار سین آزاد ہندوستان کے پہلے چیف الیکشن کمشنر تھے

Updated: June 09, 2023, 3:40 PM IST | Mumbai

سوکمار سین ایک ہندوستانی سول سرونٹ تھے جو ملک کے پہلے چیف الیکشن کمشنر تھے۔ انہوں نے۲۱؍ مارچ۱۹۵۰ء سے ۱۹؍ دسمبر ۱۹۵۸ءتک خدمات انجام دیں۔

SuKumar Sen was also the first Vice-Chancellor of Burdwan University
سو کمار سین بردوان یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر بھی تھے

سوکمار سین ایک ہندوستانی سول سرونٹ تھے جو ملک کے پہلے چیف الیکشن کمشنر تھے۔ انہوں نے۲۱؍ مارچ۱۹۵۰ء سے ۱۹؍ دسمبر ۱۹۵۸ءتک خدمات انجام دیں۔ ان کی قیادت میں، الیکشن کمیشن نے آزاد ہندوستان کے پہلے دو عام انتخابات،۵۲ء۔۱۹۵۱ء اور۱۹۵۷ء میں کامیابی کے ساتھ منظم اور نگرانی کی۔ انہوں نے سوڈان میں پہلے چیف الیکشن کمشنر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
 سو کمار سین ۲؍ جنوری۱۸۹۸ء کو ایک بنگالی بیدیا برہمن خاندان میں پیدا ہوئے تھے ۔ وہ سول سرونٹ اکشوئے کمار سین کے بڑے بیٹے تھے۔سو کمار سین ، اشوک کمار سین کے بڑے بھائی تھے جو مرکزی وزیر قانون اور ایک مشہور بیرسٹر تھے ان کا ایک اور بھائی امیہ کمار سین تھے جو ایک نامور ڈاکٹر تھے ۔ سو کمار سین نے پریزیڈنسی کالج کولکاتا اور یونیورسٹی آف لندن سے تعلیم حاصل کی۔ جہاں بعد میں انہیں ریاضی میں گولڈ میڈل دیا گیا۔ ۱۹۲۱ءمیں، سین نے انڈین سول سروس میں شمولیت اختیار کی اور مختلف اضلاع میں بطور آئی سی ایس افسر اور جج کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ۱۹۴۷ء میں انہیں مغربی بنگال کا چیف سیکریٹری مقرر کیا گیا۔ یہ اس وقت کا سب سے سینئر ترین درجہ تھاجسے ایک آئی سی ایس افسر برطانوی ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں حاصل کر سکتا تھا ۔
  ۱۹۵۰ء میں جب سو کمار سین کو چیف الیکشن کمشنر کے طور پر ڈیپوٹیشن پر بھیجا گیا تو وہ بنگال کے چیف سیکریٹری کے عہدے پر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ پدم بھوشن حاصل کرنے والے پہلے شخص تھے۔ سوکمار سین بردوان یونیورسٹی(مغربی بنگال) کے پہلے وائس چانسلر تھے۔یہ یونیورسٹی کا قیام ۱۵؍ جون۱۹۶۰ء کو عمل میں آیا تھا۔ ادے چند مہتاب اور مغربی بنگال کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر بودھان چندر رائے نے اس یونیورسٹی کے قیام میں سہولت فراہم کی۔
 عظیم مورخ رام چندر گوہا نے انہیں `وہ شخص قرار دیا ہے جس نے اس وقت کے انتخابات کو ممکن بنانا تھا۔ گوہا نے سوکمار سین کو ہندوستانی جمہوریت کا ایک گمنام ہیروکے طور پر بیان کیا ہے۔ سوکمار کا سب سے بڑا کارنامہ یہ تھا کہ انہوں نے وہ طریقہ کار وضع کیا جس کی وجہ سے پہلا انتخابات بہت زیادہ خرابیوں کے بغیر ممکن ہو پائے۔ اس کے بعد ہونے والے تمام انتخابات میں انہی کے بتائے ہوئے طریقہ کار پر عمل کیا گیا ۔سو کمار سین ہندوستان کا ایک قابل ذکر بیٹا تھا جس نے جمہوریت کے خواب کو ایک پائیدار ماڈل انتخابی نظام میں بدل دیا جس کا خواب آزادی کے آغاز پر بہت کم لوگ ہی دیکھ سکتے تھے۔
 پہلے الیکشن کو کامیابی اور منظم طریقے سے انجام دینے کے بعد حکومت ہند نے انہیں ۱۹۵۴ءمیں پدم بھوشن سے نوازا ۔ ان کی یاد میں مغربی بنگال کے جی ٹی روڈ کوسوکمار سین روڈ کا نام دیا گیا ۔ اس کے علاوہ سوڈان میں ایک سڑک کا نام بھی ان کے نام پر رکھا گیا ہے۔سوکمار سین کا انتقال ۱۳؍ مئی ۱۹۶۳ء کو ۶۵؍ سال کی عمر میں ہوا تھا۔
(وکی پیڈیا اور ہندوستان ٹائمز ڈاٹ کام)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK