Inquilab Logo

تعلیمی انقلاب کی تیسری سالگرہ: اس اخبار کی کامیابی کا سہرا طلبہ کے سر بندھتا ہے

Updated: September 04, 2020, 12:58 PM IST | Mumbai

عزیز طلبہ، خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے تعلیمی انقلاب کو ایسی کامیابی سے نوازا کہ جو آج کے دور میں مثالی ہے۔ یہ وہ دور ہے جس میں ٹیکنالوجی کے غلبہ کی وجہ سے مطالعہ، مطالعہ جیسا نہیں رہ گیا ہے مگر آپ نے اس اخبار کا دامن کچھ اس طرح تھاما کہ اسے اپنی زندگی کا حصہ بنالیا۔ آپ کی یہی وابستگی اس کی مثالی کامیابی کا سبب بنی۔

For Representation Purpose Only. Photo: Inquilab
علامتی تصویر۔ تصویر: انقلاب

تعلیمی انقلاب کی تیسری سالگرہ

عزیز طلبہ، خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے تعلیمی انقلاب کو ایسی کامیابی سے نوازا کہ جو آج کے دور میں مثالی ہے۔ یہ وہ دور ہے جس میں ٹیکنالوجی کے غلبہ کی وجہ سے مطالعہ، مطالعہ جیسا نہیں رہ گیا ہے مگر آپ نے اس اخبار کا دامن کچھ اس طرح تھاما کہ اسے اپنی زندگی کا حصہ بنالیا۔ آپ کی یہی وابستگی اس کی مثالی کامیابی کا سبب بنی۔ ہمیں جب آپ کے ذوق و شوق کے بارے میں معلوم ہوتا ہے، آپ کے خطوط پڑھنے کو ملتے ہیں ، وہاٹس ایپ پر موصول ہونے والے پیغامات کے ذریعہ آپ کے جذبات اور احساسات سے واقف ہونے کا موقع ملتا ہے تو بے پناہ خوشی ہوتی ہے اور محسوس ہوتا ہے کہ ادارہ انقلاب نے طلبہ کی ذہنی نشوونما اور شخصیت سازی کے جس مقصد کو سامنے رکھ کر تعلیمی انقلاب جاری کیا تھا، وہ مقصد پورا ہورہا ہے۔ اس کی گواہی آپ کے اساتذہ بھی دیتے ہیں ۔ کئی طلبہ نے لکھا اور بار بار لکھا کہ وہ پڑھائی لکھائی پر تو بھرپور توجہ دیتے تھے مگر مطالعہ کی عادت نہیں تھی اُن میں ۔ تعلیمی انقلاب نے اُنہیں مطالعہ کا عادی بنادیا۔ اب وہ ہر ہفتے تعلیمی انقلاب کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں ۔
 موجودہ دور میں جب کورونا کی وباء کی وجہ سے لاک ڈاؤن جاری ہے، اسکولیں بند ہیں اور طلبہ کے معمولات تبدیل ہوکر رہ گئے ہیں ، ہمارا تجربہ اور مشاہدہ ہے کہ طلبہ کو تعلیمی انقلاب کا پہلے سے زیادہ انتظار رہتا ہے۔ وہ جمعہ کو صبح سات بجے سے اخبار کی پی ڈی ایف کاپی بھیجنے کی درخواست کرنے لگتے ہیں ۔ اس سے اُن کے ذوق و شوق کا اظہار ہوتا ہے۔ 
 آج تیسری سالگرہ کے اس خصوصی شمارہ میں آپ دیکھیں گے کہ اس کے صفحات اور مشمولات عام شماروں سے مختلف ہیں ۔ اس میں ہم نے آپ کے لئے کیا کیا شامل کیا ہے وہ آپ صفحہ ٔ اول پر پڑھ چکے ہیں ۔ نہ پڑھا ہو تو اب پڑھ لیجئے تاکہ آپ کو معلوم ہو کہ اس شمارہ کو کس طرح سجایا سنوارا گیا ہے۔ جن شخصیات کے بارے میں آپ آئندہ صفحات میں پڑھیں گے اُن کے علاوہ بھی بہت سی شخصیات ہیں جنہیں شامل کیا جاسکتا تھا مگر تیسری سالگرہ کی مناسبت سے ’’تین تین‘‘ ہی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ 
 ہمیں یہ بتاتے ہوئے بھی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ان تین برسوں میں کئی اسکولوں کے طلبہ تعلیمی ملاقات کیلئے دفتر انقلاب آئے۔ پچھلے سال جب دوسری سالگرہ منائی جارہی تھی تب دن بھر جاری رہنے والا ایک کوئز کامپٹیشن منعقد کیا گیا تھا جس میں سارے سوالات تعلیمی انقلاب میں شائع ہونے والی تحریروں سے ماخوذ تھے۔ ممکن تھا کہ ایسا ہی کوئی پروگرام آج تیسری سالگرہ پر بھی منعقد کیا جاتا مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوسکا۔ 
 اس صفحے پر آپ جو تصویریں دیکھ رہے ہیں وہ تعلیمی انقلاب کے اجراء، کوئز کامپٹیشن، دفتر انقلاب میں مشہور کرکیٹر ارمان جعفر کی آمد اور تعلیمی ملاقات سے متعلق ہیں ۔ آج کے شمارہ کیلئے جن طلبہ نے مختصر مضامین، ڈرائنگ اور نظمیں لکھ کر بھیجی ہیں وہ قابل مبارکباد ہیں ۔ بہت سی تحریریں شامل نہیں کی جاسکی ہیں جو آئندہ ہفتے شائع ہوں گی۔ حقیقت یہ ہے کہ تعلیمی انقلاب کی کامیابی کا سہرا آپ کے سر بندھتا ہے۔ آپ نے اس ادنیٰ کاوش کو تاریخی بنادیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK