• Thu, 13 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مرکزی حکومت نے جاری کئے ہیں یہ چھ اے آئی کورسیز، بالکل فری

Updated: November 10, 2025, 4:30 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

اگر آپ اپنے پسندیدہ مضمون کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعہ سیکھنا چاہتے ہیں تو یہ کورسیز بہترین آغاز ثابت ہونگے، یہی وقت ہے کہ اسمارٹ فون کو تفریح کے بجائے مستقبل کی تعمیر کا آلہ بنایا جائے۔ اے آئی کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ کئی برسوں تک ٹیکنالوجی کی دنیا پر اس کی حکومت ہوگی لہٰذا وقت کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اس کی معلومات حاصل کرنا اور اس کے کورسیز کرنا دانشمندی ہوگی۔

Don`t just become an AI user, but think about building a career in it. Photo: INN
صرف اے آئی استعمال کرنے والے نہ بنیں بلکہ اس میں کریئر بنانے کے بارے میں سوچیں۔تصویر: آئی این این

دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، اور اس تبدیلی کا مرکز بن گئی ہے مصنوعی ذہانت یعنی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (Artificial Intelligence)۔ 
آج ہر میدان، چاہے وہ تعلیم ہو یا طب، تجارت ہو یا کھیل، اے آئی کی طاقت سے نئی شکل اختیار کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے ماہرین اور ادارے نوجوانوں کو اس نئی ٹیکنالوجی سے جوڑنے پر زور دے رہے ہیں۔ ہندوستانی طلبہ اس دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائیں اس لئے آئی آئی ٹی ایم پراورتک ٹیکنالوجیز فاؤنڈیشن اور سوایم پلس نے ۶؍ دلچسپ اور مفید اے آئی کورسیز مفت پیش کئے ہیں جو نہ صرف طلبہ بلکہ پروفیشنلز کیلئے بھی کارآمد ہیں۔ یہ تمام کورسیز آن لائن دستیاب ہیں یعنی آپ گھر پر، اپنی سہولت کے وقت پر، ان جدید علوم کو سیکھ سکتے ہیں۔ یہ کورسیز نہ صرف ڈیٹا سائنس، مشین لرننگ اور پائیتھون پروگرامنگ جیسی بنیادی تکنیک سے متعارف کرواتے ہیں بلکہ مختلف شعبوں میں اے آئی کے عملی استعمال پر بھی روشنی ڈالتے ہیں۔ ان میں سے بعض کورسیز کے اختتام پر طلبہ کو سرٹیفکیٹ بھی دیا جائیگا جو ان کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ پروفائل کو مضبوط بنائے گا۔
AI/ML using Python
ٹیکنالوجی اور ڈیٹا یا پروگرامنگ کے شوقین طلبہ کیلئے یہ کورس زبردست شروعات ہے۔ یہ کورس آپ کو مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے بنیادی اصولوں سے متعارف کرواتا ہے۔ اس میں آپ Python جیسی مشہور پروگرامنگ لینگوئج سیکھیں گے جو آج دنیا کی سب سے طاقتور سائنسی زبان بن چکی ہے۔
اس میں آپ کیا سیکھیں گے؟
کورس کے دوران آپ کو سکھایا جائے گا کہ کس طرح ڈیٹا کو جمع کیا جاتا ہے، اس کی صفائی اور تجزیہ کیا جاتا ہے، اور پھر مشینوں کو وہ ڈیٹا کس طرح سکھایا جاتا ہے تاکہ وہ خود فیصلے لے سکیں۔ اس میں ڈیٹا ویزولائزیشن، لینیئر الجبرا، شماریات اور آپٹیمائزیشن جیسے بنیادی مضامین شامل ہیں۔
اہم نکات: (۱) پائیتھون اور اسپائیڈر کے بنیادی ٹولز کی سمجھ (۲) نم پے، پانڈاز اور انفیرینشیل اسٹیٹسٹکس کی عملی تربیت (۳) مشین لرننگ اور پریڈیکٹو ماڈلنگ کے عملی تجربات۔
سرٹیفکیٹ: آئی آئی ٹی ایم پرواورتک سوایم پلس 
اہلیت: ہائی اسکول کی ریاضی اور پروگرامنگ کی بنیادی باتوں کا علم رکھنے والے طلبہ
Cricket Analytics with AI
اگر کرکٹ آپ کا جنون ہے تو یہ کورس آپ کیلئے کسی خواب سے کم نہیں۔ یہ پروگرام سکھاتا ہے کہ کس طرح ڈیٹا سائنس اور اے آئی نے کرکٹ کی دنیا کو بدل دیا ہے۔اب ہر شاٹ، ہر بال، اور ہر اوور کا تجزیہ کمپیوٹر بھی کرتے ہیں! اس کورس کے بعد آپ کرکٹ کو سمجھنے والے ماہر تجزیہ کار بن سکتے ہیں۔
اس میں آپ کیا سیکھیں گے؟
اس کورس میں آپ سیکھیں گے کہ میچ کے اعداد و شمار (ڈیٹا) کو کیسے جمع کیا جائے، صاف کیا جائے، اور اس کی بنیاد پر پرفارمنس تجزیہ کیسے تیار کیا جائے۔ آپ جانیں گے کہ بی اے ایس آر اے انڈیکس، اسٹرائیک ریٹ اور ٹیم اسٹریٹجی جیسے عناصر کو اے آئی سے کیسے بہتر بناتے ہیں۔ 
اہم نکات: (۱) پائیتھون کے ذریعے کرکٹ ڈیٹا پر کام (۲) ٹیبل یو میں ویژول گراف بنانا (۳) امیج اور ویڈیو اینالیٹکس پر ڈیمو (۴) انٹرنیٹ آف تھنگز کے ذریعے کھیلوں کی جدید نگرانی۔
سرٹیفکیٹ: آئی آئی ٹی ایم پرواورتک سوایم پلس 
اہلیت: ہائی اسکول کی ریاضی اور پروگرامنگ کی بنیادی باتوں کا علم رکھنے والے طلبہ
AI in Physics 
فزکس ہمیشہ ہی سے دلچسپ رہا ہے اور اب اے آئی نے اسے مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ یہ کورس طلبہ کو سکھاتا ہے کہ مشین لرننگ اور نیورل نیٹ ورکس کو فزکس کے مسائل حل کرنے میں کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ فزکس کے طالب علم ہیں تو یہ کورس آپ کو جدید ریسرچ کی پہلی سیڑھی پرپہنچا سکتا ہے۔
اس میں آپ کیا سیکھیں گے؟
آپ جانیں گے کہ کس طرح اے آئی موشن، اسپیڈ، روشنی، بجلی، آواز، اور ایٹمی سائنس جیسے موضوعات میں نئی تحقیق کے دروازے کھول رہا ہے۔یہ پروگرام عملی سرگرمیوں اور حقیقی ڈیٹا پر مبنی مثالوں سے پڑ ہے جہاں اے آئی کو آسان طریقے سے سمجھایا گیا ہے۔ 
اہم نکات:(۱) اے آئی کے ذریعے رفتار، توانائی، اور ماحولیاتی مسائل کا تجزیہ (۲) ہوم انرجی آپٹیمائزینش، نوائز پولیوشن اور ڈرون اینالیٹکس (۳) فزکس میں اے آئی کے سائنسی اطلاقات
سرٹیفکیٹ: آئی آئی ٹی ایم پرواورتک سوایم پلس 
اہلیت: گریجویشن (سال اول) کے طلبہ اس کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں
AI in Chemistry
کیمیاء اور مصنوعی ذہانت کا ملاپ ایک نیا اور دلچسپ میدان ہے۔ یہ کورس کیمسٹری کے طلبہ کو صرف فارمولا نہیں بلکہ ڈجیٹل دور کا لیبارٹری ذہن دیتا ہے۔ یہ کورس طلبہ کو سکھاتا ہے کہ اے آئی کیسے مالیکیولز، ری ایکشنز، اور دواؤں کے ڈیزائن میں مدد کرتا ہے۔ اے آئی اس شعبے میں کافی ایڈوانس ہوگیا ہے۔
اس میں آپ کیا سیکھیں گے؟
یہاں آپ پائیتھون کے ذریعے کیمیکل ڈیٹا کو سمجھیں گے۔ سپر وائزڈ لرننگ اور ڈیپ لرننگ ماڈلز کے ذریعے مالیکیولر پراپرٹیز کی پیشگوئی کریں گے، اور سیکھیں گے کہ کس طرح اے آئی نئے میٹریلز اور دوائیں دریافت کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
اہم نکات: (۱) ریٹرو سنتھیسس اور ری ایکشن پریڈکشن (۲) ڈرگ ڈیزائن اور مٹیریلس ڈسکوری (۳) ایتھیکل اے آئی اِن کیمسٹری۔
سرٹیفکیٹ: آئی آئی ٹی ایم پرواورتک سوایم پلس 
اہلیت: گریجویشن (سال اول) کے طلبہ اس کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں
AI in Accounting 
یہ کورس کامرس، فنانس، یا مینجمنٹ کے طلبہ کیلئے ہے۔ یہ بتاتا ہے کہ کس طرح اے آئی اب اکاؤنٹنگ اور بزنس رپورٹنگ کو خودکار بنا رہی ہے۔اب اکاؤنٹنگ صرف نمبروں تک محدود نہیں بلکہ ڈجیٹل ذہانت کا کھیل بن چکی ہے۔ اس لئے وقت رہتے اسے سیکھ لینا ہی اصل دانشمندی ہوگی۔
اس میں آپ کیا سیکھیں گے؟
اس پروگرام میں آپ پائیتھون کی مدد سے فنانشل ڈیٹا پروسیسنگ، بجٹنگ، ٹیکس کیلکولیشن اور کاروباری تجزیہ جیسے موضوعات پر مہارت حاصل کریں گے۔ اے آئی سسٹمز کی بدولت اب بڑی کمپنیوں میں انسانی غلطیوں میں کمی اور فیصلوں میں درستگی آئی ہے ، اور یہی آپ سیکھیں گے۔
اہم نکات: (۱) اے آئی کے ذریعے اکاؤنٹنگ اصولوں کی خودکار جانچ (۲) ڈیٹا اینالسس اور رپورٹس کی تیاری (۳) • ریئل ٹائم بزنس مانیٹرنگ کے جدید طریقے۔
سرٹیفکیٹ: آئی آئی ٹی ایم پرواورتک سوایم پلس 
اہلیت: گریجویشن (سال اول) کے طلبہ اس کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں
AI for Educators
یہ کورس خاص طور پر ان پروفیشنلز کیلئے تیار کیا گیا ہے جو کلاس رومز کو جدید بنانا چاہتے ہیں۔ یہ پروگرام بتاتا ہے کہ کس طرح اے آئی تدریس، اسسمنٹ، اور اسٹوڈنٹ انگیجمنٹ کے انداز بدل رہا ہے۔ اسے تعلیم کے مستقبل کا وژن قرار دیا جارہا ہے جہاں درس و تدریس کے طریقے بدل جائیں گے۔ 
اس میں آپ کیا سیکھیں گے؟
کورس کے دوران آپ سیکھیں گے کہ کس طرح Generative AI Tools (جیسے چیٹ جی پی وغیرہ) کو استعمال کرتے ہوئے کانسپٹ تیار کئے جائیں۔ کس طرح کھیل کھیل میں اور کہانیاں سنانے کے انداز میں سیکھنے اور سکھانے کے عمل کو دلچسپ بنایا جائے۔ 
اہم نکات: (۱) اسسمنٹ اور اسباق کی پلاننگ کے اے آئی طریقے (۲) اے آر، وی آر، کینوا اور اینی میشن ٹولز کے ذریعے تعلیمی مواد کی تیاری (۳) اے آئی سے تعلیم کے نئے ماڈلز۔
سرٹیفکیٹ: آئی آئی ٹی ایم پرواورتک سوایم پلس 
اہلیت: گریجویشن (سال اول) کے طلبہ اس کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK