Inquilab Logo

امریکی حکومت اور انتظامیہ کو ’’انکل سیم‘‘ کہتے ہیں ، کیوں ؟

Updated: October 09, 2020, 7:21 PM IST | Mumbai

امریکی حکومت اور انتظامیہ کو عام طور پر ’’انکل سیم‘‘ یا ’’چچا سام‘‘ کہا جاتا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ اسے ’’انکل سیم‘‘ کیوں کہتے ہیں؟

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

امریکی حکومت اور انتظامیہ کو عام طور پر ’’انکل سیم‘‘ یا ’’چچا سام‘‘ کہا جاتا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ اسے ’’انکل سیم‘‘ کیوں کہتے ہیں ؟ اس کی دلچسپ وجہ ہے۔ ۱۸۱۲ء میں برطانیہ کے ساتھ امریکہ کی آخری جنگ کے زمانے میں دریائے ہڈسن کے کنارے ٹرائے کے مقام پر البرٹ اینڈرسن نامی ایک ٹھیکے دار کو امریکی فوج کیلئے گوشت اور مختلف اشیاء کی فراہمی کا کام سونپا گیا تھا۔امریکی حکومت کی جانب سے اس کام کی نگرانی کا فریضہ ایبنزر ولسن انجام دیتا تھا جبکہ البرٹ اینڈرسن کی جانب سے ان اشیاء کو اس کا چچا سیموئیل ولسن فراہم کیا کرتا تھا جسے اس کے کارکن عام طور پر ’’انکل سیم‘‘ کہا کرتے تھے۔ وہ اپنے کارکنوں میں خاصا مقبول بھی تھا۔

 جب ایبنزر ولسن اور سیموئل ولسن کام مکمل کرلیتے تھے تو ان پر ’’ای اے یو ایس‘‘ کی مہر لگا دیتے تھے۔ جس کا مطلب ہوتا تھا ’’البرٹ اینڈرسن یونائیٹڈ اسٹیٹس۔‘‘اس مہر کا مقصد یہ ہوتا تھا کہ اب یہ اشیاء امریکی حکومت کی ملکیت ہو چکی ہیں ۔ ایک دن ایک کارکن نے مذاق میں کہا کہ ’’یو ایس‘‘ سے مراد دراصل ’’انکل سیم‘‘ ہے۔ اس طرح مذاق میں لوگ ’’یو ایس‘‘ کا فل فارم ’’انکل سیم‘‘ بتانے لگے۔ انکل سیم کی اصطلاح جلد ہی پوری فوج میں مشہور ہوگئی۔ اس اصطلاح کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ اسی زمانے میں ایک مصور نے ’’انکل سیم‘‘ کی فرضی تصویر بھی بنا ڈالی جس میں اسے ڈاڑھی، ہیٹ اور ویسٹ کوٹ پہنے ہوئے دکھایا گیا تھا، اور وہ امریکی پرچم کے لباس اور رنگوں میں تھا۔۷؍ ستمبر ۱۸۱۳ء کو ٹرائے (نیویارک) پوسٹ کے ایک نامہ نگار نے پہلی مرتبہ ’’انکل سیم‘‘ کی اصطلاح امریکہ کی حکومت کیلئے تحریر کی۔ اس کے بعد اس اصطلاح کا مطلب ہی امریکی حکومت ہوگیا اور ہر شخص اسے امریکی انتظامیہ کے مفہوم میں استعمال کرنے لگا۔۱۳؍ مارچ ۱۸۵۲ء کو نیویارک کے اخبار ایسٹرن میں فرینک بیلو کا بنایا ہوا ایک کارٹون شائع ہوا تھا۔۱۸۶۲ء میں ’’انکل سیم‘‘ کی شبیہ پر مشتمل ایک اور کارٹون پنچ میگزین میں شائع ہواتھا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب امریکہ میں خانہ جنگی اپنے عروج پر تھی۔
 امریکہ کیلئے ’’انکل سیم‘‘ کی اصطلاح اور یہ کارٹون بہت جلد مقبول ہو گئے۔ اس تصور کو مزید شہرت ۲۰؍ ویں صدی کے اوائل میں اس وقت ملی جب امریکہ میں پہلی عالمی جنگ کیلئے فوجی بھرتی کا آغاز ہوا تھا۔ اس زمانے میں جیمز منٹگمری کا بنایا ہوا، وہ پوسٹر منظرعام پر آیا جس میں انکل سیم انگلی سے اشارے کر کے امریکی قوم کے نوجوانوں سے کہہ رہا ہے کہ ’’آئی وانٹ یو فار یو ایس آرمی۔‘‘ آج بھی امریکہ میں انتخابات کے دوران ’’انکل سیم‘‘ کی اصطلاح زور وشور سے استعمال کی جاتی ہے۔ 
 دلچسپ بات یہ ہے کہ برطانوی حکومت اور انتظامیہ کیلئے ’’جان بل‘‘ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ’’انکل سیم‘‘ سے پہلے امریکی حکومت اور انتظامیہ کیلئے ’’برادر جوناتھن‘‘ کی اصطلاح استعمال کی جاتی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK