• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یہ ۴؍ خوبیاں بہت اہم ہیں آج کے دَور میں

Updated: November 20, 2026, 4:50 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

امریکہ کی معروف یونیورسٹی ہارورڈ اپنے طلبہ کو ’مسائل کا حل‘ تلاش کرنیوالا بنانے کی ترغیب دیتی ہے، آپ بھی طالب علم ہیں اور بہت کچھ کرسکتے ہیں، جانئے کیسے!

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ذرا سوچئے! اگر آپ کے ذہن میں کوئی ایسا خیال آئے جو لوگوں کی زندگی آسان بنا سکتا ہو، تو کیا آپ اسے حقیقت میں بدلنے کی کوشش کریں گے؟ مثلاً، اسکول میں پانی ضائع ہونے سے روکنے کا کوئی طریقہ، کچرے کو کارآمد چیزوں میں بدلنے کا کوئی نیا آئیڈیا یا ایسا نظام جس سے غریب بچوں کو بہتر تعلیم مل سکے! ایسے خیالات کو صرف خیالات تک محدود رکھنے کے بجائے حقیقت کا روپ دینے کیلئے امریکہ کی مشہور ہارورڈ یونیورسٹی اپنے طلبہ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ یونیورسٹی کے President’s Innovation Challenge کے تحت طلبہ کو ایسے نئے آئیڈیاز پیش کرنے کا موقع دیا جاتا ہے جو حقیقی زندگی کے مسائل حل کرسکیں۔ اس سال اس چیلنج کیلئے ۵؍ لاکھ ڈالر (تقریباً ۴ء۶۹؍ کروڑ روپے) سے زیادہ کی فنڈنگ رکھی گئی ہے۔ منتخب طلبہ کو اپنے آئیڈیاز آگے بڑھانے کیلئےمالی مدد، ماہرین کی رہنمائی اور تربیت بھی ملے گی۔ اس سال اس چیلنج کا موضوع ہے Unprompted (اَن پروپمٹیڈ) ، یعنی کسی کے کہنے یا حکم دینے کا انتظار کئے بغیر خود آگے بڑھنا، کسی مسئلے کو محسوس کرنا اور اسے حل کرنے کی کوشش کرنا۔ یہ مقابلہ ہارورڈ کے ۱۳؍ اسکولوں کے طلبہ کیلئے ہے۔ لیکن اس کا پیغام صرف ہارورڈ تک محدود نہیں۔آپ بھی اپنے آس پاس کے مسائل کو پہچان سکتے ہیں، ان کے حل سوچ سکتے ہیں اور اپنے چھوٹے سے آئیڈیا سے کسی کی زندگی میں بڑا فرق پیدا کرسکتے ہیں!

Revolv

کچرے سے جانوروں کی خوراک اور کھاد!
مسئلہ؟ گھروں اور بازاروں سے نکلنے والا بہت سا نامیاتی کچرا ضائع ہوتا ہے جبکہ کسانوں کو جانوروں کی خوراک اور کھاد مہنگی پڑتی ہے۔
حل؟ اس کچرے کو کارآمد وسائل میں تبدیل کرنے کا راستہ تلاش کیا۔
آپ سوچئے! اسکول کی کینٹین میں بچ جانے والے کھانے کو کس طرح کسی مفید چیز میں تبدیل کیا جاسکتا ہے؟

Colombiando

گاؤں کا اسکول تعلیم کا مرکز بن جائے تو؟ 
مسئلہ؟ دور دراز کے علاقوں اور گاؤں میں اسکول نہیں ہوتے۔ یہاں کے بچوں کو مناسب تعلیمی وسائل اور اساتذہ تک رسائی حاصل نہیں ہوتی ۔
حل؟پہلے سے موجود اسکولوں کو زیادہ مؤثر تعلیمی مراکز بنانے کا تصور پیش کیا۔
آپ سوچئے! آپ اپنے گاؤں یا محلے کے بچوں کو بہتر تعلیم حاصل کرنے میں کس طرح مدد دے سکتے ہیں؟

یہ بھی پڑھئے: اسپیم فولڈر کی آپ بیتی

Winko

اسپتالوں میں آکسیجن اور بجلی کی کمی نہ ہو تو؟
مسئلہ؟ بار بار بجلی جانے اور آکسیجن کی غیر یقینی فراہمی مریضوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔ اس لئے اسپتالوں میں دونوں کی فراہمی یقینی بنانا اہم ہے۔ 
حل؟ اسپتالوں میں بجلی اور آکسیجن کی مسلسل فراہمی کیلئے بہتر بنیادی ڈھانچہ ۔
آپ سوچئے! کیا آپ اپنے علاقے کے اسپتالوں کی کوئی مشکل آسان کرنے کا طریقہ سوچ سکتے ہیں؟

ExploreYou

کریئر چننے سے پہلے آزمانے کا موقع 
مسئلہ؟ بہت سے طلبہ کو یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ڈاکٹر، صحافی، پائلٹ یا انجینئر کا روزمرہ کام حقیقت میں کیسا ہوتا ہے۔ اس منصوبے میں ’’ٹیسٹ ‘‘ کرسکتے ہیں۔ 
حل؟ ایسا نظام جس میں طلبہ مختلف پیشوں کا ورچوئل تجربہ حاصل کرسکیں۔
آپ سوچئے! اگر آپ ڈاکٹریا پائلٹ بننے سے پہلے ایک دن اس پیشے کے عملی کاموں کا تجربہ کرسکیں تو کیسا رہے گا؟

دیکھا آپ نے!
کسی نے کچرے میں کارآمد چیز دیکھی، کسی نے گاؤں کے اسکول کو بہتر بنانے کا راستہ سوچا، تو کسی نے اسپتالوں کی ضرورت کو اپنا مقصد بنایا۔ اِن طلبہ کے پاس بھی ابتدا میں صرف ایک خیال تھا۔ انہوں نے اپنے آس پاس موجود مسائل کو دیکھا اور سوچا کہ انہیں بہتر کیسے بنایا جاسکتا ہے۔ بڑے آئیڈیاز ہمیشہ بڑی لیبارٹریوں میں پیدا نہیں ہوتے۔ آپ اپنے گھر میں بیٹھے مسئلہ پر غور کرسکتے ہیں اور اس کا حل نکال سکتے ہیں۔
اب ذرا اپنے اردگرد نظر دوڑائیے۔ آپ کے گھر، اسکول، محلے یا شہر میں بھی ایسے کتنے ہی مسائل ہوں گے، جن کا حل آپ سوچ سکتے ہیں!تو کیوں نہ کوشش کریں؟ 

اپنے اردگرد نظر دوڑائیے!

(۱) اسکول میں اتنا پانی کیوں ضائع ہوتا ہے؟

l کیا ایسا نظام بنایا جاسکتا ہے جو پانی ضائع ہونے سے پہلے خبردار کردے؟ بارش کا پانی اسکول میں استعمال کیا جاسکتا ہے؟

(۲) بچا ہوا کھانا کہاں جاتا ہے؟

lکیا بچا ہوا صاف اور قابلِ استعمال کھانا ضرورتمندوں تک پہنچایا جاسکتا ہے؟ کھانے کا ضیاع کم کرنے کا کوئی طریقہ؟ 

(۳) پڑھائی سب کیلئے آسان کیسے بنائی جائے؟

l کیا مشکل مضامین کو کھیل کے ذریعے سمجھایا جاسکتا ہے؟

(۴) بزرگوں کیلئے ٹیکنالوجی آسان کیسے ہو؟

کیا اسمارٹ فون کو بزرگوں کیلئے آسان بنایا جاسکتا ہے؟

 کیا کوئی ایسا طریقہ ہوسکتا ہے جس سے وہ خود ڈجیٹل ادائیگی اور ضروری کام کرسکیں؟

ایک چھوٹا سا سوال!

آپ کے گھر، اسکول یا محلے میں کون سی ایسی چیز ہے جسے بہتر بنایا جاسکتا ہے؟ہوسکتا ہے آپ روزانہ اس مسئلے کو دیکھتے ہوں، لیکن کبھی اس کا حل سوچنے کی کوشش نہ کی ہو۔ آج سے اسے ایک نئے زاویے سے دیکھئے۔ ہوسکتا ہے یہی آپ کے پہلے بڑے آئیڈیا کی شروعات ہو!

آپ کے پاس ایک آئیڈیا ہے، اب آگے کیا؟

مثال: اسکول میں پانی ضائع ہورہا ہے!

آپ نے دیکھا کہ اسکول کے واش روم میں نل کھلا رہ جاتا ہے اور پانی مسلسل ضائع ہوتا رہتا ہے۔ آپ سوچتے ہیں کہ ایسا کوئی طریقہ ہونا چاہئے جس سے پانی ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔ اب آگے کیا کریں؟

(۱) مسئلہ پہچانیں: معلوم کریں کہ پانی کیوں ضائع ہورہا ہے۔

(۲) سوال کریں: کیا نل خراب ہے؟ یا لوگ اسے بند کرنا بھول جاتے ہیں؟ کیا کوئی خودکار طریقہ مدد کرسکتا ہے؟

(۳) حل سوچیں: ایک ایسا سادہ نظام بنانے کا خیال پیش کریں جو نل کھلا رہنے پر لوگوں کو خبردار کرے۔

(۴) آئیڈیا کاغذ پر: کاغذ پر اس کا نقشہ بنائیں یا دستیاب چیزوں سے ایک چھوٹا نمونہ تیار کریں۔

(۵) آزما کر دیکھیں: استاد کی مدد لیں اور دیکھیں کہ آپ کا طریقہ واقعی کام کرتا ہے یا نہیں۔

(۶) غلطیوں سے سیکھ کر بہتر بنائیں: اگر پہلی کوشش کامیاب نہ ہو تو مایوس نہ ہوں۔ وجہ معلوم کریں، تبدیلی لائیں اور دوبارہ کوشش کریں۔ یاد رکھیں۔ کئی بار ایک چھوٹی سی شروعات ہی آگے چل کر ایک بڑے کام کی بنیاد بن جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:عالمی کہانیوں کا اردو ترجمہ: گڑیوں کا گھر

نہ بڑی رقم چاہئے، نہ بڑی لیبارٹری!

ایک اچھے آئیڈیا کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے ہمیشہ مہنگے آلات اور جدید سہولتوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ کئی بار گھر یا اسکول میں موجود عام چیزیں بھی پہلے تجربے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ دیکھیں کہ آپ کے پاس پہلے سے کیا کچھ موجود ہے!

(۱) گھر میں موجود چیزیں: پرانے ڈبے، گتے، بوتلیں، کاغذ اور دیگر قابلِ استعمال اشیا سے اپنے آئیڈیا کا ابتدائی نمونہ بنائیے۔

(۲) ایک کاپی اور پنسل: مشین بنانے سے پہلے اس کا خاکہ بنائیں۔ سوچیں کہ یہ کیسے کام کرے گا۔

(۳) مفت ڈجیٹل ٹولز: انٹرنیٹ پر دستیاب مفت ٹولز کی مدد سے ڈیزائن بنائیں اور اپنے آئیڈیا کو بہتر بنائیے۔

(۴) اساتذہ اور دوستوں سے مدد: اپنے آئیڈیا پر استاد سے مشورہ لیں اور دوستوں کے ساتھ مل کر تجربہ کریں۔

یاد رکھیں کہ آپ کا پہلا نمونہ خوبصورت ہونا ضروری نہیں، بس آپ کے آئیڈیا کو سمجھانے کے قابل ہونا چاہئے۔ 

فرض کریں کہ آپ پانی صاف کرنے کا کوئی نیا طریقہ سوچتے ہیں۔ ضروری نہیں کہ فوراً مہنگی مشین خریدیں۔ پہلے اپنے خیال کا ایک محفوظ، چھوٹا اور سادہ نمونہ تیار کرکے سمجھنے کی کوشش کرسکتے ہیں کہ آپ کا تصور کیسے کام کرے گا۔

آئیڈیا کا مطلب صرف روبوٹ یا مشین بنانا نہیں!

جب کسی نئی ایجاد یا انوویشن (Innovation) کی بات کی جاتی ہے تو ذہن میں روبوٹ، کمپیوٹر، مشینیں اور جدید ٹیکنالوجی آنے لگتی ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ کسی مسئلے کو حل کرنے کا نیا اور بہتر طریقہ بھی ایک انوویشن ہوسکتا ہے۔ مثال کے طور پر: 

ایک چھوٹی سی لائبریری بنائیے

مسئلہ: بعض طلبہ کے پاس کتابیں نہیں ہوتیں۔

آئیڈیا: اسکول میں کتابوں کے تبادلے کا ایک گوشہ بنائیں جہاں طلبہ اپنی پڑھی ہوئی کتابیں رکھیں اور دوسری کتابیں لے جائیں۔

کچراجمع کرنے کا طریقہ 

مسئلہ: کاغذ، پلاسٹک اور کھانا، اکثر ایک ہی جگہ پھینکے جاتے ہیں۔ 

آئیڈیا: اسکول میں مختلف قسم کے کچرے کیلئے الگ ڈبے رکھیں اور طلبہ کو ان کا درست استعمال کرنے کی ترغیب دیں۔

پڑھائی میں ایک دوسرے کی مدد 

مسئلہ: کچھ طلبہ کو ریاضی یا انگریزی سمجھنے میں دشواری ہوتی ہے۔

آئیڈیا: ایسے طلبہ کا ایک گروپ بنائیں جو مشکل مضامین میں اپنے ساتھیوں کی مدد کرے۔ اس میں اعادہ بھی آسانی سے ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے:گوگل میپس کی آپ بیتی

خاص طلبہ کیلئے آسانیاں 

مسئلہ: عوامی مقامات پر خاص توجہ والے طلبہ کو مشکلات ہوتی ہیں۔

آئیڈیا: ایسی جگہوں کی نشاندہی کریں جہاں خاص توجہ والے طلبہ کیلئے ریمپ، واضح نشانات یا دوسری سہولتوں کی ضرورت ہے۔

اب آپ کی باری ہے

آپ کے ذہن میں بھی کوئی ایسا آئیڈیا ہے جو کسی کی زندگی آسان بنا سکتا ہے؟

ضروری نہیں کہ آپ کا آئیڈیا بہت بڑا ہو یا آپ کوئی نئی مشین بنائیں۔ بس اپنے گھر، اسکول یا محلے کے کسی ایک مسئلے کو پہچانیں اور سوچیں کہ اسے کیسے بہتر بنایا جاسکتا ہے۔آپ کو کیا کرنا ہے؟

اپنے آس پاس کا کوئی ایک مسئلہ منتخب کریں۔ سوچیں کہ اس کا حل کیا ہوسکتا ہے۔ بتائیں کہ آپ کا آئیڈیا لوگوں کی کس طرح مدد کرے گا۔ دنیا کو بدلنے کیلئے ہارورڈ میں پڑھنا ضروری نہیں۔ اپنے آس پاس کی دنیا کو بہتر بنانے کا جذبہ ہونا ضروری ہے!

 What if ... (ذرا تصور کریں، اگر ایسا ہوجائے تو؟)

کیا ہو اگر اسکولوں میں ایک بھی کاغذ ضائع نہ ہو؟ کیا آپ ایسا طریقہ سوچ سکتے ہیں جس سے پرانی کاپیاں، استعمال شدہ کاغذ اور کتابیں دوبارہ کام آسکیں؟

l کیا ہو اگر ہر طالب علم اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرسکے؟کیا کوئی ایسا طریقہ ہوسکتا ہے جس سے بچے اپنی زبان میں مشکل سے مشکل مضمون بھی آسانی سے سمجھ سکیں؟

lکیا ہو اگر شادیوں اور دعوتوں میں کھانا بالکل ضائع نہ ہو؟کیا آپ ایسا نظام بنا سکتے ہیں جس سے اضافی کھانا ضرورت مندوں تک پہنچ سکے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK