Inquilab Logo

یہ۵؍ طریقے پڑھائی میں معاون ثابت ہوسکتےہیں

Updated: January 17, 2020, 2:47 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

امتحان کے وقت بیشتر طلبہ پریشان ہوجاتے ہیں، جو طلبہ پورا سال پڑھائی کرتے ہیں وہ بھی کسی حد تک نروس ہوتے ہیں لیکن اگر پڑھائی صحیح طریقے سے کی گئی ہو تو طلبہ پُراعتماد انداز میں امتحان دے سکتے ہیں اور نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔اگر آپ اِن ۵؍ طریقوں میں سے کسی ایک یا تمام پر عمل کریں تو یقیناً آپ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں گے۔

علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

جب آپ پڑھائی (اسٹڈی) کے مقصد سے کتابیں اور بیاضیں اپنے سامنے لے کر بیٹھتے ہیں تو اتنی ساری معلومات کو اپنے دماغ کے ایک ایسے حصے میں جہاں وہ کم سے کم امتحان تک محفوظ رہیں، کیسے منتقل کرتے ہیں؟ ایک تحقیق کے مطابق انسانی دماغ میں ۲ء۵؍ ملین گیگا بائٹس معلومات کا ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔ اس لئے ایک انسان اگر پوری زندگی بھی معلومات حاصل کرتا رہے اور اسے اپنے ذہن میں محفوظ کرتا رہے تو بھی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم نہیں ہوگی۔ 
 پڑھائی کرنے کے چند طریقے ہیں جن پر عمل کر کے ہر طالب علم پڑھی جانے والی ہر چیز کو آسانی سے یاد رکھ سکتا ہے۔ طلبہ مختلف انداز میں پڑھائی کرتے اور سبق یاد کرتے ہیں۔ کوئی خاموشی سے بیٹھ کر سبق یاد کرنا پسند کرتا ہے تو کسی کو تیز آواز میں سبق اچھی طرح یاد ہوتا ہے۔ تاہم، آج ہم آپ کو ایسے ۵؍ طریقے بتارہے ہیں جن میں کسی ایک یا تمام پر عمل کرکے آپ بہتر انداز سے پڑھائی کرسکتے ہیں۔
سیلف نوٹس بنائیں
 سیلف نوٹس کی اہمیت سے کوئی بھی ماہر تعلیم انکار نہیں کرتا۔ کلاس میں جب سبق پڑھایا جارہا ہو، تو طالب علم کو چاہئے کہ وہ اہم نکات اپنی بیاض میں نوٹ کرتا جائے۔ گھر آکر یا فری پیریڈ میں وہ ان نکات کو اپنے الفاظ میں لکھ لے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے لفظوں میں لکھی ہوئی چیزیں آسانی سے یاد رہتی ہیں۔ اسی طرح طلبہ پڑھائی کرتے وقت بھی سیلف نوٹس یا اہم نکات نوٹ کرسکتے ہیں۔ جیسے کوئی جواب پڑھتے وقت اس کے اہم نکات صفحے کے ایک جانب لکھ لے۔ یہ نکات انہیں امتحان کے وقت کام آئیں گے۔ آخری وقت میں جب اعادہ کرنا ہوگا اور وقت نہیں ہوگا تو طلبہ فوری طور پر اپنی بیاض سے وہ نکات دیکھ لیں گے اور اچھی طرح پرچہ لکھ سکیں گے۔ 
گروپ اسٹڈی
 پڑھائی کرنے کا یہ ایک اچھا طریقہ ہے۔ چند طلبہ مل کر ایک گروپ بنالیں اورپھر پڑھائی کریں۔ تمام طلبہ ایک ہی مضمون کے مختلف سبق یاد کرلیں، اس کے بعد اپنا اپنا سبق گروپ کے باقی ممبر کو سنائیں۔اگر کسی کو کوئی کانسپٹ سمجھنے میں دشواری پیش آرہی ہے تو، اسے دیگر طلبہ آسانی سے مل کر سمجھا سکتے ہیں۔ اسی طرح طلبہ تمام مضامین کو آسانی سے یاد کرسکتے ہیں۔ پرچہ لکھتے وقت، سوال دیکھنے پر آپ کو یاد آئے گا کہ میری فلاں سہیلی یا دوست نے مجھے اس کا جواب بتایا تھا۔ گروپ اسٹڈی کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ جب ایک طالب علم دیگر طلبہ کو ایک سوال سمجھاتا ہے تو اسے وہ سوال اچھی طرح یاد ہوجاتا ہے، جو اسے طویل عرصہ تک نہیں بھولتا۔ 
اپنی ریکارڈنگ سنیں
 باتیں یاد رکھنے کا یہ بھی ایک اچھا طریقہ ہے۔ جب آپ تیز آواز میں سبق یاد کریں توٹیپ ریکارڈر یا موبائل فون کا ریکارڈر آن رکھیں ۔ آپ کا سبق ، آپ کی آواز میں ریکارڈ ہوجائے گا۔ اس کے بعد وقتاً فوقتاً یا خالی اوقات میں اس ریکارڈنگ کو سنیں۔ ساتھ ساتھ دہراتے بھی جائیں۔ آپ سفر کے دوران بھی اس ریکارڈنگ کو سن سکتے ہیں۔ سائنسداں کہتے ہیں کہ جب کوئی چیز سنی جاتی ہے تو وہ زیادہ آسانی سے یاد ہوتی ہے کیونکہ اس وقت ہماری پوری توجہ اس آواز اور لفظوں پر مرکوز ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب ہم ہیڈ فون یا ایئر فون لگا کر کوئی گانا سنتے ہیں تو وہ ہمیں جلدی یاد ہوجاتا ہے۔
گزشتہ برسوں کے پرچے حل کریں
 اکثر طلبہ کشمکش میں مبتلا ہوتے ہیں کہ وہ کون سا سوال یاد کریں اور کون سا نہیں۔ کبھی انہیں اہم چیزیں غیر اہم لگتی ہیں تو کبھی غیر اہم کافی اہم معلوم ہوتی ہیں۔ وہ اپنے طور پر فیصلہ نہیں کرپاتے کہ کیا زیادہ اہم ہے اور انہیں کیا یاد کرنا چاہئے۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہےکہ طلبہ گزشتہ سال کے پرچے حل کریں۔ بڑی جماعتوں کے طلبہ گزشتہ ۳؍ سے ۴؍ سال کے پرچے حل کریں۔ ان پرچوں کو حل کرتے وقت انہیں احساس ہوگا کہ کون سے سوالات زیادہ اہم ہیں اور کون سے کم۔ اس طرح وہ بہتر طریقے سے پڑھائی کرسکیں گے۔ 
چارٹس اور خاکہ بنائیں
 پڑھائی کرتے وقت پر کشش خاکوں کے ذریعے بھی بہت سی چیزوں کو یاد رکھا جاسکتا ہے۔ مثال کے طور پر آپ کوعمل تنفس یاد کرنا ہے۔ ایک چارٹ پر عمل تنفس کی ڈرائنگ بنایئے۔ اسے اپنے کمرے کی کسی دیوار پر چسپاں کردیجئے۔ وقتاً فوقتاً اس پر نگاہ ڈالتے رہئے اور اسے سمجھنے کی کوشش کرتے رہئے۔ اسی طرح چھوٹی جماعتوں کے طلبہ چارٹ پر پہاڑے وغیرہ لکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK