Inquilab Logo

آئی اے ایس تک میں پوچھے جانے والے ذہنی ورزش کے سوال

Updated: January 08, 2021, 4:00 AM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

ضروری نہیں ہے کہ جو طلبہ یو پی ایس سی یا ایم پی ایس سی کے امتحانات میں شرکت کرنا چاہتے ہیں وہی ذہنی ورزش کے سوالات کا مطالعہ کریں بلکہ ہر فیکلٹی کے طلبہ کو ایسے سوال اور ان کا حل تلاش کرتے رہنا چاہئے ۔ اس سے نہ صرف ان کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ وہ حاضر دماغ بھی ہوں گے نیز کسی بھی قسم کے مسئلے کو آسانی سے حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ آئی اے ایس کے امتحان اور انٹرویو میں پوچھے جانے والے سوالات مشکل نہیں ہوتے، غور و خوض کے بعد امیدواران کے جوابات آسانی سے دے سکتا ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ہمارے ملک میں انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس (آئی اے ایس )آفیسر تین طریقے سے بنا جاسکتا ہے: یو پی ایس سی (یونین پبلک سروس کمیشن) کا امتحان دینے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد، ریاستی سطح پر بہتر شہری خدمات فراہم کرکے پروموشن کے ذریعے، اور غیر ریاستی سول سروس افسران کے انتخاب کے ذریعے۔ لہٰذا آئی اے ایس آفیسر بننے کا سب سے آسان طریقہ یوپی ایس سی کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔ کم عمر میں آئی اے ایس آفیسر بننے کا اہم فائدہ یہ ہے کہ اسے متعدد پروموشن دیئے جاتے ہیں ، اور وہ حکومت ہند میں کابینہ کا سیکریٹری کے عہدے تک پہنچ سکتا ہے۔ 
  آئی اے ایس آفیسرز کا تقرر صدر جمہوریہ کرتا ہے۔ ہر سال لاکھوں امیدوار یو پی ایس سی امتحان میں شرکت کرتے ہیں لیکن کم ہی آئی اے ایس آفیسر بن پاتے ہیں ۔ یہ امتحان مشکل ضرور ہے لیکن اس میں کامیابی حاصل کرنا ناممکن نہیں ہے۔ اگر امیدوار محنت و لگن سے اس کی تیاری کرے، اپنی ذہنی صلاحیتوں اور حاضر جوابی کو بروئے کار لائے تو اس امتحان میں آسانی سے کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔
 یو پی ایس سی امتحان کیلئے نوٹیفکیشن فروری یا مارچ میں جاری کیا جاتا ہے، اس کے بعد امیدواروں کے انتخاب کا سلسلہ تقریباً ایک سال تک جاری رہتا ہے۔ ماہرین اور اس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کہتے ہیں کہ ایک سال تک سخت محنت سے پڑھائی کرنے کے بعد اس میں کامیابی حاصل کرنا ممکن ہے۔ آج طلبہ کو اس امتحان، اور خاص طور پر اس کے انٹرویو کے دوران پوچھے جانے والے چند سوال مع جواب نمونے کے طورپر پیش کئے جارہے ہیں ۔ تاہم، طلبہ صرف ان سوالوں تک محدود نہ رہیں بلکہ وہ اپنے طور پر بھی انٹرنیٹ پر ایسے سوالات اور ان کے جوابات تلاش کریں ۔واضح ہو کہ انٹرویو میں پرسنل، حالات حاضرہ، ملازمت، تعلیم اور مشاغل کے متعلق سوالات کے علاوہ ذہنی آزمائش کے سوالات بھی کئے جاتے ہیں ۔ انٹرویو انگریزی میں ہوتا ہے، اس لئے سوالات بھی انگریزی میں پوچھے جاتے ہیں ۔ طلبہ کی سہولت کیلئے سوالات اور ان کے جوابات کا ترجمہ پیش کیا جارہا ہے۔
سوال (۱): آدرش اور انوپم جڑواں بھائی ہیں جو مئی میں پیدا ہوئے ہیں مگر ان کی سالگرہ جون میں آتی ہے۔ یہ کیسے ممکن ہے؟
جواب: مئی جگہ کا نام ہے۔
سوال (۲): نیند کے بغیر ایک شخص ۸؍ دن تک کیسے زندہ رہ سکتا ہے؟
جواب: انسان دن میں نہیں رات میں سوتا ہے۔ 
سوال (۳):ایک قاتل کو سزائے موت دی جاتی ہے، اور اسے تین کمرے دکھائے جاتے ہیں ۔اس سے ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کیلئے کہا جاتا ہے۔ وہ کس کمرے کا انتخاب کرے گا؟ پہلا روم آگ سے بھرا ہوا ہے، دوسرا کمرے میں ایک قاتل بندوق لئے کھڑا ہے، اور تیسرے روم میں تین سال سے بھوکا ایک شیر ہے۔
جواب: قاتل تیسرے کمرے کا انتخاب کرے گا کیونکہ وہاں وہ محفوظ ہے۔ شیر اگر تین سال سے بھوکا ہے تو وہ اب تک مرچکا ہوگا۔
سوال (۴):اگر تم ایک سرخ پتھر کو نیلے سمندر میں پھینکتے ہو تو کیا ہوگا؟
جواب: پتھر گیلا ہوجائے گا، اور پھر ڈوب جائے گا۔
سوال (۵):جیمس بانڈ بغیر پیرا شوٹ کے ایک طیارے سے کودنے کے باوجود زندہ رہا۔ یہ کیسے ممکن ہے؟
جواب: کیونکہ طیارہ رن وے پر کھڑا تھا۔
سوال (۶):وہ کون سی چیز ہے جو بالکل ایک آدھے سیب کی طرح نظر آتی ہے؟
جواب: دوسرا آدھا سیب۔
سوال (۷):وہ کون سی چیز ہے جو ’’ایئر‘‘ میں ایک مرتبہ،’’ویک‘‘ میں دو مرتبہ اور’’ڈے‘‘ میں ایک بھی مرتبہ نہیں آتی؟
جواب: حرف ۔ای
سوال (۸):ایک بلی کے تین بچے ہیں ۔ اس نے ان کا نام جنوری، فروری اور مارچ رکھا ہے۔ بلی کا نام کیا ہے؟
جواب: بلی کا نام سوال ہی میں چھپا ہے۔ بلی کا نام ’’کیا‘‘ ہے۔
سوال (۹):تم ’’ڈنر‘‘ میں کیا نہیں کھاسکتے؟
جواب: لنچ اور بریک فاسٹ۔
سوال (۱۰):ایک زخمی نوجوان کو فوری طور پر اسپتال کے ایمرجنسی روم میں لے جایا گیا۔ ڈاکٹر نے اسے دیکھتے ہی آپریشن کرنے سے انکار کردیا، اور کہا کہ یہ میرا بیٹا ہے۔ لیکن ڈاکٹر اس نوجوان کا باپ نہیں تھا؟ یہ کیسے ممکن ہے؟
جواب: ڈاکٹر، اس نوجوان کی ماں تھی۔

سول سروسیز امتحان کی بنیادی معلومات
 یو پی ایس سی کیلئے اپلی کیشن آن لائن بھرنا ہوتا ہے۔ یہ فارم یو پی ایس سی کی آفیشیل ویب سائٹ پر دستیاب ہوتا ہے۔
 امیدوار کی عمر کی حد ۱۸؍ تا ۳۸؍ سال ہونی چاہئے ۔
امیدوار کا کسی بھی فیلڈ میں گریجویشن مکمل کرنا لازمی ہے۔
 یو پی ایس سی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے امیدوار کو ۳؍ مرحلے سے گزرنا ہوتا ہے: پریلیمس، مینس اور انٹرویو۔
پریلیمس میں ۲؍ پرچے ہوتے ہیں جن میں ’’آبجیکٹیو‘‘ ٹائپ سوالات پوچھے جاتے ہیں ۔ اس میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد امیدوار ’’مینس‘‘ کیلئے کوالیفائی کرتا ہے۔
مینس کے پرچے میں ’’ڈسکریپٹیو‘‘ ٹائپ کے سوالات ہوتے ہیں ۔
 مینس میں ۹؍ پرچے ہوتے ہیں ، جن میں سے امیدوار کو جن ۷؍ پرچوں میں بہترین نمبر ملتے ہیں ، صرف اُن پرچوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
مینس میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو پرسنل انٹرویو کیلئے بلایا جاتا ہے۔
 مینس اور انٹرویو کے نمبرات کی بنیاد پر میرٹ لسٹ جاری کی جاتی ہے۔ 
 ہر مرحلہ کے نتائج یو پی ایس سی کی ویب سائٹ پر جاری کئے جاتے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK