Inquilab Logo

دو اہم دن، دو اہم ذمہ داریاں ،طلبہ کیلئے ان کی بابت جاننا لازمی ہے

Updated: February 18, 2021, 9:01 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

پچیس اور چھبیس جنوری کو بالترتیب ’’نیشنل ووٹرس ڈے‘‘ اور ’’یوم جمہوریہ‘‘ منایا گیا۔ دونوں کا تعلق جمہوریت سے ہے۔ ضروری ہے کہ ہم اپنے وطن کی جمہوریت کو اچھی طرح سمجھیں۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

اس ہفتے دو دن ایسے گزرے ہیں جن سے ہم تمام لوگوں کی واقفیت بہت ضروری ہے۔ آپ یہ تو جانتے ہیں کہ ہمارے ملک میں ۲۶؍ جنوری کو یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے اور یہ ہم ہندوستانیوں کیلئے ایک اہم دن ہے مگر کیا آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ اس سے ایک دن پہلے یعنی ۲۵؍ جنوری کو کون سا دن منایا جاتا ہے ؟ 
نیشنل ووٹرس ڈے
 ایسے لوگوں کی تعداد یقیناً بہت کم ہوگی جو اس بات سے واقف ہوں گے کہ ۲۵؍ جنوری کو ہمارے ملک میں ’’نیشنل ووٹرس ڈے‘‘ (ووٹروں کا قومی دن) منایا جاتا ہے۔ یہ دونوں ہی دن یعنی ۲۵؍ جنوری اور ۲۶؍ جنوری ہمارے لئے بہت اہم ہیں ۔ کیونکہ ۲۶؍ جنوری ۱۹۵۰ء کو ہمارا ملک ایک جمہوری ملک بنا تھا جس کا مطلب ہے عوام کو اپنی حکومت بنانے کی آزادی، اور یہ آزادی عوام کو ۲۶؍ جنوری کو نافذ ہونے والے آئین نے ووٹنگ کی شکل میں دی تھی۔
عوام کی حکومت، عوام کے ذریعے
  ہمارا آئین ہمیں کئی حقوق دیتا ہے۔ ہمارا آئین کہتا ہے کہ ملک کا ہر شہری برابر ہے اور تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں ۔ ہندوستان کا شہری ہونے کے ناتے ہم سب کو ہمارے حقوق کے متعلق معلوم ہونا چاہئے۔چونکہ ہمارا ملک ایک جمہوری ملک ہے، جس کا مطلب ہے اس ملک پر وہی افراد حکومت کرتے ہیں جن کا انتخاب عوام کرتے ہیں ۔ یہ عمل ووٹنگ کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ایک جمہوری ملک میں ہمیں یہ حق حاصل ہے کہ ہم اپنی حکومت کا انتخاب خود کریں جبکہ دنیا میں ایسے کئی ممالک ہیں جہاں عوام کو یہ حق نہیں حاصل ہے۔ اس کیلئے ہمیں ان تمام لیڈران کا شکر گزار ہونا چاہئے جنہوں نے انگریزوں سے نہ صرف ہمارے ملک کو آزاد کروایا اور قربانیاں دیں بلکہ ہندوستان کو ایک جمہوری ملک بھی بنایا۔
نیشنل ووٹرس ڈے کیلئے پچیس جنوری ہی کا انتخاب کیوں کیا گیا؟ 
 پچیس جنوری کو ملک بھر میں ووٹروں کا قومی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد ووٹروں ، خاص طور پر نئے ووٹروں کی حوصلہ افزائی کرنا، انہیں سہولیات فراہم کرنا اور اُن کے اندراج میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہے۔ خیال رہے کہ ۲۵؍ جنوری ۱۹۵۰ء کو الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی بنیاد ڈالی گئی تھی اس لئے ۲۰۱۱ء سے ہر سال یہ دن ’’نیشنل ووٹرس ڈے‘‘ کے طور پر منایا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہونے کے باوجود ہندوستان میں ووٹنگ کی شرح بہت کم ہے جس کا مطلب ہے ۱۸؍ سال یا اس سے زیادہ عمر ہونے نیز ووٹر آئی ڈی ہونے کے بعد بھی بہت ہی کم افراد ووٹ دیتے ہیں ۔
 ووٹروں کے قومی دن پر ووٹروں میں بیداری لانے اور انتخابی عمل میں باخبر طریقے سے حصہ لینے کو فروغ دیا جاتا ہے۔ اس دن ملک بھر میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات میں نئے ووٹروں کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور ان میں سے چند کو ووٹر آئی ڈی کارڈ بھی دیا جاتا ہے۔ 
امسال کیا ہوا؟ 
 امسال ۲۵؍ جنوری کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے نئی دہلی میں منعقد کی جانے والی قومی تقریب میں لوگوں سے خطاب کیا۔ ہر سال یہ دن کسی تھیم کے تحت منایا جاتا ہے۔ امسال کا تھیم تھا:’’اپنے ووٹروں کو بااختیار، چوکنا، محفوظ اور باخبر بنانا۔‘‘ اس تقریب میں کورونا وائرس (کووڈ۔۱۹) کی وباء کے دوران، محفوظ طریقے سے انتخابات کروانے پر بھی توجہ مبذول کروائی گئی۔ 
 اس سال صدر جمہوریہ نے ای سی آئی کے ویب ریڈیو ’’ہیلو ووٹرس‘‘ کی بھی شروعات کی ہے۔
 اس دوران الیکن کمیشن نے ’’ای۔ ای پی آئی سی‘‘ (الیکٹرانک الیکٹورل فوٹو آئی ڈینٹیٹی کارڈ) کا بھی آغاز کیا ہے۔ یہ ڈجیٹل فوٹو آئی ڈی ہے، اور اس کے ذریعے ووٹرس ووٹ دے سکیں گے۔اسے ای سی آئی کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ 
آئین ہند کے تحت کون ووٹ دے سکتا ہے؟
اٹھارہ سال یا اس سے زیادہ عمر والا ہر ہندوستانی شہری ووٹ دینے کا اہل ہے۔ دستور ہند کے مطابق ، ہر ہندوستانی شہری جو ذہنی طور پر متاثر نہ ہو، اسے رائے دہندگی کا حق دیا گیا ہے۔ مذہب ، ذات پات ، مسلک ، معاشی حیثیت وغیرہ جیسے عوامل کی بنا پر ووٹر کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جاسکتا۔ علاوہ ازیں ، اس بات سے بھی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کس مذہب سے تعلق رکھتا ہے، یا پھر وہ دولتمند ہے یا غریب۔ 
 ووٹنگ کیلئے جو اہلیت درکار ہیں ، وہ یہ ہیں ۔
 ہندوستان کا شہری ہونا لازمی ہے۔ 
عمر۱۸؍ سال یا اس سے زیادہ ہونی چاہئے۔
 اگر ملک کا شہری درج بالا معیار کو پورا کرتا ہے تو، وہ ان انتخابات میں ووٹ دے سکتا ہے 
قومی سطح کے انتخابات
ریاستی سطح کے انتخابات
بلدیاتی اداروں کے انتخابات
ضلعی سطح کے انتخابات
ووٹنگ کے قواعد کے مطابق ،
آپ صرف ایک ووٹ دے سکتے ہیں ۔
آپ کے پاس ووٹر آئی ڈی یا ای پی آئی سی کارڈ یا الیکشن کارڈ ہونا ضروری ہے۔
آپ صرف اپنے رجسٹرڈ حلقے ہی میں ووٹ دے سکتے ہیں ۔
آئین ہند ووٹر کو یہ حق بھی دیتا ہے
 حق رائے دہی یہ بات یقینی بناتا ہے کہ ووٹر، انتخابات میں لڑنے والے امیدواروں کے بارے میں جانتا ہو۔ دستور ہند کی دفعہ۱۹؍ کے مطابق ، یہ حق رائے دہندگان کو حصہ لینے والے امیدواروں کی تفصیلات ، شرکاء کے انتخابی منشور ، ان کی مالیت ، ان کے ماضی کے ریکارڈ (جرائم ، اگر کوئی ہے تو،سمیت تمام ریکارڈ) وغیرہ کے بارے میں جاننے کی اجازت دیتا ہے۔
نوٹا کا حق
 نوٹا (این او ٹی اے) یا حق رائے دہی نہ کرنا۔ اس حق کے تحت، ووٹر، انتخابات میں لڑ رہے ہیں کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دیتے ہوئے نوٹا کا بٹن دبا سکتا ہے ۔یہ ووٹر کا حق ہے، اور اس کے متعلق اس سے کوئی بھی، امیدوار بھی نہیں ، سوال نہیں کر سکتا۔
 ووٹ دینا ہر ہندوستانی شہری کا نہ صرف حق ہے بلکہ ایک جمہوری ملک کے تئیں ہماری ذمہ داری بھی ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے اس حق کا استعمال کرتے ہوئے، اپنی ذمہ داری کو سمجھیں ۔ اور ایک ایسی حکومت بنائیں جو ملک کی ترقی کیلئے کام کرے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK