Inquilab Logo

گرین،یلو، اورینج اورریڈ الرٹ کا معنی کیا ہے؟ کب جاری ہوتا ہے؟

Updated: September 01, 2022, 11:31 AM IST | Shahbaz Khan | Mumbai

ہر سال مانسون میں ہندوستانی محکمہ موسمیات کی جانب سے موسم کی شدت کے متعلق الرٹ جاری کئے جاتے ہیں۔ بحیثیت طالب علم آپ کا ان کے متعلق جاننا ضروری ہے

Picture .Picture:INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

بارش کا آغاز ہوتے ہی جہاں لوگ اس موسم سے لطف اندوز ہوتے ہیں، وہیں بارش زیادہ ہونے کے سبب پریشان بھی ہوجاتے ہیں۔ 
ہندوستان کا جغرافیہ
 ہمارا ملک جغرافیائی لحاظ سے دنیا کے ایسے حصے میں واقع ہے جہاں سال بھر میں ۴؍ موسم آتے ہیں۔ ہر موسم اپنے مقررہ وقت پر آتا، اور جاتا ہے۔ کوئی بھی موسم شدت اختیار نہیں کرتا لیکن بعض انسانی سرگرمیوں کی بناء پر اب ایسا ہونے لگا ہے کہ ہر سال موسم شدت اختیار کرجاتا ہے اور ہمیں شدید گرمی، سردی یا بارش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہندوستان کا جغرافیہ متنوع ہے اور اسے تین اہم علاقوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔پہلا، ملک کے شمالی حصے میں ہمالیائی علاقہ، دوسرا علاقہ ہندی بیل (جہاں ہندی بولی جاتی ہے)، یا وہ علاقہ جہاں بڑے پیمانے پر زراعت ہوتی ہے جبکہ تیسرا علاقہ، جنوبی حصہ اور یونین ٹیریٹریز (مرکز کے زیر انتظام علاقے) ہے۔ اسی طرح ملک میں تین بڑے دریا، گنگا، سندھ اور برہمپتر، ہیں۔ ہماری آب و ہوا بھی مختلف ہے مگر جنوب، شمال، اور مغربی علاقے ایسے ہیں جہاں موسم کے متعلق حالات یقینی نہیں ہوتے۔ 
بارش کی موجودہ صورتحال اور محکمہ موسمیات
 موسم باراں جاری ہے۔ مختلف ریاستوں میں اتنی شدید بارش ہورہی ہے کہ سیکڑوں افراد کی اموات ہوچکی ہیں۔ شدید موسم میں شہریوں کی حفاظت کیلئے آئی ایم ڈی کی جانب سے مختلف رنگوں کے الرٹ جاری کئے جاتے ہیں۔ عام طور پر بارش کے متعلق آپ نے سنا ہوگا کہ محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں بارش کے متعلق الرٹ جاری کیا ہے، مثلاً فلاں شہر میں یلو الرٹ ہے، فلاں ریاست میں اورینج الرٹ ہے جبکہ فلاں شہر میں ریڈ الرٹ ہے۔ بیشتر طلبہ کو نہیں معلوم ہوگا کہ یہ الرٹ کیسے جاری کیا جاتا ہے اور اس کا مفہوم کیا ہوتا ہے۔ یہ اصطلاحات محکمہ موسمیات میں رائج ہیں۔ لیکن اب شہری بھی ان سے اچھی طرح واقف ہیں۔

آئی ایم ڈی کیا ہے؟
 ہمارے ملک میں آئی ایم ڈی (فل فارم: انڈین میٹیرو لوجیکل ڈپارٹمنٹ) یا ہندوستانی محکمۂ موسمیات کی جانب سے موسم کے متعلق الرٹ جاری کئے جاتے ہیں۔ عام طور پر موسم باراں یا کسی طوفان وغیرہ کا خطرہ ہونے پر الرٹ جاری کیا جاتا ہے۔یہ محکمہ لوگوں کو موسم کے متعلق بتانے کیلئے ۴؍ رنگوں کا سہارا لیتا ہے۔
(۱) گرین الرٹ(Green Alert) 
(۲) یلو الرٹ (Yellow Alert) 
(۳) اورینج الرٹ(Orange Alert) 
(۴) ریڈ الرٹ(Red Alert) 
ان رنگوں کا مفہوم
گرین الرٹ 
 اس الرٹ کا معنی ہے ’’نو ایکشن نیڈیڈ‘‘ (کسی بھی قسم کے ردعمل کی ضرورت نہیں)، بالفاظ دیگر موسم ٹھیک ہے۔ اگر موسم کے متعلق محکمہ موسمیات اور حکومت کی جانب سے کوئی وراننگ نہ جاری ہو تو یہ گرین الرٹ ہوتا ہے۔ یہ الرٹ کبھی نہیں دیا جاتا۔ اگر بہت زیادہ بارش ہورہی ہے یا موسم خراب ہے تو درج ذیل الرٹ جاری کئے جاتے ہیں:
یلو الرٹ
 اس کا معنی ہے ’’واچ‘‘ یعنی موسم پر نظر رکھنا۔ محکمہ موسمیات لوگوں کو موسم سے خبردار کرنے کیلئے یلو الرٹ کا استعمال کرتا ہے۔ اس کا مطلب خطرے سے آگاہ کرنا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ یلو (زرد) رنگ موسم کی شدت کو ظاہر نہیں کرتا۔ اسے صرف کسی بھی قسم کے خطرے سے لوگوں کو خبردار کرنے کیلئےاستعمال کیا جاتا ہے۔ اس الرٹ کے دوران آئندہ ایک یا دو گھنٹے تک ۷ء۵؍ سے ۱۵؍ ایم ایم تک مسلسل بارش ہونے کا امکان رہتا ہے۔ تاہم، اگر بارش نہ رُکے اور مسلسل ہوتی رہے تو یہ سیلاب آنے کا بھی سبب بن سکتا ہے۔ یلو الرٹ کے دوران آئی ایم ڈی کے افسران موسم کی مسلسل نگرانی کرتے ہیں تاکہ حالات خراب ہونے پر شہریوں اور شہری حکام کو فوری طور پر باخبر کیا جاسکے۔
اورینج الرٹ 
 اس کا معنی ہے ’’الرٹ‘‘ یعنی شہری حکام راحت رسانی کے کام کیلئے تیار رہیں۔ اس کے ساتھ ہی موسم کے متعلق شہری بھی چوکنا رہیں۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے موسم خراب ہوتا ہے، یلو الرٹ کو اورینج الرٹ میں تبدیل کردیا جاتا ہے۔ یہ الرٹ بتاتا ہے کہ شہر میں طوفان بھی آسکتا ہے یا موسم مزید خراب ہوسکتا ہے۔اس الرٹ کے دوران شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھر سے باہر نکلیں۔ اس دوران سڑکوں اور ہوائی نقل و حمل کے ساتھ جان و مال کے نقصان کا بھی خدشہ رہتا ہے۔ 
 اورینج الرٹ کے دوران ہوا کی رفتار ۶۵؍ سے ۷۵؍ کلومیٹر فی گھنٹہ رہتی ہے جبکہ ۱۵؍ سے ۳۳؍ ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ تاہم، اس سے زیادہ بارش بھی ہوسکتی ہے۔ اس الرٹ میں متاثرہ علاقے میں سیلاب آنے کا قوی امکان ہوتا ہے۔ اس الرٹ کے دوران اگر محکمہ موسمیات نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے تو علاقے سے لوگوں کو نکالنے کیلئے شہری حکام کی جانب سے ایک منصوبہ بھی تیار کرلیا جاتا ہے۔ 
ریڈ الرٹ
 اس کا مفہوم ہے ’’وراننگ‘‘، یعنی شہری حکام ’’ایکشن‘‘ لینے کیلئے تیار ہیں۔ اس الرٹ کے دوران شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ انتہائی ضرورت ہونے پر ہی گھر سے نکلیں۔ریڈ الرٹ کا مطلب ایک خطرناک صورتحال ہے۔ جب ہوا کی رفتار ۱۳۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجاتی ہے ،طوفان آنے کے خدشات میں اضافہ ہوجاتا ہے اور تیز بارش ہوتی ہے تو محکمہ موسمیات کی جانب سے طوفان کے دائرے میں واقع علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا جاتا ہے، اور انتظامیہ سے کہا جاتا ہے کہ وہ ضروری اقدامات کرنے کیلئے تیار رہیں۔  محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جب موسم خطرناک حد تک شدت اختیار کرلیتا ہے اور بھاری نقصان کا خطرہ ہوتا ہے تو ریڈ الرٹ جاری کیا جاتا ہے۔اس قسم کے الرٹ کا اعلان اسی وقت کیا جاتا ہے جب آئندہ ایک سے ۲؍ گھنٹے میں مسلسل ۳۰؍ ایم ایم یا اس سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہو۔  اس الرٹ کے دوران نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو نکالا جاتا ہے کیونکہ شدید بارش کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
ہیوی، ویری ہیوی، ایکسٹریملی ہیوی
 محکمہ موسمیات کی اصطلاحات میں  ۱۵ء۶؍ ایم ایم سے ۶۴ء۴؍ ایم ایم بارش زیادہ خطرناک خیال نہیں کی جاتی۔ ۶۴ء۵؍ سے ۱۱۵ء۵؍ ایم ایم کے درمیان ہونے والی بارش کو ’’ہیوی‘‘ (بھاری) کہا جاتا ہے۔ ۱۱۵ء۶؍ سے ۲۰۴ء۴؍ ایم ایم بارش کو’’ویری ہیوی‘‘ (شدید بارش) جبکہ ۲۰۴ء۵؍ ایم ایم بارش کو’’ایکسٹریملی ہیوی‘‘ (شدید تر بارش) قرار دیا جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK