• Sat, 05 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیصلہ کرنے سے پہلے درست انتخاب اور ممکنہ نتائج کے بارے میں غور کرلیں

Updated: September 05, 2026, 3:45 PM IST | Atif Adnan Sheikh Sadiq | Mumbai

۵ء۴۹؍فیصد طلبہ نے اس نکتے کی جانب توجہ دلائی کہ نصاب میں فیصلہ سازی کا ہنر نہیں ملتا۔

Symbolic image: iStock
علامتی تصویر: آئی اسٹاک

فیصلہ کرنےسے پہلے اس پر غور و خوض کریں۔ 
شارٹ کٹ راستہ مصیبت میں ڈال سکتا ہے۔ 
بڑوں کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔ 
غلطیوں سے سیکھیں اور آگے بڑھیں۔

سوچیں، سمجھیں، قدم اٹھائیں 
اچھا فیصلہ زندگی بدل سکتا ہے۔ ایک ذمہ دار شخص کوئی بھی کام کرنے سے پہلے اس پر غور و خوض کرتا ہے۔ اس کے فائدے اور نقصانات کے متعلق سوچتا ہے۔ اس لئے کسی بھی کام میں جلدی نہیں کرنی چاہئے۔ یہ بھی سوچنا چاہئے کہ آج کا فیصلہ ہمارے آنے والے کل کو کیسے متاثر کرے گا۔ کبھی کبھی فوری فائدہ نظر آتا ہے لیکن بعد میں نقصان ہوسکتا ہے۔ عقل مندی یہی ہے کہ فیصلہ کرنے سے پہلے رُکیں، سوچیں اور پھر قدم اٹھائیں۔ اچھا فیصلہ بہتر مستقبل کی طرف لے جاتا ہے۔ 
شارٹ کٹ غلط ہے
بعض دفعہ شارٹ کٹ اچھا لگتا ہے لیکن صحیح راستہ ہی کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔ اگر کوئی غلط کام کرنے کیلئے کہے تو اس کی بات ماننے کے بجائے صحیح اور غلط میں فرق سمجھنا چاہئے۔ ہر وہ کام جو آسان ہو، ضروری نہیں کہ ہمارے حق میں بہتر ہو۔ ہمیشہ اپنے ضمیر کی آواز سنیں اور ایسا فیصلہ کریں کہ بعد میں شرمندگی نہ ہو۔ اچھے ساتھی بھی وہی ہوتے ہیں جو غلط کام سے روکیں اور درست راستہ دکھائیں۔ صحیح اور غلط میں فرق کرنیوالا مشکل حالات میں بھی مضبوط فیصلہ کرسکتا ہے۔ 
بڑوں سے مدد
اگر فیصلہ کرنے میں مشکل پیش آرہی ہو تو والدین، استاد یا کسی سمجھدار شخص سے مشورہ کریں۔ ان کا تجربہ بہتر فیصلہ کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ مشورہ لینے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم فیصلہ نہیں کرسکتے، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم دوسروں کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ بات کرنے سے ذہن کی الجھن بھی کم ہوتی ہے البتہ مشورہ ہمیشہ ایسے شخص سے لینا چاہئے جو سمجھدار، قابلِ اعتماد اور ہماری بھلائی چاہتا ہو۔ اچھا مشورہ ہمیں غلط قدم اٹھانے سے بچا سکتا ہے۔ 
فیصلہ، دوسروں کی بھلائی کیلئے
اچھا فیصلہ وہ ہے جس میں ہماری بھلائی کے ساتھ دوسروں کی بھلائی بھی شامل ہو۔ ہمیں ہمیشہ سچ بولنا چاہئے، چاہے سامنے بچہ ہو یا بوڑھا، کمزور ہو یا طاقتور۔ اگر کوئی ایسا فیصلہ کریں جس سے ہمیں فائدہ ہو لیکن دوسرے کو نقصان پہنچے تو ہمیں دوبارہ سوچنا چاہئے۔ ایک اچھا انسان اپنے فائدے کے ساتھ دوسروں کے حقوق اور احساسات کا بھی خیال رکھتا ہے۔ مثلاً اگر ہمیں کسی کی گم ہوئی چیز ملے تو اسے اپنے پاس رکھنے کے بجائے اس کے مالک تک پہنچانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ہمیں اپنے ہر فیصلے میں ایمانداری، انصاف اور لوگوں کی بھلائی کو اہمیت دینی چاہئے۔ یہی اچھی شخصیت اور مضبوط کردار کی نشانی ہے۔ 
غلطی سے سبق سیکھنا
ہمیشہ اپنے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کریں۔ اگر کبھی فیصلہ غلط ہوجائے تو مایوس ہونے کے بجائے غلطی سے سبق سیکھیں۔ غلطی ہونا عام ہے لیکن غلطی تسلیم کرنا اور اسے دوبارہ نہ دہرانا سمجھداری ہے۔ اگر ہم ہر غلطی کے بعد صرف افسوس کرتے رہیں تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ اس کے بجائے یہ سوچنا چاہئے کہ غلطی کہاں ہوئی اور اگلی بار ہم کیا بہتر کرسکتے ہیں۔ مثلاً اگر کسی طالب علم کے نمبر کم آگئے تو اسے مایوس ہونے کے بجائے پڑھائی کا بہتر منصوبہ بنانا چاہئے۔ اس طرح ایک غلط فیصلہ بھی سبق بن سکتا ہے۔ ہر شخص کو اپنی کامیابیوں سے خوشی اور اپنی غلطیوں سے تجربہ حاصل کرنا چاہئے۔

ان نکات پر توجہ دیں

مقصد واضح کریں 
فیصلہ کرنے سے پہلے یہ طے کریں کہ آپ اصل میں کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اگر واضح مقصد ہو تو درست سمت اختیار کرنے میں مدد ملتی ہے۔ 
کیا فائدہ اور کیا نقصان 
ہر انتخاب کے مثبت اور منفی پہلوؤں کو سامنے رکھیں۔ اس سے آپ کو بہتر اور متوازن فیصلہ کرنے میں مدد ملے گی نیز آپ غلطیوں سے بھی سکھیں گے۔ 
نتائج کا اندازہ لگائیں 
فیصلہ کرنے سے پہلے سوچیں کہ اس کے فوری اور مستقبل کے کیا نتائج ہو سکتے ہیں۔ دور رس نتائج کو سمجھنا دانش مندانہ اور بہتر فیصلے کی علامت ہے۔ 
اپنی ترجیحات طے کریں 
یہ سمجھیں کہ آپ کیلئے اس وقت سب سے زیادہ اہم کیا ہے۔ ترجیحات واضح ہوں تو مختلف راستوں میں سے مناسب انتخاب کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ 
ذمہ داری قبول کریں 
درست فیصلہ کرنے کے ساتھ اس کے نتائج کی ذمہ داری قبول کرنا بھی ضروری ہے۔ اپنی غلطیوں کو تسلیم کرکے ان سے سیکھنے والا شخص بہتر فیصلہ ساز بنتا ہے۔ 
وقت کی قدر کریں 
ہر فیصلہ غیر ضروری طور پر مؤخر کرنا بھی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ مناسب وقت پر غور و فکر کرکے فیصلہ کرنے کی عادت اپنائیں۔ اس سے آپ کی پریشانی کم ہوں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK