Inquilab Logo

کیا ہے آئیڈیا؟ اور، کیا ہے اختراع؟ جس کا دُنیا میں بول بالا ہے

Updated: September 02, 2022, 2:52 PM IST | Shahid Lateef | Mumbai

نیا خیال ایجاد کا سبب بنتا ہے، وہ آئیڈیا ہے اورایجاد اختراع ہے۔دورِ حاضر میں ان کی اہمیت غیر معمولی ہوگئی ہے۔ شاہد لطیف کی اس تحریر میں اسے مثالوں کے ذریعہ سمجھئے

Any new idea that is the most striking and actionable is an idea Innovation is creating something new by applying a new idea .Picture:INN
کوئی نئی رائے جو سب سے ہٹ کر اور قابل عمل ہو، وہی آئیڈیا ہے۔انوویشن نئے خیال کو بروئے کار لاتے ہوئے کوئی نئی چیز ایجاد کرنا ہے ۔ تصویر:آئی این این

اس سے پہلے کہ یہ مضمون شروع ہوتا، ہم نے چھ اقوال آپ کے سامنے پیش کئے ہیں۔ جگہ زیادہ ہوتی تو ممکن تھا کہ زیادہ اقوال آپ تک پہنچائے جاتے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ کن لوگوں کے اقوال ہیں؟  بائیں سے پہلا قول لیس براؤن کا ہے جو امریکہ سے تعلق رکھنے والے ترغیبی مقرر (موٹیویشنل اسپیکر) ہیں۔ ان کی پوری دُنیا میں دھوم ہے۔ انہیں ترغیبی خطاب کیلئے مختلف ملکوں میں بلایا جاتا ہے۔  بائیں جانب دوسرا قول کیتھرین پلسیفر کا ہے۔ کیتھرین کا تعلق کناڈا سے ہے۔ہدف کیسے حاصل کیا جائے اور زندگی کامیاب کیسے ہو اُن کا خاص موضوع ہے جس پر اُن کی کئی کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں ۔  بائیں سے دوسرے باکس میں جو قول ہے وہ اسکاٹ بیلسکی کا ہے ۔ بیلسکی بڑے تاجر، مصنف اور سرمایہ کار ہیں۔ فاسٹ کمپنی نامی ادارہ اُنہیں دُنیا کے ۱۰۰؍ کامیاب ترین افراد میں شامل کرچکا ہے۔  بائیں سے تیسرے باکس میں ارل نائٹ اینگل کا قول ہے جنہوں نے ۱۹۸۹ء میں وفات پائی مگر ان کے ریڈیو پروگرام آج بھی یاد کئے جاتے ہیں۔ شخصیت کے ارتقاء (پرسنل ڈیولپمنٹ) پر یہ پروگرام دُنیا بھر کے ایک ہزار ریڈیو اسٹیشنوں سے نشر کئے جاتے تھے۔  بائیں سے چوتھے باکس کا پہلا قول ٹام فریسٹن کا ہے جو امریکی میڈیا انڈسٹری کا بڑا نام ہے۔ وائیکوم اور ایم ٹی وی کے بانی کی حیثیت سے اُن کی شہرت ہے۔ اس کے بعد تھیوڈور لیوٹ کا قول ہے جو ہاورڈ بزنس اسکول سے وابستہ جرمنی نژاد امریکی ماہر معاشیات تھے۔  ا س مختصر تعارف سے آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ یہ شخصیات دُنیا کی مشہور، اہم اور کامیاب شخصیات ہیں۔ ایسی شخصیات ’’نیا خیال اور اختراع (آئیڈیا اینڈ انوویشن) پر اظہار خیال کیوں کررہی ہیں؟ کیا اُن کے پاس کوئی دوسرا موضوع نہیں؟ کیا دُنیا میں موضوعات کی کمی ہے؟  جی نہیں، ان کے پاس اظہار خیال کیلئے ایک نہیں درجنوں موضوع ہوسکتے ہیں، اور، دُنیا میں موضوعات کی کمی کبھی نہیں رہتی۔ اس کے باوجود اگر انہوں نے آئیڈیا اینڈ انوویشن پر کچھ کہنا ضروری سمجھا تو اس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ اس کی اہمیت جو ہر دور میں تھی اب غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے۔ اس کا سبب دورِ جدید میں مسابقت کی دوڑ کا تیز ہونا ہے۔ ایک کمپنی دوسری کمپنی سے آگے جانا چاہتی ہے، ایک موجد (ایجاد کرنے والا) دوسرے موجد پر سبقت لے جانا چاہتا ہے اور ایک پروڈکٹ دوسرے پروڈکٹ پر حاوی ہونا چاہتا ہے اس لئے نئے خیال اور اختراع پر زیادہ زور دیا جارہا ہے۔ آپ نے محسوس کیا ہوگا کہ وہ چاہے موبائل ہینڈ سیٹ ہو یا کمپنیوں کے الگ الگ پروڈکٹ، دیکھا یہ جارہا ہے کہ مارکیٹ میں سب سے اچھا کیا ہے۔ کسی بھی پروڈکٹ کو سب سے اچھا بنانے کیلئے اختراعی سوچ درکار ہوتی ہے کہ کس طرح دیگر پروڈکٹس کے مقابلے میں اپنے پروڈکٹ کو بہتر، زیادہ کارآمد اورنئے دور کی زبان میں ’’یوزر فرینڈلی‘‘ بنایا جائے۔ ظاہر ہے کہ جس کے پاس آئیڈیا ہوگا وہی انوویٹ کرپائے گا۔ اس لئے آئیڈیا اینڈ انوویشن اِس نئے دور میں کامیابی کا سب سے بڑا ہتھیار ہیں۔  بات صرف پروڈکٹ کی نہیں ہے۔ پیشہ جاتی زندگی (پروفیشنل لائف) میں بھی آپ زیادہ کامیاب اُس وقت ہوں گے جب اپنے تخلیقی ذہن کے ذریعہ نئی سوچ اور نیا خیال پیش کرنے کے قابل ہوں گے اور اپنے فرائض کو اختراعی سوچ کے ذریعہ کم وقت میں زیادہ انجام دیں گے اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کہتے ہیں کہ آج کے دور میں ملازمت حاصل کرنا بے حد مشکل ہے مگر جن کی سوچ تخلیقی اور اختراعی ہوگی اور جو نت نئے خیالات پیش کرنے اور اُنہیں عمل میں لانے کے قابل ہوتے ہیں، اُن کیلئے ملازمت کا حصول بالکل بھی مشکل نہیں ہوتا۔ ایسے افراد کی ضرورت ہر طرح کی کمپنیوں میں ہے خواہ وہ کسی بھی شعبے سے متعلق ہوں۔  سوال یہ ہے کہ نیا خیال کیا ہے؟ آئیڈیا کسے کہتے ہیں؟ اسی طرح انوویشن کیا ہے اور انوویشن کسے کہتے ہیں؟ فرض کیجئے، آپ اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ بیٹھے ہیں اور اسکول کی پکنک کی تیاری پر غور کیا جارہا ہے کہ کم وقت اور کم خرچ میں مہابلیشور کیسے پہنچا جاسکتا ہے۔ اس پر تمام ساتھی اپنی اپنی رائے دے رہے ہیں۔ اگر ایک کے بعد دوسری رائے روایتی ہے یعنی سب کے ذہن میں ہے اور ہر کوئی چاہتا ہے کہ کوئی نئی رائے سامنے آئے تو جو سب سے ہٹ کر ہوگی اور قابل عمل ہوگی وہی آئیڈیا ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ دوستوں میں بات چیت کرتے کرتے ایک ساتھی اچانک دائیں ہاتھ کی دو انگلیوں سے چٹکی بجاتا ہوا کہتا ہے ’’آئیڈیا!‘‘ سب اس کی جانب متوجہ ہوجاتے ہیں کہ اس کے پاس کون سا نیا خیال ہے۔ اس کا معنی ہے کوئی ایسی بات اور خیال جو عام روش سے ہٹ کر ہو۔ اسی لئے اکثر کمپنیوں یا اداروں میں نئے خیال کی قدر کی جاتی ہے اور اس حوالے سے آؤٹ آف باکس تھنکنگ کو کافی اہمیت دی جاتی ہے۔ ان کمپنیوں اور اداروں میں برین اسٹارمنگ سیشن ہوتے ہیں تاکہ سب مل کر بیٹھیں اور کسی موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے نئے سے نیا خیال پیش کریں۔ 
 رہی بات انوویشن کی تو انوویشن نئے خیال کو بروئے کار لاتے ہوئے کوئی نئی چیز ایجاد کرنے، دوسروں سے ہٹ کر زیادہ قابل قدر چیز تیار کرنے یا کام کے ڈھنگ میں بہتری لانے وغیرہ کو کہتے ہیں۔ وہ نیا خیال جو کسی اختراع کو جنم دے اسے ’’اِنو ّ ویٹیو آئیڈیا‘‘ (اختراعی خیال) کہا جاتا ہے۔فورڈ موٹر کمپنی کے بانی ہینری فوڈ نے کہا تھا کہ ’’اگر مَیں عوام سے دریافت کرتا کہ وہ کیا چاہتے ہیں تو اُن کا جواب ہوتا کہ ہمیں زیادہ تیز دوڑنے والا گھوڑا چاہئے۔‘‘ اس کا معنی کیا ہے؟ دراصل زیادہ تر لوگ اپنی سوچ کے دائرے میں رہتے ہوئے جواب دیتے ہیں جبکہ تخلیقی اور اختراعی سوچ رکھنے والا شخص اُس دائرے سے نکل کر نئے خیال اور نئی اختراع پر غور کرتا ہے۔ اگر عام سوچ کے مطابق کام ہوتا تو ہینری فورڈ کی کمپنی گھوڑوں کو تیز  دوڑانے کی خدمت انجام دے رہی ہوتی، موٹر کار کبھی نہ بناتی۔ اُس نے موٹر کار بنانے میں کامیابی اس لئے حاصل کی کہ اُسے کچھ الگ کرنا تھا، کچھ نیا کرنا تھا۔ 
  امیزون کے بانی جیف بیزوز کا کہنا ہے کہ اگر آپ اختراع کرنا چاہتے ہیں تو اس بات کیلئے تیار رہئے کہ لوگ آپ کو غلط سمجھیں گے۔ بیزوز نے ایسا اس لئے کہا کہ جب بھی کوئی شخص عام روش سے ہٹ کر کچھ کرنا چاہتا ہے تو لوگ اُسے غلط سمجھتے ہیں یا اُس کا مذاق اُڑاتے ہیں۔ کلاس روم کی مثال لے لیجئے۔ استاد کے کسی سوال پر عام روش سے ہٹ کر جو طالب علم جواب دیتا ہے اُس پر سب ہنسنے لگتے ہیں۔ کیا اُس کا جواب غلط ہوتا ہے؟ جی نہیں۔ طلبہ کو ہنسی اس لئے آتی ہے کہ وہ جواب اُن کے ذہن میں نہیں ہوتا یا عام طور پر سوچا جانے والا جواب نہیں ہوتا ۔ اگر وہ جواب ’’احمقانہ‘‘لگتا ہو تب بھی اس کی قدر کرنی چاہئے کیونکہ بعضـ اوقات ’’احمقانہ‘‘ خیال ہی کسی بڑے خیال کو جنم دیتا ہے اور اس کی وجہ سے نئی اختراعات وجود میں آتی ہیں۔ 
 ٹیکنالوجی کی حیران کن ترقی پر غور کیجئے۔ ٹیکنالوجی آئیڈیاز اور اختراعات کا خزانہ ہے۔ ٹیکنالوجی کسی ایک اختراع یا پیش رفت پر نہیں رُکی بلکہ اس کا سفر جاری ہے اور وقت کے ساتھ زیادہ تیز رفتار ہوتا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK