EPAPER
Updated: May 15, 2026, 1:36 PM IST | Mumbai
بیشتر عرب ممالک کے پرچموں میں سرخ، سیاہ، سفید اور سبز رنگ مشترک دکھائی دیتے ہیں۔
دنیا کے ہر ملک کا پرچم اُس کی قومی شناخت، تاریخ، نظریات اور تہذیبی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔ اگر دنیا کے مختلف خطّوں کے پرچموں کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ یورپی، افریقی، ایشیائی اور لاطینی امریکی ممالک کے پرچم ایک دوسرے سے کافی مختلف ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ بیشتر عرب ممالک کے پرچموں میں سرخ، سیاہ، سفید اور سبز رنگ مشترک دکھائی دیتے ہیں جبکہ کئی پرچموں کا انداز اور ترتیب بھی ایک دوسرے سے بہت ملتی جلتی ہے، کیوں ؟
عرب پرچموں کے مشترکہ رنگوں کی اصل
عرب ممالک کے اکثر پرچموں میں جو چار رنگ استعمال ہوتے ہیں، سرخ، سیاہ، سفید اور سبز انہیں ’’پین عرب کلرز‘‘ یعنی عرب اتحاد کے رنگ کہا جاتا ہے۔ یہ رنگ پہلی مرتبہ۱۹۱۶ء کی عرب بغاوت کے دوران ایک مشترکہ عرب پرچم میں اکٹھے استعمال ہوئے تھے۔ اس بغاوت کی قیادت مکہ کے شریف حسین بن علی نے خلافتِ عثمانیہ کے خلاف کی تھی۔ بعد میں یہی رنگ عرب قوم پرستی اور اتحاد کی علامت بن گئے اور آزادی حاصل کرنے والے عرب ممالک نے انہی رنگوں کو اپنے پرچموں کا حصہ بنایا۔
یہ بھی پڑھئے: مرطوب ہوا میں زیادہ پسینہ آتا ہے، کیوں؟
پین عرب رنگوں کی علامتی اہمیت
ہر رنگ عرب تاریخ اور اسلامی تہذیب کے اہم دور یا خاندان کی نمائندگی کرتا ہے۔
سیاہ رنگ: عباسی خلافت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ عباسیوں نے اسلامی تاریخ میں علم، فلسفے اور تہذیب کے سنہری دور کی بنیاد رکھی۔
سفید رنگ: اموی خلافت کی نمائندگی کرتا ہے، یہ رنگ امن اور پاکیزگی کی علامت بھی ہے۔
سبز رنگ: اسلامی تہذیب اور فاطمی خلافت سے منسوب ہے۔ اسلام میں سبز رنگ کو روحانیت، جنت اور برکت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
سرخ رنگ: ہاشمی خاندان اور عرب قبائل کی بہادری، قربانی اور جدوجہد کی علامت ہے۔ یہ رنگ عرب آزادی کی تحریکوں سے بھی جڑا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سرکاری افسر کی کرسی پر سفید تولیہ ہوتا ہے، کیوں؟
عرب قوم پرستی کا اثر
بیسویں صدی کے آغاز میں عرب دنیا میں ’’عرب نیشنلزم‘‘ کی تحریک زور پکڑنے لگی۔ اس نظریے کے مطابق تمام عرب زبان بولنے والے لوگ ایک قوم ہیں، چاہے وہ مختلف ممالک میں رہتے ہوں۔ اسی سوچ نے عرب ممالک کو ثقافتی اور سیاسی طور پر ایک دوسرے کے قریب کیا۔ جب مصر، عراق، شام، یمن، الجزائر اور دیگر عرب ممالک نے آزادی حاصل کی تو انہوں نے ایسے پرچم اپنائے جو عرب اتحاد کی علامت بن سکیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے پرچموں میں ایک جیسے رنگ اور ڈیزائن نظر آتے ہیں۔
نوآبادیاتی دور کے بعد نئی شناخت کی تلاش
جب عرب ممالک نے برطانیہ اور فرانس جیسی نوآبادیاتی طاقتوں سے آزادی حاصل کی تو انہیں اپنی قومی شناخت قائم کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ انہوں نے ایسے پرچم اختیار کئے جو ایک طرف آزادی کی علامت ہوں اور دوسری طرف عرب اتحاد کا پیغام دیں۔ اسی لئے مختلف ممالک نے اگرچہ اپنے الگ ڈیزائن بنائے، لیکن بنیادی رنگ وہی رکھے جو عرب دنیا کی مشترکہ تاریخ اور ثقافت کی نمائندگی کرتے تھے۔ مراکش(سبز ستارہ)، لبنان( درمیان میں دیودار کا درخت) اور عمان(شاہی نشان) ممالک کے پرچم اس کی مثالیں ہیں۔