EPAPER
Updated: November 10, 2025, 3:46 PM IST | Mumbai
جب انسان سوتا ہے تو اس کے جسم کے بیشتر اعضاء آرام کی حالت میں چلے جاتے ہیں۔ آنکھوں کا بند ہونا بھی اسی قدرتی نظام کا حصہ ہے۔
انسان کا جسم قدرت کے ایک نہایت منظم نظام کے تحت کام کرتا ہے۔ دن بھر کی مصروفیات کے بعد جب جسم تھک جاتا ہے تو نیند اس کیلئے سکون اور توانائی بحال کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔ دوران نیند جسم کے کئی افعال سست پڑ جاتے ہیں اور آنکھیں خودبخود بند ہو جاتی ہیں۔ مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ سوتے وقت آنکھیں خود بخود بند ہو جاتی ہیں، کیوں ؟
یہ ایک قدرتی عمل ہے
جب انسان سوتا ہے تو اس کے جسم کے بیشتر اعضاء آرام کی حالت میں چلے جاتے ہیں۔ آنکھوں کا بند ہونا بھی اسی قدرتی نظام کا حصہ ہے۔ یہ کوئی شعوری عمل نہیں بلکہ خودکار (Automatic Reflex) ہے جو دماغ کے نیند کے مراکز کے فعال ہونے پر خود بخود وقوع پذیر ہوتا ہے۔
دماغ اور اعصاب کا کردار
انسانی دماغ میں ایک حصہ ’’ہائپوتھیلمس‘‘ کہلاتا ہے جو نیند اور بیداری کو کنٹرول کرتا ہے۔ جب یہ حصہ نیند کا سگنل دیتا ہے تو دماغ کے اعصابی نظام میں ایسے کیمیائی مادے (Neurotransmitters) جیسے ’’جی اے بی اے ‘‘خارج ہوتے ہیں جو عضلات کو ڈھیلا کرتے ہیں۔ چونکہ پلکوں کو کھولنے والا عضلہ(Levator palpebrae superioris) بھی انہی اعصاب کے زیرِ اثر ہوتا ہے، اس لئے جب نیند کا عمل شروع ہوتا ہے تو یہ عضلہ سکڑنا بند کر دیتا ہے اور پلکیں خود بخود نیچے گر جاتی ہیں۔
آنکھوں کے تحفظ کا فطری نظام
آنکھوں کا بند ہونا صرف نیند کی علامت نہیں بلکہ حفاظتی ضرورت بھی ہے۔ سوتے وقت آنکھیں اگر کھلی رہیں تو ان کی نازک جھلی (Cornea) خشک ہو جائے گی اور گرد و غبار یا بیکٹیریا سے متاثر ہوسکتی ہے۔ پلکوں کا بند ہونا آنکھوں کو نمی میں رکھتا ہے، آنسوؤں کی باریک تہہ محفوظ رہتی ہے اور آنکھ کو بیرونی جراثیم سے بچاتی ہے۔
اندھیرے کا اثر اور روشنی کی حساسیت
آنکھوں میں موجود ریٹینا روشنی کیلئے انتہائی حساس ہے۔ سوتے وقت اگر پلکیں بند نہ ہوں تو روشنی نیند کے دوران دماغ کو بار بار بیدار کر سکتی ہے۔ اس لئے پلکوں کا بند ہونا دماغ کو اندھیرا فراہم کرتا ہے جو میلاٹونن (نیند کا ہارمون) کے اخراج کو بڑھا کر نیند میں مدد دیتا ہے۔
دوران خواب آنکھوں کی حرکت
نیند کے دوران آنکھیں مکمل ساکن نہیں ہوتیں۔ ’’آر ای ایم‘‘مرحلے میں بند پلکوں کے پیچھے وہ تیزی سے حرکت کرتی ہیں، اسی وقت انسان خواب دیکھتا ہے مگر پلکیں بند رہنے سے یہ حرکت باہر سے نظر نہیں آتی۔