EPAPER
Updated: March 07, 2026, 3:11 PM IST | Mumbai
گھروں کے اندر موجود دھول میں انسانی جلد کے چھوٹے چھوٹے ذرات نمایاں مقدار میں شامل ہوتے ہیں۔ یہ تمام اجزاء فضا میں گردش کرتے رہتے ہیں اور بالآخر مختلف سطحوں پر جا بیٹھتے ہیں۔
انسان اپنی روزمرہ زندگی میں بے شمار اشیاء استعمال کرتا ہے مگر جب یہی چیزیں کچھ عرصہ بے توجہی کا شکار ہو جائیں تو ان کی چمک ماند پڑنے لگتی ہے اور ان پر گرد کی تہہ جم جاتی ہے۔ الماریوں میں رکھی کتابیں، پرانے فرنیچر یا کم استعمال ہونے والے برتن وقت کے ساتھ دھول آلود دکھائی دینے لگتے ہیں۔ کیا آپ نےکبھی غور کیا ہے کہ آخر پرانی چیزوں پر دھول جم جاتی ہے، کیوں؟
دھول کیا ہے؟
دھول دراصل نہایت باریک ذرات پر مشتمل ہوتی ہے جو ہوا میں معلق رہتے ہیں۔ یہ ذرات مٹی، ریت، پودوں کے زرِگل (Pollen)، کپڑوں کے ریشوں، جانوروں کے بالوں اور انسانی جلد کے مردہ خلیات پر مشتمل ہوتے ہیں۔ گھروں کے اندر موجود دھول میں انسانی جلد کے چھوٹے چھوٹے ذرات نمایاں مقدار میں شامل ہوتے ہیں۔ یہ تمام اجزاء فضا میں گردش کرتے رہتے ہیں اور بالآخر مختلف سطحوں پر جا بیٹھتے ہیں۔
ہوا میں معلق ذرات کی حرکت
ہوا میں موجود دھول کے ذرات مسلسل حرکت میں رہتے ہیں۔ جب ہم دروازہ یا کھڑکی کھولتے ہیں، پنکھا یا ایئر کنڈیشنر چلاتے ہیں، یا خود چلتے پھرتے ہیں تو ہوا میں ہلچل پیدا ہوتی ہے۔ اس ہلچل کی وجہ سے دھول کے ذرات فضا میں معلق ہو کر اِدھر اُدھر پھیل جاتے ہیں۔ جب ہوا کی رفتار کم ہو جاتی ہے تو یہ ذرات کششِ ثقل کے باعث نیچے گر کر اشیاء کی سطح پر جم جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: جہاز کی کھڑکیاں سیٹوں کی متوازی نہیں ہوتیں، کیوں؟
کششِ ثقل کا کردار
زمین کی کششِ ثقل ہر چیز کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ دھول کے ذرات اگرچہ نہایت ہلکے ہوتے ہیں مگر بالآخر وہ بھی زمین کی طرف آتے ہیں۔ جب کوئی چیز طویل عرصے تک بغیر حرکت کے پڑی رہے تو اس کی سطح پر دھول کے ذرات آہستہ آہستہ جمع ہوتے رہتے ہیں۔ چونکہ وہ چیز استعمال نہیں ہو رہی ہوتی، اس لئے دھول کو ہٹانے والا کوئی عمل نہیں ہوتا اور وہ تہہ در تہہ جمع ہوتی رہتی ہے۔
جامد برقی چارج (Static Electricity)
بعض اوقات اشیاء کی سطح پر معمولی سا جامد برقی چارج پیدا ہو جاتا ہے، خاص طور پر پلاسٹک یا شیشے جیسی اشیاء پر۔ یہ چارج دھول کے ذرات کو کھینچتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹی وی اسکرین، کمپیوٹر مانیٹر یا پلاسٹک کی اشیاء پر دھول نسبتاً زیادہ جمی نظر آتی ہے۔
استعمال اور حرکت کی کمی
جوچیزیں روزانہ استعمال میں رہتی ہیں، ان پر دھول زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہتی۔ اس کے برعکس جو اشیاء لمبے عرصے تک ایک ہی جگہ رکھی رہتی ہیں ان پر دھول مسلسل جمع ہوتی رہتی ہے۔ اسی لئے پرانی چیزیں زیادہ گرد آلود نظر آتی ہیں۔