EPAPER
Updated: August 15, 2025, 12:01 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
اسے قومی ترانہ منتخب کرنے کے پیچھے اس کی شمولیتی سوچ، ادبی حسن ، سیکولر پیغام،مذہبی غیر جانبداری اور قومی اتحاد کا جذبہ شامل ہے۔
ملک کی آزادی میں کئی ترانوں اور گیتوں نے مجاہدین اورشہریوں میں جوش و جذبہ پیدا کرنے کا کام کیا۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ ’’جَن گَن مَن‘‘ ہی کو ہندوستان کا قومی ترانہ کیوں منتخب کیا گیا؟
تاریخی پس منظر
قیامِ ہند سے قبل ہی آزادی کی جدوجہد کے دوران ایسے نغموں کی تلاش جاری تھی جو پورے ہندوستان کی نمائندگی کر سکیں۔ ۱۹۱۱ء میں رابندرناتھ ٹیگور نے ’’جَن گَن مَن‘‘ لکھا جو بعد میں۱۹۱۱ء کی کلکتہ سیشن میں کانگریس کے اجلاس میں پہلی بار گایا گیا۔ اس نغمے نے عوام کے دلوں کو چھو لیا اور جلد ہی آزادی کے متوالوں کے دل کی آواز بن گیا۔
قومی وحدت کی علامت
’’جَن گَن مَن‘‘ کی سب سے بڑی خوبی اس کا ہمہ گیر اور شمولیتی پیغام ہے۔ یہ ترانہ ملک کے مختلف خطوں، مذاہب، ثقافتوں اور زبانوں کے لوگوں کو ایک دھاگے میں پروتا ہے۔ اس میں کسی خاص مذہب، ذات یا فرقے کی نہیں بلکہ پورے ہندوستان کی بات کی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے قومی وحدت کی بہترین علامت سمجھا گیا۔
ادبی و موسیقی حسن
یہ ترانہ نہ صرف الفاظ میں لطافت رکھتا ہے بلکہ اس کی موسیقی بھی ایسی ترتیب دی گئی ہے کہ وہ سننے والوں کے دل میں جوش، فخر اور حب الوطنی کے جذبات جگا دیتی ہے۔ رابندرناتھ ٹیگور جو خود ایک نوبیل انعام یافتہ ادیب و شاعر تھے، نے اس ترانے کو نہایت فصیح اور ادبی انداز میں تخلیق کیا جو آج بھی اپنی جمالیاتی قدر و قیمت کے ساتھ برقرارہے۔
سرکاری منظوری اور قبولیت
جب ہندوستان آزاد ہوا تو ایک قومی ترانے کے انتخاب کا معاملہ زیرِ غور آیا۔ کئی تجاویز پیش کی گئیں جن میں ’’وندے ماترم‘‘ بھی شامل تھا لیکن آخرکار ’’جَن گَن مَن‘‘ کو ۲۴؍ جنوری۱۹۵۰ء کو ہندوستان کا قومی ترانہ قرار دیا گیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ یہ ترانہ زیادہ جامع، غیر متنازع اور تمام قوموں کو ساتھ لے کر چلنے والا مانا گیا۔
مذہبی اور سیاسی غیر جانبداری
جہاں ’’وندے ماترم‘‘ کو بعض اقلیتوں کی طرف سے مذہبی پہلوؤں کی وجہ سے اعتراض کا سامنا تھا، وہیں ’’جَن گَن مَن‘‘ کو ایک غیر جانبداراور سیکولر ترانہ سمجھا گیا۔ اس میں کسی خاص دیوی یا مذہبی علامت کا ذکر نہیں بلکہ وطن کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ اس نے ترانے کو ہر طبقے کیلئے قابلِ قبول بنایا۔