Inquilab Logo

۹؍ اہم دستاویزات (ڈاکیومنٹس)جن کی ہر طالب علم کو فکر کرنی چاہئے!

Updated: September 15, 2023, 2:41 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

بحیثیت طالب علم اور بحیثیت ایک ذمہ دار شہری آپ کو اپنی تمام دستاویزات ہمہ وقت تیار رکھنی چاہئیں، اُن میں آپ کے نام اور والد، والدہ کے نام کی اسپیلنگ، آپ کی تاریخ پیدائش وغیرہ بالکل صحیح درج ہو۔

Try to get all your documents correct after you reach 8th standard. Photo: INN
ہشتم جماعت میں پہنچنے کے بعد ہی کوشش کریں کہ آپ کی تمام دستاویزات درست ہوں۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان ایک متنوع ملک ہے جہاں مختلف مذاہب کے لوگ آباد ہیں لیکن بعض چیزیں ایسی ہیں جو ہر ہندوستانی کیلئے ایک سی ہیں مثلاً قانونی دستاویزات۔ دستاویزات (ڈاکیومنٹس) یہ ظاہر کرتی ہیں کہ آپ اسی ملک کے شہری ہیں ۔ یہ آپ کی شناخت ہوتی ہے۔ ہر قانونی دستاویز اہم ہوتی ہے لیکن بعض اہم ترین ہوتی ہیں ، خاص طور پر طلبہ کیلئے۔ 
 اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ابتدائی جماعتوں میں طلبہ دستاویزات کے متعلق سنجیدہ نہیں ہوتے، اور نہ ہی انہیں ان چیزوں کی فکر ہوتی ہے لیکن ہشتم میں پہنچتے ہی طلبہ کو اس بات کی فکر کرنی چاہئے کہ ان کی تمام دستاویزات نہ صرف تیار ہوں بلکہ درست بھی ہوں ، یعنی سبھی میں ایک جیسا نام اور پیدائش کی تاریخ وغیرہ لکھی ہو۔ ہر جگہ نام کی اسپیلنگ ایک جیسی ہو، اس میں کوئی کمی بیشی نہ ہو۔ ابتداء ہی میں اس جانب توجہ دینے سے مستقبل میں پیش آنے والے متعدد مسائل سے بچا جاسکتا ہے۔
 ان صفحات پر ۹؍ دستاویزات کے متعلق بتایا گیا ہے لیکن یاد رہے کہ یہ ہر طالب علم کیلئے ضروری نہیں ہے۔ مثلاً لیونگ سرٹیفکیٹ (ایل سی)، ٹرانسفر سرٹیفکیٹ (ٹی سی)، بونافائیڈ اور مائیگریشن سرٹیفکیٹ، ہمیشہ کام نہیں آتے، ان کی ضرورت اس وقت پڑتی ہے جب آپ کو کسی دوسرے اسکول یا کالج میں داخلہ لینا ہوتا ہے۔ اسکول یا کالج بدلنے پر چونکہ آپ کو ان کا اوریجنل جمع کروانا ہوتا ہے اس لئے اس کی فوٹو کاپی اپنے پاس ضرور محفوظ کرلیں کیونکہ بعض دفعہ یہ دستاویز پاسپورٹ بنوانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ 
واضح رہے کہ مدنی ہائی اسکول، جوگیشوری میں ۲۶؍ اگست ۲۰۲۳ء کو یوم دستاویزات منایا گیا تھا جس میں مختلف دستاویز کے متعلق طلبہ اور ان کے والدین کی رہنمائی کی گئی تھی۔ اس دن کو منانے کا مقصد مستقبل میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران طلبہ کو مختلف پریشانیوں اور دشواریوں سے محفوظ رکھنا تھا۔ اسی پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے اس ہفتے کی کور اسٹوری دستاویز کی اہمیت پر ہے جس کا مطالعہ ہر طالب علم کو کرنا چاہئے۔ 
Aadhar Card
آدھار کارڈ: یہ دستاویز آج ہر چھوٹے بڑے کام کیلئے درکار ہوتی ہے۔ بینک اکاؤنٹ کھولنا ہو یا سم کارڈ خریدنا ہو، ہر جگہ سب سے پہلے آدھار کارڈ ہی طلب کیا جاتا ہے۔ یہ دستاویز انتہائی کم عمری میں بن جاتی ہے جس میں بایو میٹرک (انگلیوں کے نشان اور آنکھوں کی بناوٹ) کی معلومات محفوظ کی جاتی ہے۔ آدھار تاعمر ساتھ رہتا ہے لیکن اگر آپ اپنی تصویر یا دیگر تفصیلات میں تبدیلی چاہتے ہیں تو ضروری دستاویزات جمع کرکے یہ بھی کرواسکتے ہیں ۔ یاد رہے کہ آدھار کارڈ ہر ہندوستانی کیلئے اہم ترین دستاویز بن گئی ہے۔ یہ آپ کی ہندوستانی شناخت کا ثبوت ہے جس کا ہر شہری کے پاس ہونا اہم ہے۔
Birth Certificate
پیدائشی سرٹیفکیٹ: یہ دستاویز بچے کی پیدائش کے وقت ہی بنائی جاتی ہے۔یہ بچے کے ہندوستانی ہونے کا پہلا ثبوت ہے۔ اسی کی بنیاد پر اس کی دیگر دستاویزات تیار ہوتی ہیں ۔ آپ کے پاس برتھ سرٹیفکیٹ کا ہونا ضروری ہے۔ ہندوستان میں بیشتر معاملات میں یہ ڈاکیو منٹ طلب کیا جاتا ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ ۱۸؍ سال کے ہونے تک برتھ سرٹیفکیٹ مختلف معاملات میں آپ سے متعدد مرتبہ طلب کیا جاسکتا ہے۔ اسی کی بنیاد پر بچے کا اسکول میں داخلہ بھی کروایا جاتا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس کی عمر اسکول میں داخلے کی ہوگئی ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے بھی یہ دستاویز کافی اہم ہے۔
Leaving Certificate
لیونگ سرٹیفکیٹ: کسی دوسرے اسکول میں داخلہ لینے کیلئے طالب علم کے پاس لیونگ سرٹیفکیٹ (ایل سی) کا ہونا ضروری ہے۔ اسی کی بنیاد پر آپ کو دوسرے اسکول میں داخلہ دیا جائے گا۔ اسی طرح جب طلبہ کالج میں پہنچ جاتے ہیں تو انہیں ایل سی کی نہیں بلکہ ٹی سی (ٹرانسفر سرٹیفکیٹ) کی ضرورت پڑتی ہے۔ بونافائیڈ ایک ایسی دستاویز ہے جو اس بات کا ثبوت ہوتی ہے کہ مخصوص طالب علم اسی ادارے میں تعلیم حاصل کررہا ہے۔ یہ تمام دستاویزات اسکول / کالج کی جانب سے جاری کی جاتی ہیں ۔ بونافائیڈ آپ بوقت ضرورت اسکول یا کالج سے طلب کرسکتے ہیں ۔ چند معاملات میں اس کی ضرورت پڑتی ہے۔
Ration Card
راشن کارڈ: یہ کارڈ ریاستی حکومت کی جانب سے شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے۔ اس کی ۳؍ اقسام ہیں ۔ حکومت ہند کی جانب سے نیشنل فوڈ سیکوریٹی ایکٹ کے تحت مستحق عوام میں سبسڈائزڈ اناج، شکر اور کیروسین کی تقسیم کیلئے راشن کارڈ کا ہونا ضروری ہے۔ یہ ایک لحاظ سے آپ کا ایڈریس اور شناختی ثبوت بھی ہوتا ہے۔ جب کسی خاندان میں بچہ جنم لیتا ہے تو اس کا نام راشن کارڈ میں شامل کیا جاتا ہے تاکہ سبسڈی میں اس کے حصے کا راشن بھی حاصل کیا جاسکے۔ ۱۸؍ سال سے زیادہ عمر والے شہری اپنے علاحدہ راشن کارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں البتہ ۱۸؍ سے کم عمر والے افراد کا شمار فیملی راشن کارڈ ہی میں ہوتا ہے۔
Income Certificate
آمدنی سرٹیفکیٹ: یہ(انکم سرٹیفکیٹ) مختلف مقاصد میں مفید ثابت ہوتا ہے، جیسے اسکولوں میں داخلہ حاصل کرنا، تعلیم کیلئے قرض حاصل کرنا، آمدنی پر عائد ہونے والے ٹیکس سے اپنی آمدنی بچانے کے ساتھ ساتھ دیگر مختلف سرٹیفکیٹس جیسے آدھار کارڈ، راشن کارڈ، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، ذات کا سرٹیفکیٹ وغیرہ حاصل کرنا۔ مہاراشٹر میں ہر وہ شخص انکم سرٹیفکیٹ بنواسکتا ہے جس کا کاروبار ہےیا وہ برسرروزگار ہے۔ حکومت کی مختلف اسکیموں کا فائدہ اٹھانے کیلئے طلبہ کو اس دستاویز کی ضرورت پڑتی ہے۔ تاہم، طلبہ کے والدین کو چاہئے کہ وہ انکم سرٹیفکیٹ ضرور بنوائیں تاکہ بوقت ضرورت اسے جمع کروایا جاسکے۔
Domicile Certificate
ڈومیسائل سرٹیفکیٹ: مہاراشٹر میں کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے کیلئے یہ دستاویز کافی اہم ہے۔اس کے بغیر طلبہ کو داخلہ لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، خاص طور پر ایچ ایس سی میں کامیابی کے بعد۔ یہ سرکاری اداروں میں رہائشی کوٹہ حاصل کرنے اور مہاراشٹر حکومت کی اسکیموں کے تحت فوائد حاصل کرنے کے ثبوت کے طور پر کام کرتا ہے۔اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ آپ مہاراشٹر کے باشندے ہیں اس لئے حکومت کی جانب سے جو مراعات ہیں ، وہ آپ کو ملنی چاہئیں ۔ خیال رہے کہ ہندوستان کی کسی ایک ریاست ہی سے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ لیا جاسکتا ہے۔
Caste Certificate
ذات سرٹیفکیٹ: اس دستاویز کے ذریعے آپ اسکولوں / کالجوں میں داخلہ، داخلہ امتحانات، ملازمت، ریاستی سبسڈیز، اور گرانٹس میں فوائد حاصل کر سکتے۔کچھ معاملات میں یہ سرٹیفکیٹ بہت اہم ہو سکتا ہے۔ ان مدوں میں بھی ذات سرٹیفکیٹ کارآمد ثابت ہوتا ہے؛ ہاؤسنگ اور خود روزگار کے پروگرام، رہائش کیلئے سائٹ کا انتخاب، بطور امیدوار الیکشن، وغیرہ۔ یہ سرٹیفکیٹ حکومت ہند کی جانب سے نہیں بلکہ ریاستی اور مقامی حکام سے منظور شدہ ہوتا ہے، مثلاً سب ڈویژنل افسران یا تحصیلداروں کے ذریعے۔ کاسٹ سرٹیفکیٹ کیلئے آپ آن لائن بھی درخواست دے سکتے ہیں ، یا، آف لائن بھی۔
Non Creamy Layer Certificate
نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ: خیال رہے کہ کاسٹ سرٹیفکیٹ اور نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ میں فرق ہے۔ مرکزی حکومت کی ملازمتوں اور مسابقتی امتحانات کی درخواست دینے کیلئے اس کا ہونا لازمی ہے۔ نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ جاری ہونے کی تاریخ سے یہ ایک سال تک ہی قابل قبول ہوگا۔ شہری کی ذات اور والدین کی آمدنی کی بنیاد پر، اسے کریمی اور غیر کریمی تہوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جن افراد کی آمدنی ۸؍ لاکھ سے کم ہوتی ہے انہیں نان کریمی لیئر سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے جبکہ اس سے زائد آمدنی والوں کو کریمی لیئر۔
Migration Certificate
مائیگریشن سرٹیفکیٹ: ایچ ایس سی میں کامیابی کے بعد گریجویشن یا کسی دوسرے کورس میں اگر آپ داخلہ لینا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس مائیگریشن سرٹیفکیٹ کا ہونا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ تعلیمی بورڈ، کالج پرنسپل، یا ڈین ہی کو مائیگریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار ہوتا ہے، یعنی اگر آپ کسی دوسرے کالج میں داخلہ لینا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے کالج سے مائیگریشن سرٹیفکیٹ لینا ہوگا اور اسے اس کالج میں جمع کروانا ہوگا جس میں آپ داخلہ کے خواہشمند ہیں ۔ واضح ہو کہ ٹی سی اور مائیگریشن میں فرق ہے۔ آخری الذکر سرٹیفکیٹ ایچ ایس سی کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ہی جاری کیا جاتا ہے۔
یہ دستاویزات بھی اہم ہیں 
 ابھی آپ کی عمر ۱۸؍ سال سے کم ہے لیکن جب آپ ۱۸؍ سال کے ہوجائیں تو یہ دستاویزات بھی فوری طور پر بنوالیں ۔ تاہم، اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ہر دستاویز میں آپ کے اور آپ کے والدین کے ناموں کی اسپیلنگ اور آپ کی تاریخ پیدائش ایک جیسی ہی ہو۔
ووٹر آئی ڈی: اس سے آپ رائے دہندگان میں شامل ہوجائیں گے اور آپ کو اپنی حکومت منتخب کرنے کا اختیار ہوگا۔
پین کارڈ: یہ مالی معاملات کیلئے کافی اہم ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس: ملک میں گاڑی چلانے کا اختیار دینے والی دستاویز۔ 
پاسپورٹ: بطور ہندوستانی آپ دیگر ممالک کا سفرکرسکتے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK