Inquilab Logo

نئے تعلیمی سال میں ہمہ وقت فعال رہنے کیلئے اپنایئے ۹؍ تکنیک !

Updated: June 08, 2024, 5:07 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

چند دنوں میں اسکول شروع ہوجائینگے، طلبہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ابتداء ہی سے ایکٹیو رہیں، صرف اسکول نہیں بلکہ دیگر کاموں میں بھی، تاکہ کم وقت میں زیادہ کام ہو اور آپ امتحانوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرسکیں

Many students are excited at the beginning of the new academic year but gradually their enthusiasm starts to cool down, they should know the reason and get rid of it. Photo: INN
کئی طلبہ نئے تعلیمی سال کے آغاز میں پُرجوش ہوتے ہیں مگر آہستہ آہستہ ان کا جوش سرد پڑنے لگتا ہے، انہیں اس کی وجہ جان کر اس سے چھٹکارا پانا چاہئے۔ تصویر : آئی این این

اگر نئے سال کا آغاز بہترین انداز میں ہو تو انسان اطمینان محسوس کرتا ہے۔ بیشتر افراد ہر نئے سال پر عزم کرتے ہیں کہ وہ سال بھر کوئی خاص کام نہیں کریں گے (یا کریں گے)، اور پھر پورا سال اسی پر قائم رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر صحتمند عادات اپنائی جاتی ہیں تو سال بھر میں ان میں کافی مثبت تبدیلیاں آجاتی ہیں۔اور پھر جب وہ اپنے بہتر ورژن دیکھتے ہیں تو ان کا حوصلہ بڑھتا ہے۔ اس طرح وہ ہر سال اپنے لئے ہدف طے کرتے ہیں اور انہیں پانے کی کوشش کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ جو افراد اس طرح زندگی گزارتے ہیں، وہ بعد کی زندگی میں کامیاب کہلاتے ہیں۔
 بیشتر ماہرین کہتے ہیں کہ نوعمری یا طالب علمی کی زندگی میں اگر طلبہ میں ڈسپلن آجائے تو پھر عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد وہ نہ صرف کامیاب بلکہ صحت مند زندگی گزاریں گے۔ ڈسپلن ہر عمر میں اہم ہوتی ہے اور اس کے بارے میں کم عمری ہی میں جان لینا دانشمندی ہے۔ 
 اسلامی نئے سال (جس کا آغاز محرم سے ہوتا ہے) اور عیسوی نئے سال (جو جنوری سے شروع ہوتا ہے) کے علاوہ طلبہ کیلئے ایک اور نیا سال کافی اہمیت کا حامل ہے اور وہ ہے نیا تعلیمی سال جو جون سے شروع ہوتا ہے۔ آئندہ چند دنوں میں اسکول شروع ہوجائیں گے اور نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوجائے گا۔ نئی کلاس، نیا یونیفارم، نئے جوتے، نیا بستہ، لنچ باکس، پانی کی بوتل وغیرہ، سبھی نئی ہوں گی۔ پہلے دن اسکول جانے کا جوش اس لئے بھی زیادہ ہوتا ہے کہ کم و بیش ۲؍ مہینوں کی چھٹی کے بعد طلبہ اپنے دوستوں اور اساتذہ سے ملتے ہیں۔ ابتدا ءمیں ہر طالب علم اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ وہ اس سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کرے گا مگر ہر طالب علم اپنے اس ہدف پر قائم نہیں رہ پاتا۔ متعدد وجوہات کی بناء پر طلبہ کی اسکول اور پڑھائی میں دلچسپی ختم ہونے لگتی ہے۔ لیکن انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ ان کیلئے تعلیم اہم ترین چیز ہے اس لئے جو عوامل آپ کا جوش ٹھنڈا کررہے ہیں، انہیں جانئے اور ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کیجئے۔ 
 اکثر طلبہ کو سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ نئے تعلیمی سال کا آغاز کیسے کریں۔ بعض طلبہ کی شکایت ہے کہ وہ تعلیمی سال کے آغاز میں کافی پُر جوش ہوتے ہیں مگر چند دنوں یا مہینوں میں ان کا جوش ٹھنڈا پڑ جاتا ہے اور وہ بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ نہیں کرپاتے۔ اسی طرح ایسے طلبہ بھی ہوتے ہیں جنہیں سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ اپنے وقت کا درست استعمال کیسے کریں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر آغاز درست طریقے سے ہو تو انجام بہترین ہوتا ہے یعنی ہر امتحان، حتیٰ کہ سالانہ امتحان میں بھی نمایاں نمبروں سے کامیابی ملتی ہے۔
 ایک طالب علم کا فعال رہنا بہت ضروری ہے، پھر چاہے وہ نصابی سرگرمیاں ہوں یا غیر نصابی۔ ذہنی اور جسمانی طور پر فعال رہنے کیلئے کئی فائدے ہیں۔ تعلیمی کامیابی میں یہ دونوں چیزیں کافی اہم ہوتی ہیں۔
 فعال زندگی گزارنے سے یادداشت بہتر ہوتی ہے۔ اس کا اہم فائدہ یہ ہے کہ آپ کا ذہن تیز ہوگا اور کمرۂ جماعت میں فعالیت بڑھے گی۔ایسی درجنوں تکنیک ہیں جن پر عمل کرکے طلبہ اپنی کارکردگی بہتر بناسکتے ہیں۔ جانئے ایسی ہی ۹؍ تکنیک کے بارے میں۔

2-Minute Rule
 کسی بھی کام کو تیزی سے نمٹا کر اپنی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے نیز ہمہ وقت فعال رہنے کا یہ سب سے آسان فارمولا ہے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ کوئی بھی کام ۲؍ منٹ میں کیسے ہوگا۔ لیکن یہ فارمولا کہتا ہے کہ اگر آپ کے پاس کوئی ایسا کام آتا ہے (یا کوئی ایسا کام ہے) جسے آپ ۲؍ منٹ میں مکمل کرسکتے ہیں،یا، جسے ۲؍ منٹ میں کرنا ممکن ہے تو اس کیلئے انتظار مت کیجئے یا اس کام کو ٹالئے نہیں بلکہ فوری طور پر اسے مکمل کرلیجئے۔ اس طرح آپ کم وقت میں زیادہ کام کرسکیں گے۔ یہی نہیں بلکہ اس سے آپ ذہنی اور جسمانی طور پر زیادہ فعال ہوں گے۔ کام ٹالتے رہنے سے ٹلتا ہے اور پھر کام بڑھتا ہے۔

Five-Second Rule
 ہر کام اس وقت تک کام محسوس ہوتا ہے جب تک اسے شروع نہ کیا جائے۔ اسی طرح کوئی بھی کام اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا ہے جب تک اسے شروع نہ کیا جائے۔ آپ نے اکثر سنا ہوگا کہ کوئی بھی کام کرنے سے پہلے لوگ کہتے ہیں کہ ’’کام کرنے کا موڈ نہیں بن رہا ہے۔‘‘ یہی وہ جملہ ہے جو کام شروع کرنے میں رکاوٹ بنتا ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ لوگوں کو کام کا آغاز کرنے کیلئے اپنے آپ کو ذہنی طور پر تیار کرنا ہوتا ہے۔ ۵؍ سیکنڈ کا فارمولا کہتا ہے کہ اُلٹی گنتی گنئے، یعنی ۵، ۴، ۳، ۲، ایک، اور پھر کام شروع کردیجئے۔ اس طرح آپ اپنے ذہن کو کام کا آغاز کرنے کیلئے اکساتے ہیں۔

1-3-5 Rule
 اگر صبح کی شروعات بہتر طریقے سے ہو تو پھر پورا دن اچھا گزرتا ہے اس لئے صبح بیدار ہونے کے بعد ایسی چیزوں سے بچئے جن سے آپ ذہنی طور پر پریشان ہوسکتے ہیں۔ دن بھر میں کئے جانے والے اپنے کاموں میں اس طرح تقسیم کرلیجئے: سب سے اہم کام، تھوڑے کم اہم ۳؍ کام اور چھوٹے چھوٹے ۵؍ کام۔ اب آپ کو اسی ترتیب کے لحاظ سے اپنے کام انجام دینے ہیں۔ اہم ترین یا بڑے کام کو زیادہ وقت  لگے گا اس لئے پہلا بڑا کام کریں ، اس کے بعد ۳؍ کم اہم اور ۵؍چھوٹے کام کیجئے۔ یاد رکھئے کہ اپنی سہولت کے لحاظ سے آپ یہ ترتیب بدل بھی سکتے ہیں، مثلاً، ۵،۳، ایک، یا، ۳، ایک،۵۔

80/20 Rule
 اگر اس کا درست استعمال کیا جائے تو یہ تکنیک امتحان کے دنوں میں کافی کارگر ثابت ہوسکتی ہے۔یاد رکھئے کہ کسی بھی کام کو انجام دینے کیلئے اگر آپ پوری دیانتداری سے ۲۰؍ فیصد محنت کرتے ہیں تو اس کے ۸۰؍ فیصد مثبت نتائج ملتے ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ یہ تکنیک روزمرہ کی زندگی اور کاموں میں بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ تاہم، اس کیلئے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کون سے کام میں آپ اسے آزما سکتے ہیں، مثلاً امتحان کے دنوں میں ایسے بڑے جواب جن کی صرف ذیلی سرخیاں ذہن نشین کرلینے پر آپ پورا متن لکھ سکتے ہوں، اس طرح آپ نے ۲۰؍ فیصد محنت کی مگر امتحان میں اس کے ۸۰؍ فیصد نتائج ملے۔ 

Pomodoro Technique
 اس تکنیک کے بارے میں تعلیمی انقلاب کی کور اسٹوریز میں متعدد مرتبہ بتایا جاچکا ہے۔ اسے آسان الفاظ میں سمجھئے۔ کوئی بھی کام مکمل کرنے کیلئے ٹائمر کا استعمال کیجئے۔ ٹائمر کو ۲۰؍ منٹ پر سیٹ کیجئے۔ اب کوئی بھی ایک کام شروع کیجئے۔ ۲۰؍ منٹ پر جب ٹائمر بجنے لگے تو ۵؍  منٹ کا بریک لیجئے۔ یہ کام آپ کو ۴؍ مرتبہ کرنا ہے۔ اس طرح ۱۰۰؍  منٹ میں آپ کے ۴؍ بڑے اور اہم کام ہوجائیں گے۔ اس کے بعد ۲۰؍ سے ۲۵؍ منٹ کا بڑا بریک لیں اور پھر آگے کا کام انجام دینے کیلئے دوبارہ اسی تکنیک کو آزمایئے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ کم وقت میں اہم اور زیادہ کام کرنے کا یہ سب سے آسان طریقہ ہے۔

Eliminate Multitasking
 اگر آپ بیک وقت کئی کاموں کے ماہر ہیں تو یہ آپ کی اہم ترین صلاحیت ہے لیکن بیک وقت متعد د کاموں کو انجام دینے کی کوشش بالکل مت کیجئے۔ ملٹی ٹاسکنگ میں سب سے بڑا خطرہ کاموں کا غلط ہوجانا اور وقت پر ان کا مکمل نہ ہونا ہے۔ اس لئے ایک وقت میں ایک کام پر توجہ دیجئے۔ اس طرح آپ یکسوئی سے اور اچھا کام کرسکیں گے۔ البتہ اس بات کا خیال رہے کہ ایک کام مکمل کرنے میں ضرورت سے زیادہ وقت ضائع نہ ہو۔ پہلے ہی طے کرلیجئے کہ آپ ایک کام کتنے وقت میں مکمل کرلیں گے اور پھر اسی وقت میں کام پورا کیجئے۔ماہرین بھی ملٹی ٹاسکنگ کو صلاحیتوں کیلئے مضر قرار دیتے ہیں۔

"Not To-Do" List
 روزانہ کی بنیاد پر اُن کاموں کی فہرست تیار کیجئے جو آپ کرنا چاہتے ہیں، مثال کے طور پر آپ نے ۲۰؍ کاموں کی فہرست تیار کی۔ اب فیصلہ کیجئے کہ آپ کتنے وقت میں یہ ۲۰؍ کام مکمل کریں گے، مثلاً ۸؍ گھنٹے میں۔ اب اپنے آپ سے سوال پوچھئے کہ کیا آپ ۸؍ گھنٹے میں یہ ۲۰؍ کام کرسکیں گے؟ اگر ہاں تو کر گزریئے، اور اگر یہ مشکل لگتا ہے تو ۲۰؍ میں سے اہم ترین کاموں پر نشان لگایئے اور جو اہم نہیں ہیں یا کم اہم ہیں اور انہیں بعد میں کیا جاسکتا ہے تو انہیں کٹ کردیجئے۔ جن کاموں کو آپ نے کاٹا وہ ’’ناٹ ٹو ڈو‘‘ لسٹ ہیں۔ یہ کام نہ کرکے آپ نے اپنا وقت اور توانائی دونوں کی بچت کی ہے۔

Eat The Frog
 مغربی دنیا میں مینڈک یعنی فراگ کو ایک طاقتور اور پھرتیلا جانور مانا جاتا ہے جسے پکڑنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اسی لحاظ سے یہ اصطلاح بنائی گئی ہے۔ ایٹ دی فراگ کا مطلب ہے کہ صبح بیدار ہونے کے بعد سب سے پہلے سب سے اہم، مشکل اور بڑا کام کیجئے۔ یہ کام مکمل کرلینے کے بعد آپ پورا دن فعال رہیں گے۔ آپ میں توانائی برقرار رہے گی اور آپ تمام کاموں کو تیزی سے کرتے جائیں گے۔ اس فقرے یوں بھی کہا جاتا ہے: ایٹ ٹو فراگ، یعنی دو مینڈک کھایئے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ کے پاس دو بڑے کام ہیں تو جو زیادہ مشکل ہے پہلے وہ کیجئے، پھر دوسرا کام کیجئے۔ 

Break Tasks Into Pieces
 فرض کیجئے کہ آپ کو دن بھر میں کئی کام ، یا، کوئی بڑا کام انجام دینا ہے۔ آپ اپنی سہولت کے لحاظ سے اسے توڑ لیجئے، یعنی تقسیم کرلیجئے، مثلاً آپ کو ایک بڑا جواب یاد کرنا ہے جو ۳؍ پیراگراف پر مشتمل ہے۔ پورا جواب ایک مرتبہ میں یاد کرنے سے بہتر ہے کہ آپ ایک وقت میں ایک پیراگراف یاد کیجئے، اسے اچھی طرح ذہن نشین کرلینے کے بعد دوسرے اور پھر تیسرے پیراگراف پر آیئے۔ اس طرح آپ نے اپنے کام چند حصوں میں تقسیم کرلیا، اور چند منٹوں میں اسے یاد کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ یاد رکھئے کہ دیگر کاموں مثلاً غیر نصابی سرگرمیوں کیلئے بھی آپ اس تکنیک کا سہارا لے سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK