Inquilab Logo Happiest Places to Work

آپ مشین کو سکھائیں گے کہ وہ ڈیٹا سے کیسے سیکھے اور فیصلے کرے!

Updated: May 01, 2026, 5:04 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

کیا آپ نے کبھی سوچا کہ یوٹیوب یا نیٹ فلکس آپ کی پسند کے مطابق کانٹینٹ کیسے پیش کرتے ہیں ؟ یہ مشین اور سافٹ ویئرز کو تربیت دینے والے انجینئر کا کارنامہ ہے جو مشین کو کام سکھاتا ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

تعارف: اس کورس کا نام ہے بی ٹیک اِن آرٹی فیشل انٹیلی جنس اینڈ مشین لرننگ۔ یہ ایک ۴؍سالہ (۸؍ سمسٹر) انجینئرنگ ڈگری پروگرام ہے۔ اس کورس میں طلبہ کو اے آئی، ڈیٹا سائنس اور مشین لرننگ کی عملی اور نظریاتی تعلیم دی جاتی ہے۔ یہ ایک جدید اور تیزی سے مقبول ہونے والا کورس ہے۔ یہ کورس طلبہ کو مستقبل کی ٹیکنالوجی کے میدان میں کامیاب کریئر بنانے کے قابل بناتا ہے۔ 

کیوں کریں؟ مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ مستقبل کی اہم ترین ٹیکنالوجیز ہیں جن کی دنیا بھر میں تیزی سے مانگ بڑھ رہی ہے۔ اس کے ذریعے طلبہ کو اعلیٰ تنخواہ والی نوکریوں اور عالمی سطح پرکریئر بنانے کے بہترین مواقع ملتے ہیں نیز یہ کورس انسان کو جدید مسائل کے حل اور نئی ایجادات میں حصہ لینے کا اہل بناتا ہے۔ 

کیا آپ میں یہ صلاحیتیں ہیں: یہ کورس اُن طلبہ کیلئے بہترین ہے جو کمپیوٹر، ٹیکنالوجی اور پروگرامنگ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور نئے سافٹ ویئر اور سسٹمز بنانا چاہتے ہیں۔ جو طلبہ ریاضی میں اچھے ہیں اور منطقی سوچ رکھتے ہیں وہ اس فیلڈ میں بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایسی مشین بنانا چاہیں گے جو خود سوچ سکے؟

اہلیت: اس کورس میں داخلے کیلئے طلبہ کا بارہویں میں سائنس اسٹریم (فزکس، کیمسٹری اور میتھمیٹکس) کے ساتھ پاس ہونا ضروری ہے۔ عام طور پر کم از کم۵۰؍ سے ۷۰؍ فیصدنمبر درکار ہوتے ہیں۔ داخلہ زیادہ تر انٹرنس ٹیسٹ( جے ای ای مینس) کے ذریعے ہوتا ہے۔ 

کیا سیکھیں گے؟ اس کورس کے دوران طلبہ کو پروگرامنگ اسکلز جیسے پائتھون، سی پلس پلس اور جاواکے ساتھ ڈیٹا اسٹرکچر اور الگورتھمز کی بہتر سمجھ حاصل ہوتی ہے۔ طلبہ کو ڈیپ لرننگ، نیچرل لینگویج پروسیسنگ اور ریئل ورلڈ پروجیکٹس پر کام کرنے کی صلاحیت بھی حاصل ہوتی ہے۔ 

کریئر کے مواقع : اس کورس کے بعد طلبہ کیلئے اے آئی انجینئر، مشین لرننگ انجینئر، ڈیٹا سائنٹسٹ اور ڈیٹا اینالسٹ جیسےہائی ڈیمانڈ جاب دستیاب ہیں۔ وہ بڑی آئی ٹی کمپنیوں جیسے گوگل، مائیکروسافٹ اورامیزون میں ملازمت حاصل کر سکتے ہیں۔ سالانہ اوسط تنخواہ ۵؍ تا ۱۵؍ لاکھ روپے ہوسکتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: آسان طریقے سے تھیوری کے ساتھ پریکٹیکل، یہ ہے اس کورس کی خصوصیت

بہترین کالجز: ہندوستان میں کئی ٹاپ ادارے یہ کورس پیش کرتے ہیں۔ گورنمنٹ کالجز میں آئی آئی ٹی بامبے، آئی آئی ٹی دہلی، آئی آئی ٹی مدراس اور آئی آئی ٹی حیدر آباد شامل ہیں جبکہ این آئی ٹی تریچی اور این آئی ٹی سورتھکل بھی اس فیلڈ میں اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ یہاں داخلہ جے ای ای کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ 

اس فیلڈ کی قابل ذکر شخصیات: ان کے متعلق پڑھ کر اورا ن سے سیکھ کر بھی آپ تحریک حاصل کرسکتے ہیں۔ اس فیلڈ کی قابل ذکر شخصیات میں پُشمیت کوہلی(Pushmeet Kohli)، رجت مونگا(Rajat Monga)، سی وی جواہر(C V Jawahar)، یان لی کون(Yann LeCun) اوراینڈریو این جی(Andrew Ng) وغیرہ شامل ہیں۔ 
طلبہ توجہ دیں کہ ’’اے آئی اینڈ ایم ایل‘‘ کورس کو آج کے دور کی سب سے قیمتی ٹیکنالوجی اسکلز میں شمار کیا جاتا ہے۔ صنعتی ماہرین اسے مستقبل کی ’’ گولڈ اسکل‘‘(Gold Skill) یعنی سنہرا ہنر قرار دیتے ہیں 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK