Inquilab Logo Happiest Places to Work

کم سرمایہ میں شروع ہونے والے کاروبارجن کی ’ڈیمانڈ‘بڑھ رہی ہے

Updated: July 08, 2026, 11:59 AM IST | Domantas Pucias | Mumbai

ایسے نوجوان جو کاروبار میں قسمت آزمانا چاہتے ہیں ، ان کے لئے کچھ ’کاروباری آئیڈیاز‘ اس مضمون میں پیش کئے جارہے ہیں ،جو اُن کےلئے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

Cloud Kitchen Business Opportunities Are High In Metro Cities,.Photo:AI
میٹرو شہروں میں کلاؤڈ کچن کاروبار کے مواقع زیادہ ہیں-تصویر:اے آئی
ملک میں کم سرمایہ کاری سے شروع کئے جانے والے چھوٹے کاروبار نووارد کاروباریوں کیلئے اسلئے پرکشش ہیں کیونکہ یہ زیادہ سرمایہ، کاروباری تجربے یا پیچیدہ انفراسٹرکچر کے بغیر آمدنی حاصل کرنے کا ایک حقیقت پسندانہ راستہ فراہم کرتے ہیں۔ شہری علاقوں میں بڑھتی طلب، ڈیجیٹل سہولتوں تک آسان رسائی اور کام کے بدلتے انداز نے سروس پر مبنی، گھریلو اور مقامی کاروبار شروع کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے، جو ابتدا ہی سے مستقل آمدنی فراہم کر سکتے ہیں۔آج ملک میں بہت سے منافع بخش چھوٹے کاروبار روزمرہ کی ضروریات جیسے خوراک، تعلیم، ذاتی خدمات، مرمت اور مقامی تجارت پر مبنی ہیں، جبکہ کچھ کاروبار تدریس، ڈیزائن، فٹنس اور ڈیجیٹل خدمات جیسی مہارتوں سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ اسی طرح مینوفیکچرنگ اور ماحول دوست مصنوعات پر مبنی کاروبار بھی ان افراد کے لئے بہترین انتخاب ہیں جو مستقل طلب اور بار بار آنے والے گاہک چاہتے ہیں۔کسی بھی چھوٹے کاروبار کی کامیابی بنیادی طور پر چار عوامل پر منحصر ہوتی ہے: (۱) آپ کتنی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ (۲)  آپ کے پاس پہلے سے کون سی مہارتیں موجود ہیں۔(۳)  آپ کے ممکنہ گاہک کہاں رہتے ہیں۔(۴)  متعلقہ مصنوعات یا خدمات کی طلب سال بھر برقرار رہتی ہے یا نہیں۔ جب یہ تمام عوامل ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہوں تو سادہ کاروباری خیال بھی آن لائن تشہیر اور منظم منصوبہ بندی سے کامیاب کاروبار میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
(۱) مخصوص کھانوں کیلئے کلاؤڈ کچن
کلاؤڈ کچن، ایسا فوڈ بزنس ہے جو صرف ہوم ڈیلیوری کے لئے کام کرتا ہے اور جہاں گاہکوں کے بیٹھ کر کھانا کھانے کی سہولت(Dine-in) موجود نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ہندوستان میں کم لاگت کے ساتھ فوڈ انڈسٹری میں قدم رکھنے کے خواہش مند افراد کیلئے ایک قابلِ توسیع کاروباری ماڈل سمجھا جاتا ہے۔ اس کاروبار کو شروع کرنے کے لئے عموماً ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک کی سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے، جس کا انحصار کچن کے آلات، پیکیجنگ اور ڈیلیوری کے دائرۂ کار پر ہوتا ہے۔ کلاؤڈ کچن اس وقت زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جب وہ ایک ہی مخصوص قسم کے کھانے پر توجہ دیتے ہیں، مثلاً بریانی، شمالی ہندوستانی تھالی، صحت بخش باؤلز،یا علاقائی روایتی پکوان۔ محدود مینو رکھنے سے کھانے کا ضیاع کم ہوتا ہے اور آرڈرز جلد تیار کیے جا سکتے ہیں۔ بہت سے کاروباری افراد ابتدا میں اپنے گھریلو کچن سے کام شروع کرتے ہیں، اور جب روزانہ آرڈرز کی تعداد ۳۰؍ سے۴۰؍ کھانوں تک پہنچ جاتی ہے تو وہ ’شیئرڈ کمرشل کچن‘ منتقل ہو جاتے ہیں۔ اس کاروبار کی ترقی کا انحصار آن لائن موجودگی پر ہوتا ہے۔ فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارمز کے علاوہ کامیاب برانڈز اپنی ای کامرس ویب سائٹ بھی بناتے ہیں تاکہ مستقل گاہک بغیر کسی تھرڈ پارٹی پلیٹ فارم کے کمیشن کے براہِ راست آرڈر دے سکیں۔واضح مینو، مقررہ قیمتیں اور معیاری پیکیجنگ گاہکوں کا اعتماد بڑھانے کے ساتھ بہتر ریٹنگ حاصل کرنے میں بھی مدد دیتی ہیں۔ جب برانڈ مقبول ہونا شروع ہو جائے تو ایک پیشہ ور فوڈ بزنس ویب سائٹ کے ذریعے اپنے کھانوں کی خاصیت، صفائی کے معیار، خصوصی کامبو آفرز اور سبسکرپشن پلانز کو مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ اس ماڈل کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کے ذریعے’فرنٹ اینڈ کوسٹس‘ میں نمایاں اضافہ کیے بغیر مختلف برانڈز متعارف کرائے جا سکتے ہیں یا نئے مقامات پر کاروبار کو آسانی سے وسعت دی جا سکتی ہے۔
(۲) آن لائن ٹیوشن سروسیز
اسکی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے، کیونکہ والدین، طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد اب روایتی اور ہجوم والے کلاس رومز کے بجائے’پرسنلائزڈ لرننگ‘ کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ کاروباری ماڈل اسکول کے مضامین، مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری، زبانیں سکھانے اورکوڈنگ، اسپوکن انگلش جیسی مہارتوں پر مبنی کورسز کیلئے نہایت موزوں ہے۔زیادہ تر اساتذہ ۱۰؍ہزارسے۳۰؍ روپے کی سرمایہ کاری سے اس کاروبار کا آغاز کرتے ہیں، جس میں ایک لیپ ٹاپ، اچھا انٹرنیٹ کنکشن اور بنیادی تدریسی آلات شامل ہوتے ہیں۔ اکثر ٹیوٹر ابتدا میں۵؍سے ۱۰؍ طلبہ کے ساتھ کام شروع کرتے ہیں، پھر گروپ کلاسیز، ریکارڈ شدہ لیکچرز یا امتحان پر مبنی خصوصی کورسیز متعارف کرا کے اپنے کاروبار کو وسعت دیتے ہیں۔ اس کاروبار کی ترقی کا انحصارکسی مخصوص مضمون یا شعبے میں مہارت اور طلبہ کے اچھے نتائج پر ہوتا ہے۔ 
(۳)  فری لانس ڈیجیٹل مارکیٹنگ سروسیز
اس کاروبار میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، کیونکہ مقامی کاروباروں کو اپنی آن لائن شناخت بڑھانے، نئے گاہک حاصل کرنے(لیڈجنریشن)  اور موجودہ گاہکوں سے مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کیلئے مسلسل ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی ضرورت رہتی ہے۔ اس کاروبار کو شروع کرنے کیلئے عموماً۲۰؍ سے ۴۰؍ روپے کی سرمایہ کاری کافی ہوتی ہے، جو زیادہ تر مہارت حاصل کرنے، ضروری سافٹ ویئر اور بنیادی برانڈنگ پر خرچ کی جاتی ہے۔ زیادہ تر فری لانسرز ابتدا میں ایک ہی بنیادی سروس، جیسے سرچ انجن آپٹیمائزیشن (ایس ای او) ، سوشل میڈیا مینجمنٹ یا آن لائن اشتہارات کی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ بعد میں جب انہیں۳؍ سے۵؍مستقل کلائنٹس مل جاتے ہیں تو وہ مختلف خدمات کو یکجا کرکے اپنے کاروبار کو مزید وسعت دیتے ہیں۔ہندوستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار  عموماً ایسے ماہرین کو ترجیح دیتے ہیں جو کسی ایک مخصوص مسئلے کا مؤثر حل پیش کرتے ہوں، بجائے ان افراد کے جو ہر شعبے میں مہارت کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ان کی خدمات کی واضح سمت نہ ہو۔کلائنٹس حاصل کرنے کے امکانات اس وقت زیادہ بڑھ جاتے ہیں جب فری لانسر درست پلیٹ فارمز اور ذرائع کا انتخاب کرے۔ بہت سے نئے فری لانسرز ابتدا میں معروف فری لانس ویب سائٹس اور نیٹ ورکس کے ذریعے منصوبے حاصل کرتے ہیں، جس سے انہیں مستقل کام ملنے کے ساتھ ساتھ اپنی ساکھ بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK