Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیمسنگ کو منافع میں ۱۸۰۰؍ فیصد اضافہ کی اُمید

Updated: July 08, 2026, 11:31 AM IST | Agency | Seoul

اے آئی سے متعلق چپس کی مانگ میں اضافہ کمپنی کیلئے فائدہ مند ثابت ہورہا ہے۔

Samsung.Photo;INN
سیمسنگ۔ تصویر:آئی این این
جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سیمسنگ الیکٹرانکس نے منگل کو اپنے  تخمینہ میں امید  ظاہر کی ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق میموری چپس کی  بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں اس کا آپریٹنگ منافع گزشتہ سال کے مقابلے میں ۱۹؍ گنا تک بڑھ جائے گا۔
 
 
میموری چپ  بنانے والی دنیا کی اس سب سے بڑی کمپنی نے اپریل تا جون کیلئے۸۹ء۴؍ ٹریلین وون (۵۸ء۴؍ ارب امریکی ڈالر) آپریٹنگ منافع کا تخمینہ لگایا ہے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے منافع سے ۱۸۱۰؍ فیصد زیادہ ہے۔
ڈیٹا سینٹروں میں مصنوعی ذہانت کیلئے استعمال ہونے والی جدید میموری چپس کی عالمی سطح پر غیر معمولی مانگ نے جنوبی کوریا کی سیمی کنڈکٹر کمپنیوں کو اس سال ریکارڈ منافع کمانے میں مدد دی ہے۔اس تیزی کے بعد ملازمین نے بھی زیادہ تنخواہوں کا مطالبہ کیا ہے تاہم سیمسنگ نے مئی میں بونس کے معاملہ پر معاہدہ کر کے ایک بڑے ہڑتال کے خطرے کو ٹال دیا ہے۔
 
 
سیجونگ یونیورسٹی کے بزنس ایڈمنسٹریشن کے پروفیسر کم ڈے جونگ کے مطابق سیمسنگ کا یہ تخمینہ کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا سہ ماہی آپریٹنگ منافع ہوگا، جو اے آئی چپ ساز کمپنی اینویڈیا کے ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیمسنگ اس کارکردگی کو برقرار رکھتی ہے تو وہ دنیا کی سب سے بڑی مینوفیکچرنگ کمپنی بن سکتی ہے۔تاہم اس اعلان کے بعد سیمسنگ کے حصص میں صبح کی ٹریڈنگ کے دوران ۷؍ فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ جنوبی کوریا کے بنچ  مارک کوسپی انڈیکس میں بھی نمایاں گراوٹ آئی۔کم ڈے جونگ کے مطابق اصل سوال یہ ہے کہ میموری چپس کی یہ بلند مانگ کب تک برقرار رہے گی۔ ان کے بقول آئندہ سال تک تو مانگ یقینی نظر آتی ہے، لیکن اس کے بعد کی صورتحال کے بارے میں کوئی واضح اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔سیمسنگ کا یہ تخمینہ مارکیٹ کی پیش گوئیوں سے۶ء۲؍فیصد زیادہ  ہے۔ یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق کمپنی کی آمدنی بھی۱۲۹؍ فیصد اضافے کے ساتھ۱۷۱؍ ٹریلین وون تک پہنچنے کی امید ہے۔ سام سنگ رواں ماہ کے آخر میں اپنے مکمل مالی نتائج جاری کرے گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK