شادی کے بعد عموماً بہت سی لڑکیاں تعلیم کا سلسلہ منقطع کرلیتی ہیں۔ خاندانی ذمہ داریوں کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم میں رکاوٹ آ جاتی ہے۔ لیکن گھر کے کام کاج، بچوں کی پرورش اور جے پور کے آریا میڈیکل کالج میں ملازمت جیسی تہرے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے دھولیہ کی ایک مسلم خاتون نے طبی میدان میں سب سے اعلیٰ مانی جانے والی پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لی ہے۔
ڈاکٹر شبنم نوید شاہ -تصویر:آئی این این
شادی کے بعد عموماً بہت سی لڑکیاں تعلیم کا سلسلہ منقطع کرلیتی ہیں۔ خاندانی ذمہ داریوں کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم میں رکاوٹ آ جاتی ہے۔ لیکن گھر کے کام کاج، بچوں کی پرورش اور جے پور کے آریا میڈیکل کالج میں ملازمت جیسی تہرے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے دھولیہ کی ایک مسلم خاتون نے طبی میدان میں سب سے اعلیٰ مانی جانے والی پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لی ہے۔ دھولیہ کے آزاد نگر علاقے کی رہائشی ڈاکٹر شبنم نوید شاہ نے یہ شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور وہ طبی شعبے میں پی ایچ ڈی کرنے والی شہر کی پہلی مسلم خاتون بن گئی ہیں۔
عزم و حوصلے اور انتھک محنت کی مثال بننے والی ڈاکٹر شبنم شاہ کا تعلیمی سفر انتہائی حیرت انگیز اور متاثر کن ہے۔ انہوں نے اپنی طبی تعلیم کےسفر کا آغاز ناسک کے ’موتی والا کالج‘ سے بی ایچ ایم ایس کی ڈگری حاصل کر کے کیا، جس کے بعد انہوں نے وردھا سے ’ایم ڈی - مٹیریا میڈیکا‘ (MD - Materia Medica) کی اعلیٰ طبی تعلیم مکمل کی۔
اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ ان میں بڑھتا رہا اور انہوں نے بعد میں جے پور سے فزیالوجی میں ’ایم ایس سی‘ کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد بھی رکنے کے بجائے، انہوں نے اپنے مضبوط عزم و ارادے کے ساتھ مطالعہ جاری رکھا اور پی ایچ ڈی جیسی اعلیٰ ترین علمی منزل مقصود تک پہنچ کر دم لیا۔
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر شبنم نے اپنی ان حصولیابیوں کے باوجود خاندانی اور گھریلو ذمہ داریاں بخوبی نبھائی ہیں، انہوں نے بتایا کہ مصروفیت کے باوجود گھر کے کسی کام کے لیے کوئی ملازم یا نوکر نہیں رکھا ۔کہتی ہیں کہ’’میں نے گھر کے تمام کام خود سنبھالے، بچوں کی تعلیم و تربیت پر پوری توجہ دی اور میڈیکل کالج میں اپنی ملازمت کی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھاتے ہوئے اپنی اس گراں قدر ریسرچ (تحقیق) کو مکمل کیا۔‘‘
ڈاکٹر شبنم شاہ کی اس کامیابی نے دھولیہ کے نام ایک اور اعزاز جوڑ دیا ہے۔ وہ دھولیہ کے مشہور لوکھنڈ بازار (لوہا بازار) کے تاجر حاجی نورعلی عثمان شاہ کی بہو اور جے پور کے آریا میڈیکل کالج کے شعبہ صدر ڈاکٹر نوید شاہ کی اہلیہ ہیں۔ ان کی اس شاندار کامیابی نے دھولیہ ضلع کے وقار میں ایک اور نمایاں اور معزز ستارے کا اضافہ کر دیا ہے۔ ڈاکٹر شبنم شاہ کی اس بے مثال کامیابی پر سماج کے تمام طبقات، معززین اور تجارتی برادری کی جانب سے انہیں مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔