Inquilab Logo

’’ڈرائنگ اور آرٹ سے دلچسپی رکھنے والےطلبہ کامیاب اینی میٹر بن سکتے ہیں‘‘

Updated: May 13, 2024, 3:45 PM IST | Afzal Usmani | Mumbai

سلمان رَؤف اطہر کا تعلق شولا پور، مہاراشٹر سے ہے۔اینی میشن انڈسٹری میں ۱۷؍سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں،فی الحال وہ برطانیہ کی ایک کمپنی میںبطور سینئر اینی میٹر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

Salman Rauf Athar. Photo: INN
سلمان رؤف اطہر۔ تصویر : آئی این این

تعطیلات کی مناسبت سے تعلیمی انقلاب میں شائع ہونے والے اعلان کے مطابق اس ہفتے سے ’’غیر روایتی کریئر آپشنز‘‘ کا انتخاب کرنے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے والے افراد کا انٹرویو پیش کیا جارہا ہے تاکہ طلبہ کریئر کے ان متبادل کو بھی ذہن میں رکھیں۔ 
اس سلسلے کی دوسری کڑی کے طور پر برطانیہ کی کمپنی کے ممبئی برانچ میں بطور سینئر اینی میٹرسلمان رؤف اطہر کا انٹرویو پیش کیا جارہا ہے۔ انہیں اینی میشن کے شعبےمیں مختلف کمپنیوں میں کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ 
اپنے بارے میں تفصیل سے بتایئے؟
 میری پیدائش شولا پور، مہاراشٹر میں ہوئی تھی۔ مَیں نے ۲۰۰۴ء میںکامرس میں گریجویشن مکمل کیا۔اس کے بعد ایک سالہ ڈپلوما اِن اینی میشن کرنے کے بعد ۲۰۰۷ء میں پونےمیں ملازمت اختیار کی۔ میرا پہلا پروجیکٹ مشہور اینی میٹڈ فلم’دہلی سفاری‘ تھا جس کے کرداروں کو کئی بالی ووڈ اداکاروں نے اپنی آواز دی تھی۔ اس کے بعد میں نے مختلف کمپنیوں میں کام کیا۔ فی الحال یوکے بیسڈ کمپنی’’اَن ٹولڈ‘ ‘ کے ممبئی برانچ میں سینئر اینی میٹر کے عہدے پر فائز ہوں۔
 اینی میشن انڈسٹری کے متعلق کچھ بتایئے؟
 اینی میشن انڈسٹری میں عموماً۳؍ طرح کے کام انجام دیئے جاتے ہیں جن میں اینی میشن کمرشیل فلمز(ٹو ڈی اور تھری ڈی)، وی ایف ایکس انڈسٹری اور گیمنگ شامل ہیں۔ دیکھا جائے تو یہ تینوں الگ الگ انڈسٹریز ہیں مگر ان کا براہ راست تعلق اینی میشن سے ہے۔ اگر کوئی اینی میشن فلمز بنانی ہو تو گرین پردے پر سین شوٹ کرنے کے بعد اسے اینی میشن شعبے میں بھیجا جاتا ہے جہاں مختلف سافٹ ویئرز کی مدد سے اسے حتمی شکل دی جاتی ہے اور اگر ٹو ڈی اور تھری ڈی کارٹون بنانے ہوں تو اسے مرحلہ وار بنایا جاتا ہے۔ 
اینی میٹر بننے کا فیصلہ کیوں کیا؟
 بہت سے طلبہ کو آرٹ میں دلچسپی ہوتی ہے جیسے ڈرائنگ اور پینٹنگز وغیرہ، میں بھی انہیں طلبہ میں سے ایک تھا۔ اس کے علاوہ مجھے بچپن ہی سے کارٹون کو دیکھتے وقت یہ خیال آتا تھا کہ آخر اسے کیسے بنایا جاتا ہے۔ بعد ازاں میں نے اس کے متعلق تحقیق کی تو اینی میشن انڈسٹری کے بارے میں معلومات حاصل ہوئی۔ پھر یوں ہوا کہ آرٹ سے دلچسپی اور تجسس نےکامیاب اینی میٹر بنا دیا۔
کیا اینی میٹر بننے کیلئے کوئی کورس کرنا پڑتا ہے؟
 جی ہاں! بارہویں بعد اینی میشن میں ڈپلوما کرسکتے ہیں،اس کے علاوہ گریجویشن سطح پر بھی اس کا کورس کیا جاسکتا ہے۔ کئی طرح کے اینی میشن کورسیز دستیاب ہیں۔ اپنی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس میں داخلہ لیا جاسکتا ہے۔یہاں میں بتانا چاہوں گا کہ اینی میشن انڈسٹری میں ڈگری سے زیادہ صلاحیت اور خود اعتمادی کارگر ثابت ہوتی ہے۔
اینی میشن میں کیا مستقبل ہے؟
 اینی میشن صنعت نے گزشتہ دہائیوں میں تیزی سے ترقی کی ہے۔ عالمی سطح پر یہ انڈسٹری کافی وسیع ہے اور ایک اچھے اینی میٹر کی ہندوستان اور بیرون ملک دونوں جگہوں پر مانگ ہے۔ اس کے علاوہ آج بیشتر فلموں میں وی ایف ایکس کا استعمال کیا جارہا ہے، ساتھ ہی گیمنگ انڈسٹری بھی تیزی سے پروان چڑھ رہی ہے۔او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے آجانے کے بعد اینی میشن کا مستقبل مزید تابناک ہوگیا ہے۔
کیا مستقبل میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے آجانے سے اس شعبے کو خطرہ لاحق ہے؟
 اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ موجودہ دور میں اے آئی کا استعمال بہت بڑھ گیا ہے۔ماہرین اس کے فوائد اور نقصانات پر اپنی رائے دے رہے ہیں اور اس کے آجانے سے مختلف شعبوں پر پڑنے والے مثبت اور منفی اثرات سے آگاہ کررہے ہیں۔ اینی میشن انڈسٹری میں بھی اے آئی کا استعمال بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سےبہت سی سہولت ہوگئی ہیں۔ کئی چیزیں بنی بنائی مل جاتی ہیں مگر تاحال اے آئی میں کئی خامیاں ہیں جنہیں دور کرنے کا کام کیا جارہا ہے۔ آنے والے ۱۰۔۲۰؍ برسوں میں اے آئی، اینی میشن شعبے میں بھی اپنے قدم جما سکتا ہے اس کے باجود ایک قابل اور با صلاحیت اینی میٹر کی ضرورت ہمیشہ رہے گی۔
 ایک کامیاب اینی میٹر بننے کیلئے کن مہارتوں کا ہونا ضروری ہے؟
 یہ کافی اہم سوال ہے۔سب سے پہلے ڈرائنگ میں مہارت ہونا ضروری ہے۔ قوت مشاہدہ کا بھی ایک اچھا اینی میٹر بننے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، ڈیزائن اسکلز،اختراعی سوچ اور فائن آرٹس میں گہرا علم آپ کو ایک اچھا اور کامیاب اینی میٹر بننے میں مدد کرسکتا ہے۔
جو طلبہ اس شعبے میں کریئر بنانا چاہتے ہیں، انہیں کیا پیغام دینا چاہیں گے؟
 آرٹ سے دلچسپی رکھنے والے طلبہ کو اس شعبے میں ضرور طبع آزمائی کرنی چاہئے۔اپنے اندر کام کا جنون پیدا کریں ساتھ ہی استقامت اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنا لیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK