اپنی سہولت اور ٹائم ٹیبل کی مناسبت سے طے کریں کہ کون سے مہینے میں کون سا دن منائیں گے، ہر ماہ کوئی ایک ہی دن منائیں اور اپنے آپ کو اس لحاظ سے منظم کریں۔ یہ سرگرمی چھٹی کے دن کیلئے ہے۔ کل سے نومبر شروع ہوگا، اس ماہ کیلئے ایک دن منتخب کرکے اسے منائیں، اکتوبر ۲۰۲۶ء تک ہر ماہ ایک دن منانے سے آپ خود میں نمایاں تبدیلی کے ساتھ توانائی اور اعتماد محسوس کریں گے۔ 
             
            دن، ہفتے، مہینے اور سال گزرتے رہتے ہیں مگر بعض اوقات انسان کو احساس نہیں ہوتا کہ اس نے اِس مدت میں کیا بدلا، کیا سیکھا، یا کس طرح بہتر ہوا۔ تعلیمی زندگی امتحانات اور پروجیکٹس تک محدود نہیں ہونی چاہئے بلکہ یہ خود کو سمجھنے، اپنی اقدار کو نکھارنے اور دنیا میں مثبت کردار ادا کرنے کا موقع بھی ہے۔ اسی خیال کے تحت ’’۱۲؍ مہینے، ۱۲؍  دن‘‘ کا تصور پیش کیا گیا ہے جس میں سال کے ہر مہینے کیلئے ایک دن مخصوص کیا گیا ہے جو کسی اہم انسانی یا سماجی قدر کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ ۱۲؍ دن طلبہ کو موقع دیتے ہیں کہ وہ اپنے آپ میں تبدیلی لائیں۔ ضروری نہیں کہ یہ ۱۲؍ دن ہی منائے جائیں۔ آپ اپنے طور پر بھی کوئی ’’دن‘‘ مناسکتے ہیں، مثلاً ہیلتھ ڈے (صحت کی دیکھ بھال کیلئے)، ورک آؤٹ ڈے (توانائی اور تازگی کیلئے)، اور اِسکل ڈے (کوئی نیا ہنر سیکھنے کیلئے) وغیرہ۔ ان کالموں میں درج ۱۲؍ دن صرف منصوبہ نہیں بلکہ ایک سوچ ہے، جو طلبہ کو بامقصد زندگی کی طرف لے جاتی ہے۔ اگر ہر طالب علم ان دنوں کو اخلاص کے ساتھ منائے تو یہ اس کی شخصیت اور صلاحیتوں میں نکھار لائیں گے کیونکہ خود کو بہتر بنانا، دراصل دنیا کو بہتر بنانے کی جانب پہلا قدم ہے۔ ہر دن کی تفصیل، اس کا مقصد اور سرگرمیاں جاننے۔ 
Goodwill Day
مقصد: رواداری، احترام اور مثبت رویے کو فروغ دینا۔ یہ دن آپ کو یاد دلائے گا کہ نرمی اور خیرخواہی میں کتنی طاقت ہے۔ 
کیا کریں : کسی دوست، خاندان کے کسی فرد یا رشتہ دار کیلئے شکریے کا نوٹ لکھیں۔ کسی ناراض دوست یا رشتہ دار سے مل کر آپس میں ہوئی غلط فہمیاں دور کرلیں۔ اگر یاد ہو کہ آپ کی ذات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو اس سے معافی مانگ لیں، اور دوسروں کو معاف کریں۔ 
No Backbiting Day
مقصد: غیبت، چغلی، منفی گفتگو سے اجتناب اور اخلاقی صفائی۔ غیبت ایک ایسی عادت ہے جو دلوں میں دوری اور نفرت پیدا کرتی ہے۔ 
کیا کریں : صرف دوسروں کی اچھائیاں بیان کریں۔ خود میں مثبت سوچ پیدا کریں۔ اگر آپ غیبت نہیں کرتے تو کسی کے بارے میں بری باتیں بھی نہ سنیں اور کوشش کریں کہ کسی ایک شخص کو غیبت یا چغلی کرنے سے روکیں۔ کسی کی غیر موجودگی میں اس کے خلاف بات نہ کریں۔ 
Lend a Hand Day
مقصد: ہمدردی، تعاون اور انسان دوستی۔ کسی کی مدد کرنے سے اندرونی خوشی ملتی ہے۔ انسان ہی انسان کے کام آتا ہے اس لئے بڑا ہو یا چھوٹا، کسی کی مدد کرنے میں کبھی پیچھے نہ ہٹیں۔ 
کیا کریں : کسی کمزور ساتھی کی پڑھائی میں مدد کریں۔ اسکول کی سماجی خدمت میں حصہ لیں۔ کسی بزرگ یا بیمار شخص کی مدد کریں۔ محلے میں کسی سماجی تحریک کا حصہ بن کر لوگوں کی زندگیاں آسان بنائیں۔ 
Mother Tongue Day
مقصد: اپنی زبان سے محبت، شناخت کا احساس، اور ثقافتی ورثے کی حفاظت۔ زبان کسی بھی قوم کی پہچان اور ثقافت کی بنیاد ہوتی ہے، اسے سیکھنا، بولنا اور فروغ دینا اپنی جڑوں سے جڑنے کے مترادف ہے۔ 
کیا کریں : اپنی مادری زبان میں ایک نظم، مضمون یا کہانی لکھیں۔ گھر میں موجود مختلف چیزوں کا نام اپنی مادری زبان میں لکھیں، جو نام نہیں آتے انہیں سیکھئے۔ محاورے یا کہاوتیں سیکھیں۔ 
Story Day
مقصد: تخیل، اظہار اور تخلیقی سوچ کو بڑھانا۔ کہانیاں صرف تفریح نہیں بلکہ سیکھنے اور سوچنے کا ذریعہ بھی ہیں۔ اس لئے مطالعہ ضروری ہے۔ 
کیا کریں : اپنے سے کوئی کہانی یا نظم لکھیں۔ کسی معمر شخص سے کوئی پرانی کہانی سنیں۔ اپنی لکھی ہوئی کہانی گھر کے کسی فرد یا کسی دوست کو پڑھ کر سنائیں۔ لوک کہانیاں اور اخلاقی کہانیاں پڑھیں اور ان سے سبق حاصل کرکے عملی زندگی میں ان پر عمل پیرا ہوں۔ 
Creativity Day
مقصد: نئی سوچ، جدت اور فن کی قدر۔ تخلیقی صلاحیتیں ہی انسان کو منفرد بناتی ہیں اس لئے اپنے آپ کو منفرد بنانے کا سفر جاری رکھیں۔ 
کیا کریں : کسی نئے آئیڈیا پر پروجیکٹ بنائیں۔ نظم، مصوری یا ڈیزائن کے ذریعے اپنی سوچ کا اظہار کریں۔ دوسروں کی تخلیقات سے سیکھیں۔ کوئی ایک کام ایسا کریں کہ جو ’’آؤٹ آف دی باکس‘‘ کہلائے اور لوگ آپ کا کام دیکھ کر حیران رہ جائیں اور آپ کی پذیرائی کریں۔ 
"Know Your Country" Day
مقصد: حب الوطنی اور سماجی شعور کو بیدار کرنا۔ ملک کی تاریخ اور مجاہدین آزادی سے واقفیت فخر کے ساتھ احساس ذمہ داری بھی پیدا کرتی ہے۔ 
کیا کریں : مجاہدین آزادی کے بارے میں ۵؍ باتیں جانیں۔ کسی تاریخی مقام یا میوزیم کا دورہ کریں۔ ’’کون ہے میرا ہیرو؟‘‘ جیسے عنوان پر پروجیکٹ بنائیں۔ اپنے ملک کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کیلئے مختلف کتابوں اور مضامین کا مطالعہ کریں۔ 
Parents Day
مقصد: والدین کی قربانیوں کا اعتراف اور ان کے احترام کا اظہار۔ والدین ہر انسان کی زندگی میں سب سے بڑے محسن ہوتے ہیں۔ یہ دن ان کیلئے شکر گزاری اور محبت کے اظہار کا موقع ہے۔ 
کیا کریں : ان کیلئے کارڈ یا خط لکھیں، ان کے ساتھ وقت گزاریں، ان کی باتیں سنیں، گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹائیں، ان کیلئے تحفہ خریدیں۔ وہ آپ کیلئے بہت کچھ کرتے ہیں آج آپ ان کیلئے کچھ کریں۔ 
Botany Day
مقصد: قدرت سے محبت اور ماحول کی دیکھ بھال۔ پودے زندگی کی علامت ہیں یہ دن آپ کو فطرت کی قدر کرنا سکھائے گا۔ 
کیا کریں : کم از کم ایک پودا لگائیں اور اس کی دیکھ بھال کریں۔ اسکول یا گھر میں ایک ’’گرین کارنر‘‘ بنائیں۔ پرانے پودوں کی مٹی بدلیں، اور انہیں پانی دیں۔ آس پاس کے درختوں کو پانی دیں۔ پودوں کی اقسام اور ان کی افادیت کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ 
"Know Your Religion" Day
مقصد: مذہبی تعلیمات، اخلاقیات اور تحمل کو فروغ دینا۔ مذہب کی اصل روح کو سمجھنا انسان کو نرم دل، منصف اور بامقصد بناتا ہے۔ 
کیا کریں : قرآن مجید کی تلاوت ترجمہ کے ساتھ کریں اور کچھ نہ سمجھ آنے کی صورت میں گھر کے بڑوں یا اساتذہ سے پوچھیں۔ سیرت نبویؐ کا مطالعہ کریں۔ اسلامی کوئز کھیلیں۔ نمازوں کا اہتمام کریں اور اس دن جو کچھ کیا اسے آگے بھی کرتے رہنے کا مصمم ارادہ کریں۔ 
Digital Detox Day
مقصد: ٹیکنالوجی سے وقفہ لے کر حقیقی دنیا سے جڑنا۔ مسلسل اسکرین دیکھنے سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ ذہنی دباؤ بھی بڑھتا ہے۔ 
کیا کریں : موبائل یا لیپ ٹاپ سے دور رہیں۔ کتاب پڑھیں، ورزش کریں، یا سیر کیلئے جائیں۔ دوستوں کے ساتھ بالمشافہ بات چیت کریں۔ اس دن سوشل میڈیا یا گیمنگ میں وقت نہ ضائع کریں۔ ’’نوٹیفکیشن‘‘ آف کرکے حقیقی دنیا میں سانس لیں۔ 
Cleanup Day
مقصد: ماحول دوستی اور سماجی ذمہ داری۔ صفائی نصف ایمان ہے یہ دن ماحول کی حفاظت اور صحت کے شعور کی یاد دلاتا ہے۔ 
کیا کریں : گھر، کالونی یا اسکول میں صفائی مہم چلائیں۔ کوڑے دان کا صحیح اور بامقصد استعمال کریں۔ اپنا بستہ، اسٹڈی ٹیبل، اسٹڈی کارنر، الماری، کتابوں کی الماری یا گھر کا کوئی حصہ اچھی طرح صاف کریں۔ کچرے کو ری سائیکل کرنے کے طریقے سیکھیں۔