Inquilab Logo

ہارڈ اِسکلز بمقابلہ سافٹ اِسکلز: طلبہ کی ترقی کیلئے دونوں اہم ہیں

Updated: March 30, 2024, 4:33 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

گزشتہ ہفتے SKILL SETکی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی اور طلبہ کو بتایا گیا کہ اس کا ہونا کیوں ضروری ہے۔ آج سیریز کی دوسری قسط میں پڑھئے کہ آپ میں کون سی ہارڈ اسکلز اور سافٹ اسکلز ہونی چاہئیں۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این


کسی بھی کام کو انجام دینے کیلئے ’’ہارڈ‘‘ اور ’’سافٹ‘‘ دونوں ہی قسم کی ’’اسکلز‘‘ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان دونوں کے امتزاج ہی سے کوئی بھی کام درست طریقے سے مکمل کرنا آسان ہوتا ہے۔ ہارڈ اسکلز کو آپ ’’تکنیکی اسکلز‘‘ بھی کہہ سکتے ہیں، یعنی اپنے ہاتھوں اور دماغ کا استعمال کرتے ہوئے کوئی چیز تیار کرنا۔ دوسری طرف سافٹ اسکلز وہ ہوتی ہیں جو اس کام کو کرنے کیلئے آپ کے دماغ میں منصوبہ تیار کرتی ہیں کہ کس طرح آپ اپنا کام مکمل کریں گے اور اس دوران کون سی باتوں کا خیال رکھیں گے۔ 
ہارڈ اور سافٹ اسکلز میں فرق
 آپ کی ہارڈ اسکلز نظر آنے والی چیز ہے، جیسے کسی ویڈیو کو ایڈٹ کرنا جس میں آپ کا ہاتھ اور دماغ کام کرتا ہے، کوئی سافٹ ویئر تیار کرنا، مٹی کے برتن بنانا، رقص کرنا، نغمہ گانا، اپنی کاپیاں مکمل کرنا، گیم کھیلنا، اسپورٹس کی سرگرمیاں، وغیرہ۔ یہ تمام کام جب آپ انجام دیں گے تو یہ نظر آئیں گے، اور آپ نے وہ کام کتنے اچھے طریقے سے انجام دیا ہے، اس کی بنیاد پر آپ کو مارکس دیئے جائیں گے یا آپ کو سراہا جائے گا۔ 
 دوسری جانب، سافٹ اسکلز میں ایسا نہیں ہوتا۔ یہ نظر نہ آنے والی چیزیں ہیں۔ یہ آپ کے دل اور دماغ میں ہوتی ہیں، مثلاً آپ کی تخلیقی صلاحیتیں، دوسروں کے تئیں ہمدردی کا جذبہ، گروپ میں کام کرنے کی صلاحیت، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت، تنقیدی سوچ، آپ کتنے منظم ہیں، وقت کی پابندی وغیرہ۔ 
 غور کریں تو احساس ہوگا کہ سافٹ اسکلز آپ میں بچپن ہی سے پروان چڑھتی رہتی ہیں کیونکہ آپ ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں ان کے بغیر گزارا ممکن نہیں ہے البتہ وقت کے ساتھ آپ کو اپنی ان صلاحیتوں کو نکھارنا چاہئے، انہیں طاقت فراہم کرنا چاہئے۔ اس طرح جب آپ عملی زندگی میں قدم رکھیں گے تو مختلف صلاحیتوں کے مالک ہوں گے۔ 
ان دونوں اسکلز کا مستقبل
 بزنس لیڈرز کا کہنا ہے کہ کمپنیوں میں نیٹ ورکنگ، جوش، پیشہ ورانہ مہارت، مواصلات، اور تنقیدی سوچ، تکنیکی مہارتوں سے بھی زیادہ اہم ہیں۔ جیسے جیسے کام تیزی سے خودکار ہوتا جا رہا ہے، سماجی اور جذباتی مہارتیں زیادہ اہم ہو گئی ہیں۔ اے آئی اور روبوٹکس، انسانی ملازمتوں کیلئے خطرہ ہیں مگر ان میں وہ جذبات نہیں ڈالے جاسکتے، جو انسانوں میں ہیں۔ اے آئی اور روبوٹکس مشینیں ہیں اس لئے ٹیم ورک، کام کے تئیں ذمہ داری، معاونت، ہمدردی اور مدد جیسے جذبات سے عاری ہیں اس لئے ماہرین کہہ رہے ہیں کہ امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک میں ایسے افراد کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے جن میں ’’جاب‘‘ کے اہل ہونے کے علاوہ سافٹ اسکلز بھی ہوں تاکہ کمپنی میں کسی بھی کام کو بہتر طریقے سے انجام دیا جاسکے۔ 
انٹرویو کے دوران اپنی اسکلز کیسے بتائیں 
 اپنی ہارڈ اور سافٹ اسکلز کو ظاہر کرنے کا سب سے مؤثر طریقہ یہ ہے کہ آپ انٹرویو کے دوران اپنے ماضی کے تجربے کے بارے میں بتائیں کہ کسی مخصوص کام کے دوران آپ نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کس طرح مسئلہ حل کیا تھا۔ اگر اسے کسی کہانی کے انداز میں سنایا جائے تو انٹرویو کرنے والے کو لطف آتا ہے اور وہ کہانی میں ان باتوں پر غور کرتا ہے جہاں آپ نے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا ہے۔ اپنی کہانی میں ان الفاظ کا استعمال کریں، جیسے ٹیم ورک کے دوران ...، ایک مرتبہ وقت کم تھا مگر ...، صورتحال خراب ہوگئی تھی لیکن بروقت مَیں نے مشورہ دیا کہ ...، مَیں نے جو اقدامات کئے اس کا فائدہ یہ ہوا کہ ...، ڈیڈ لائن سے پہلے مَیں نے دیا گیا کام مکمل کیا وغیرہ۔ 
 ضروری نہیں ہے کہ آپ اپنے کام ہی کا تجربہ بیان کریں۔ اگر کالج کے دنوں میں آپ نے کسی غیر نصابی سرگرمی میں حصہ لیا تھا تو اس کے ذریعے بھی آپ اپنی صلاحیتوں کو انٹرویو کرنے والے کے سامنے پیش کرسکتےہیں۔ 

ہارڈ اِسکلز: ماہرین کہتے ہیں کہ یہ وہ مہارتیں اور صلاحیتیں ہیں جن کی مدد سے امیدواروں کی شناخت کی جاتی ہے۔ ان مہارتوں کا اُن کے پاس دستاویز کی شکل میں ریکارڈ ہوتا ہے، یعنی سرٹیفکیٹ وغیرہ۔ ایسے امیدوار اپنے پروفائل یا ریزیومے پر واضح کرتے ہیں کہ ان میں مخصوص مہارتیں ہیں اور وہ دیئے گئے کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایک ڈیولپر کی مثال لیجئے۔ اس کام ہے پروگرامنگ زبانوں (مثلاً جاوا، ایچ ٹی ایم ایل، سی پلس وغیرہ) کو جاننا اور ٹولز کی مدد سے فریم ورک تیار کرنا۔ ڈیولپنگ کیسے کی جاتی ہے؟ یہ تمام باتیں اسے کالج یا کورس کرتے وقت سکھائی جاتی ہے۔ ڈیولپنگ کا کورس کرتے وقت وہ ایک مخصوص مدت تک اس میں مہارت حاصل کرتا۔ وہ ایک ڈیولپر ہے، اس کا ثبوت اس کے پاس موجود اسناد یا ڈگری ہے۔ یہ ہے اس امیدوار کی ایک ہارڈ اسکل جو اسے ملازمت کے قابل بناتی ہے۔ 
سافٹ اِسکلز: ماہرین کہتے ہیں کہ یہ وہ مہارتیں اور صلاحیتیں ہیں جو نظر نہیں آتیں۔ ان مہارتوں کا اسناد یا ڈگری کی شکل میں، عام طور پر ریکارڈ نہیں ہوتا۔ یہ ایسی مہارتیں ہوتی ہیں جو بچپن سے اس کے اندر پروان چڑھتی رہتی ہیں۔ یہ شخصی خصوصیات ہوتی ہیں جو آپ کو ممتاز بناتی ہیں۔ بعض سافٹ اسکلز ایسی ہوتی ہیں جو ملازمت کیلئے ضروری ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر، اگر کوئی کمپنی ’’تعاون‘‘ کو اہمیت دیتی ہے تو اسے ایسے ملازمین کی خدمات حاصل کرنی ہوتی ہے جو ٹیم میں کام کرنے کی اہلیت رکھتے ہوں۔ جو ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے آگے بڑھنے میں یقین رکھتے ہوں۔ دوسروں کے ساتھ اچھی طرح بات چیت کر سکتے ہوں۔ ان میں نیٹ ورکنگ کی مہارتیں ہوں۔ تاہم، یہ مہارتیں سیلز اور مارکیٹنگ کے شعبوں کیلئے ضروری ہیں۔ تاہم، ایک انجینئر میں ان مہارتوں کا ہونا ضروری نہیں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK