دو ٹٹوؤں کی دلچسپ کہانی۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 1:32 PM IST | Bashishar Pradeep | Mumbai
دو ٹٹوؤں کی دلچسپ کہانی۔
مادھو رام دھوبی کے پاس ایک چھوٹا سا ٹٹو تھا اور وہ اُسے راجہ کے نام سے بلاتا تھا۔ راجہ دیکھنے میں تو کافی خوبصورت تھا۔ سڈول سا، بھورے رنگ والا۔ لیکن عقل اس کی گدھے سے بھی کم تھی۔ اور یہی وجہ تھی کہ وہ اپنے پڑوس میں رہنے والے چھوٹے لال کمہار کے ٹٹو موتی کی باتوں میں اکثر آجاتا تھا۔ مادھو رام دھوبی اور چھوٹے لال کمہار نے اپنے کچے مکانوں کے بیچ ایک تنگ گلی کو بھی اصطبل بنا رکھا تھا اور کبھی کبھی وہ دونوں اپنے جانور ایک ساتھ اس گلی میں باندھ دیتے تھے۔ اور اس طرح راجہ اور موتی کو اکثر باتیں کرنے کا موقع مل جاتا۔ اور جو باتیں ہوتیں وہ زیادہ تر مالک اور اس کے سلوک کے متعلق ہوتیں۔ موتی جسم کا جتنا پتلا دُبلا، اور بد صورت تھا فطرت کا اتنا ہی چالاک تھا۔ راجہ کو جلانے کے لئے وہ ہمیشہ اپنے مالک اور اس کے سلوک کی تعریف کیا کرتا اور بے وقوف راجہ کو اس وقت یوں محسوس ہوتا جیسے وہ بہت ہی بد قسمت ہے جو اُسے دھوبی مالک ملا ہے۔
موتی کہتا، ’’راجہ یار! جب میرے اوپر مٹی کے پکے ہوئے لال رنگ کے طرح طرح کے نقش و نگار والے برتن لادے جاتے ہیں تو طبیعت نہایت خوش ہوتی ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے ان خوبصورت برتنوں کی وجہ سے میری خوبصورتی بھی بڑھ گئی ہو۔‘‘
اور راجہ کی آنکھوں کے سامنے میلے کچیلے کپڑوں کا بھاری سا گٹھڑ آجاتا جو اس کا مالک اس پر لاد کر تالاب پر دھو نے جاتا۔ وہ ٹھنڈی سانس بھر لیتا اور موتی کو رشک کی نظروں سے دیکھنے لگتا۔ موتی پھر کہتا، ’’اور یار جب میرا مالک تالاب کے کنارے سے مجھ پرمٹی لاد کر لاتا ہے تو مٹی کی سوندھی سوندھی، میٹھی میٹھی خوشبو سونگھ کر اتنا مزا آتا ہے کہ میں بیان نہیں کرسکتا۔ تھکاوٹ تو کیا دل چاہتا ہے کہ یہ مٹی میرے اوپر لدی ہی رہے۔‘‘
اور راجہ کے دماغ میں گندے کپڑوں کی بدبو‘ گھستی چلی جاتی۔ اور وہ اپنے آپ کو حقیر سمجھنے لگتا۔ ہولے سے کہتا، ’’موتی یار! اپنی قسمت میں تو دھوبی کا گھر لکھا تھا۔ اور گندے کپڑوں کا بھاری سا گٹھڑ! کیا بتاؤں یار کبھی کبھی تو یوں دل چاہتا ہے کہ مالک کی آنکھ بچا کر کہیں بھاگ جاؤں۔‘‘
اور اس وقت دل یہ بھول جاتا کہ اُسے کھانے کو موتی سے کہیں اچھا ملتا ہے۔ کہیں زیادہ ملتا ہے! اب کام تو سب کا اپنا اپنا ہے نا؟ کام تو سب اچھے ہوتے ہیں، کسی کا کوئی کام ہوتا ہے تو کسی دوسرے کا کوئی اور کام! مگر راجہ کو کون سمجھائے؟
اس نے یہ تو کبھی نہ سوچا کہ اس کی صحت جو موتی سے کئی درجہ اچھی ہے تو اس لئے ہے کہ اُسے اچھی خوراک ملتی ہے اس کا مالک اُسے روزانہ نہلاتا ہے۔ صاف ستھرا رکھتا ہے۔ اس نے سوچا تو صرف یہ سوچا کہ اس کا کام نہایت گندا ہے۔ اور یہ سوچ کر اُسے شرمندگی سی محسوس ہوتی۔
ایک دن موتی نے ایک اور پھلجھڑی چھوڑی، ’’یار! تم خود دب کر رہتے ہو! یہ بھی کوئی بات ہوئی کہ سارا دن بندھے رہو! اب اس دن جب مَیں اور میرا مالک تالاب سے مٹی لینے گئے.... تمہارا مالک کپڑے دھو رہا تھا۔ اور تمہیں گھاس چرتے وقت بھی باندھ رکھا تھا۔ جیسے تم بھاگ ہی جاؤ گے؟ بندھے رہ کر چرنے کا بھی کیا مزا ہے؟ بھئی، میرا مالک تو مجھے صرف شام ہی کو باندھتا ہے۔ ہاں...‘‘
دراصل مادھو رام دھوبی کا خیال تھا کہ راجہ کہیں بھٹک نہ جائے راجہ اُسے بہت پیارا لگتا تھا۔ وہ اُسے کھونا نہیں چاہتا تھا۔ تالاب پر کپڑے دھوتے وقت وہ اُسے پاس کے میدان میں ایک لمبی رسّی سے باندھ دیتا تھا۔ راجہ گھاس چرتا رہتا اور وہ بے فکر ہو کر کپڑے دھویا کرتا۔ راجہ نے یہ نہ سوچا کہ جب رسّی اتنی لمبی ہوتی ہے اور وہ دور دور تک گھوم کر گھاس چر سکتا ہے تو بندھے ہونے میں حرج ہی کیا ہے؟ اور نہ ہی اس نے یہ سوچا کہ موتی کو تو جنگل کی گھاس چرنا کبھی نصیب ہی نہیں ہوا اُس کا مالک تو تالاب سے مٹی کھود کر، ٹٹو پر لاد کر گھر آجاتا تھا اور گھر آکر برتن بناتا تھا۔ تالاب پر زیادہ دیر ٹھہرنے کا کمہار کا کیا کام ہوسکتا ہے؟ اُس نے صرف یہ سوچا کہ اس کا مالک واقعی بہت خراب آدمی ہے جو اُسے گھاس چرنے کے وقت بھی باندھ کر رکھتا ہے اور اس سوچ کی وجہ سے مالک کے خلاف اس کے دل میں بغاوت پیدا ہوگئی۔
یہ بھی پڑھئے:کہانی: لوٹ کے بدھو گھر کو آئے!
ایک دن مادھو رام جب اُسے میدان میں باندھ کر کپڑے دھونے میں مصروف ہوگیا تو اس نے چپکے سے دانتوں سے رسّی کاٹ ڈالی اور ایک طرف بھاگ کھڑا ہوا۔ جب بہت دور جنگل میں نکل آیا تو اُسے یوں محسوس ہوا جیسے آج پہلی بار وہ آزاد ہوا ہو....! پہلے قید تھا اب آزاد ہوا ہو! اِدھر اُدھر کودتا، پھاندتا گھاس چرتا رہا اور اُسے پتہ بھی نہ چلا کہ گھاس چرتے چرتے وہ کہاں نکل آیا ہے.... بے خیالی میں وہ بہت دور نکل گیا.... جب پیٹ بھر گیا تو اُسے واپس جانے کا خیال آیا۔ لیکن اُسے راستہ کہاں یاد تھا؟ جانے وہ کہاں آگیا تھا۔ وہ واپس نہ جاسکا۔ اُس نے اِدھر اُدھر بہت ٹکریں ماریں۔ لیکن راستہ نہ ڈھونڈ سکا.... آخر تھک ہار کر وہ ایک درخت کے نیچے بے وقوفوں کی طرح کھڑا ہوگیا.... اور کان ہلانے لگا۔
اب ادھر کی سنئے.... جب مادھو رام دھوبی کپڑے دھو چکا تو حسب ِ عادت اپنے راجہ کی پیٹھ تھپکنے کے لئے میدان کی طرف آیا.... لیکن راجہ وہاں کہاں تھا....؟ راجہ کو وہاں نہ پاکر اس کے پاؤں تلے سے زمین کھسک گئی۔ ضرور کوئی راجہ کو کھول کرلے گیا ہے۔ یہ سوچ کر اُسے بہت دُکھ ہوا۔ وہ ابھی سوچ ہی رہا تھا کہ اب وہ کیا کرے کہ اچانک اس کی نظر کٹی ہوئی رسّی پر جا پڑی۔ اگر کوئی چور راجہ کو لے جاتا تو رسّی کھول کر لے جاتا یا چاقو سے رسّی صاف کاٹ دیتا۔ لیکن یہ رسّی تو ایسے کٹی تھی جیسے کسی نے دانتوں سے چبا چبا کر کاٹیہو....! اور یہ دیکھ کر وہ ساری بات جان گیا۔ اُسے راجہ پر بہت غصہ آیا۔ اس نے اِدھر اُدھر دور تک راجہ کی تلاش کر ڈالی۔ لیکن راجہ نہ ملا.... وہ غصہ، دکھ اور پریشانی سے ایک ٹیلہ پر بیٹھا سوچ رہا تھا کہ وہ اتنے سارے کپڑوں کو گھر کیسے لے جائے کہ اُسے چھوٹے لال کمہار دو ٹٹوؤں کے ساتھ آتا دکھائی دیا۔ ایک ٹٹو پر اس نے مٹی لاد رکھی تھی اور دوسرے کی رسّی تھامے لئے آرہا تھا۔ مادھو رام نے دور ہی سے پہچان لیا کہ یہ اُس کا راجہ ہے۔
’’لو بھیّا! سنبھا لو اس بدمعاش کو.... مَیں آج مٹی لینے اُدھر دور مغرب کی طرف چلا گیا تھا۔ وہاں ایک درخت کے نیچے یہ کھڑا ہوا ملا۔ مَیں نے پہچان لیا کہ یہ مادھو رام کا ٹٹو ہے۔ شاید یہ رسّی کاٹ کر...‘‘
اور آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ مادھو رام نے کیا کیا....؟ اس نے چھوٹے لال کی پوری بات بعد میں سنی اور راجہ کو مارنا پہلے شروع کر دیا اُس نے اُسے اتنا مارا کہ راجہ کو سچ مچ نانی یاد آگئی! اور جب اُس نے پاس کھڑے موتی کو مسکراتے اور خوش ہو کر دُم ہلاتے دیکھا تو اس کی سمجھ میں یہ بات اچھی طرح آگئی کہ جس کو وہ دوست سمجھا تھا دراصل وہ اس کا دشمن تھا۔