• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’شیر میسورٹیپو سلطان کی تاریخ کو مٹانے کی کوششیں ناکام ہوں گی‘‘

Updated: November 28, 2026, 2:57 PM IST | ZA Khan | Hingoli

ہنگولی میں ٹیپو سلطان کی یاد میں جلسۂ عام کا انعقاد، ونچت بہوجن اگھاڑی کے لیڈرفاروق احمد کاخطاب۔

Farooq Ahmed delivering a speech. Photo: INN
فاروق احمد تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

مجاہد آزادی اور شیرِ میسور ٹیپو سلطان کے یومِ پیدائش کے ضمن میں ہنگولی شہر کے نوجوانوں کی جانب سے جلسۂ عام کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مہمانِ مقرر کی حیثیت سے ونچت بہوجن اگھاڑی کے ریاستی لیڈر فاروق احمد کو مدعو کیا گیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ٹیپو سلطان کی تاریخی جدوجہد، ان کی قربانیوں اور نئی نسل میں تاریخی شعور پیدا کرنے کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

فاروق احمد نے کہا کہ ماضی میں بزرگوں اور سنجیدہ افراد کی تعداد زیادہ تھی، جبکہ نوجوانوں کی شرکت نسبتاً کم ہوا کرتی تھی، لیکن آج انہیں یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہورہی ہے کہ ہنگولی شہر اور ضلع کے بڑی تعداد میں نوجوان اس جلسے میں شریک ہوئے ہیں۔ یہی وہ نوجوان ہیں جن کے کاندھوں پر اپنے بزرگوں اور ٹیپو سلطان سمیت ملک کے تمام مجاہدین کی تاریخی وراثت کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: موسمِ سرما کی تعطیلات کے بعد اسکول کا دوبارہ آغاز نئےعزائم اور کامیابی کے روشن امکانات

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہماری نسل کو ماضی اور تاریخ کے مطالعے میں زیادہ دلچسپی نہیں رہی، لیکن آج کی نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کی تاریخ سے واقف کرانا انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق سب سے اطمینان بخش بات یہ ہے کہ آج مہاراشٹر اور ملک کے نوجوان اپنے بزرگوں کی تاریخ جاننے کے لیے تاریخی کتابوں کے صفحات پلٹ رہے ہیں۔فاروق احمد نے کہا کہ نوجوانوں کو سیاسی اور تاریخی تحریک حاصل کرنے کے لیے ایک ایسی شخصیت کی ضرورت ہوتی ہے جس سے وہ رہنمائی حاصل کرسکیں۔ ماضی میں نوجوان ارطغرل غازی کی تاریخ پڑھتے اور سنتے تھے۔ میں اکثر کہتا ہوں کہ اگر ترکی کے پاس ارطغرل غازی ہیں تو ہندوستان کے پاس ٹیپو سلطان ہیں۔ ٹیپو سلطان ہمارے شیرِ ہند اور شیرِ میسور ہیں، جنہوں نے تاریخ میں اپنی بہادری اور قربانیوں کے ایسے نقوش چھوڑے ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس جلسے سے قبل بھی مقررین نے ٹیپو سلطان کی شخصیت اور خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ فاروق احمد نے بعض سیاسی نظریات اور عناصر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نصابی کتابوں سے چند سطریں کم کردینے یا کچھ صفحات حذف کردینے سے کسی مجاہد کی تاریخ ختم نہیں کی جاسکتی۔ ٹیپو سلطان کی قربانیوں اور جدوجہد کی خوشبو ہندوستان کی مٹی اور فضاؤں میں رچی بسی ہے، جسے کوئی بھی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ان گنت ریاستیں تھیں اور ان پر مختلف ادوار میں لاکھوں حکمران گزرے، لیکن آج ان میں سے کتنے بادشاہوں کے نام عام لوگ زبانی بتاسکتے ہیں؟ اس کے برعکس ٹیپو سلطان کا نام آج بھی ملک کے عوام کی زبان پر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK