• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حد بندی بل پر این سی پی (شردپوار) کا انڈیا اتحاد سے انحراف

Updated: November 28, 2026, 1:59 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

پارٹی کی کارگزار صدر سپریہ سلے اوررکن پارلیمان امول کولہے کا کہنا ہےکہ ’’ بل دیکھ کر ہی اس پرفیصلہ لیا جائے گا۔‘‘ جبکہ قومی ترجمان اور رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے شرد پوار کے ساتھ ہونے والی عمومی بات چیت کا حوالہ دے کر کہا کہ پارٹی بل کی حمایت کرے گی۔ شیوسینا یوبی ٹی کے رکن پارلیمان اروندساونت نے کہا کہ بل دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

Jitendra Awhad speaking to media representatives. Right: Amol Kolhe and Supriya Sule. Photo: INN
جتندر اوہاڈ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے۔دائیں: امول کولہے اور سپریہ سُلے۔ تصویر: آئی این این

۳۰؍نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں پیش کئے جانے والے مجوزہ ’ڈی لمیٹیشن بل‘ (حلقہ بندی بل) کی حمایت کے معاملے پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردپوار) کے لیڈران میں بظاہر ۲؍مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔ ایک جانب پارٹی کے قومی ترجمان اور رکنِ اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے پارٹی سربراہ شرد پوار کے حوالے سے بل کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، تو دوسری جانب کارگزار صدر سپریہ سلے اور رکنِ پارلیمان و چیف وِہپ امول کولہے نے محتاط رویہ اپناتے ہوئے کہا ہے کہ بل کا مسودہ دیکھے بغیر کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا جائے گا۔

 قومی ترجمان جتیندر اوہاڑ کا دعویٰ

جنوبی ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج شرد پوار کی عیادت کے بعد جمعہ کی شام کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ترجمان اور سینئر لیڈر جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ ’’پوار صاحب کا فیصلہ ہم سب کیلئے حتمی ہے۔ ‘‘انہوں (شردپوار)نے کہا ہے کہ حلقہ بندی ایک آئینی عمل ہے جو آج نہیں تو کل ہونا ہی ہے، اس لئےپارٹی نے اس بل کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘  سابق ریاستی وزیر جتیندر اوہاڑ نے شیو سینا (ادھو) کے لیڈر اور رکن پارلیمان سنجے راؤت کے اس بیان کو بھی مسترد کر دیا جس میں بل کی حمایت کرنے والوں کو غدار کہا گیا تھا اور ۱۵۰؍ کروڑ روپے کا لالچ دیا گیا۔

 سپریہ سلے اور امول کولہے کا محتاط موقف

دوسری جانب پارٹی کی کارگزار صدر سپریہ سلے نے جمعہ کی صبح ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ جب تک بل کا متن ہاتھ میں نہیں آتا اور تمام شقوں کا بغور جائزہ نہیں لے لیا جاتا، اس وقت تک کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے امتحان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ، ’’اب تک یہی معلوم نہیں ہے کہ کس مضمون کا پرچہ آئے گا اور نہ ہی نصاب کا علم ہے، تو میں امتحان کے بارے میں پہلے سے کیا بتاؤں؟‘‘انہوںنے مزید کہا کہ ’’ہمارا موقف ایوان میں واضح ہو جائے گا۔‘‘ لوک سبھا میں پارٹی کے چیف وہپ اور رکنِ پارلیمان امول کولہے نے جتیندر اوہاڑ کے بیان کے بعد ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے اوہاڑ کے موقف سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ ’’پارٹی نے اپنے۸؍ اراکین ِ پارلیمان کو خصوصی اجلاس میں حاضری کیلئے جو وہپ جاری کیا ہے، وہ محض ایوان میں موجودگی کیلئے ہے۔ جب تک بل کا مسودہ ہمارے سامنے نہیں آتا اور تمام ارکان مل کر اس پر غور نہیں کرتے، کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: لاتورمیں خشک سالی کا اثر۱۷؍ گاؤں کو پانی فراہم کرنے والا مسلگا ڈیم سوکھ گیا!

انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں شرکت کریں گے 

رکن پارلیمان امول کولہے سے جب یہ پوچھا گیاکہ خصوصی پارلیمانی اجلاس کے ضمن میں سنیچر کو دہلی میں انڈیا اتحاد کی جو میٹنگ ہونے والی ہے کیا اس میں آپ کی پارٹی کی جانب سے کوئی شرکت نہیں کرے گا؟  اس تعلق سے امول کولہے نے کہاکہ ’’ اس میٹنگ میں ہماری پارٹی کی جانب سے رکن پارلیمان نیلیش لَنکے شرکت کریں گے ۔پارٹی صدر شرد پوار اسپتال میں زیر علاج ہونے کے سبب کارگزار صدر سپریہ سلے اس میٹنگ میں شرکت نہیں کر سکے گی۔‘‘واضح رہے کہ جتیندر اوہاڑ نے کہا تھا کہ انڈیا اتحاد کی جو میٹنگ ہونے والی ہے اس میں ان کی پارٹی شرکت نہیں کرے گی ۔ 

شیوسینا یوبی ٹی کے رکن پارلیمان اروند ساونت نے کیا کہا؟

اس ضمن میں شیو سینا (ادھو) کے رکنِ پارلیمان اروند ساونت نے بھی اپنا موقف بل کا مسودہ دیکھنے کے بعد ہی واضح کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اروند ساونت نے کہا کہ، ’’جب تک بل کی کاپی ہمیں نہیں مل جاتی اور یہ معلوم نہیں ہو جاتا کہ اس میں کیا ہے، اس وقت تک ہم اس بارے میں اپنا موقف واضح نہیں کر سکتے۔‘‘

سیاسی پسِ منظر

واضح رہے کہ جمعہ کو مرکزی کابینہ نے حلقہ بندی اور خواتین ریزرویشن سے منسلک ترمیمی بل کو منظوری دی ہے، جس کے تحت تمام ریاستوں میں لوک سبھا کی نشستوں میں یکساں طور پر ۵۰؍فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ ادھر شرد پوار کی علالت اور اسپتال میں داخل ہونے کے باعث سپریہ سلے نے سنیچر کو دہلی میں ہونے والے اپوزیشن ’انڈیا‘ اتحاد کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK