ممبئی کی سیشن عدالت نے نئے تبدیلیِ مذہب قانون کے تحت درج مقدمے میں مسلم شخص کو عبوری ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ محض دعوت نامے پر مسلم نام یا برقع کی تصویر سے تبدیلیِ مذہب ثابت نہیں ہوتی، جبکہ خاتون نے مرضی سے شادی کی تصدیق کی ہے۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 6:02 PM IST | Mumbai
ممبئی کی سیشن عدالت نے نئے تبدیلیِ مذہب قانون کے تحت درج مقدمے میں مسلم شخص کو عبوری ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ محض دعوت نامے پر مسلم نام یا برقع کی تصویر سے تبدیلیِ مذہب ثابت نہیں ہوتی، جبکہ خاتون نے مرضی سے شادی کی تصدیق کی ہے۔
ممبئی کی ایک سیشن عدالت نے ۲۰؍ نومبر کو نئے نافذ کردہ `مہاراشٹر فریڈم آف ریلیجن ایکٹ ۲۰۲۶ء‘ کے تحت درج مقدمے میں ایک مسلم شخص کو عبوری ضمانت دے دی ہے۔ اس پر اپنی ہندو بیوی کو زبردستی اسلام قبول کرانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تبدیلیِ مذہب مخالف اس نئے قانون کے تحت ممبئی میں یہ پہلا مقدمہ اور ممکنہ طور پر پورے مہاراشٹر میں پیشگی ضمانت کی پہلی درخواست ہے۔ ممبئی کے ڈنڈوشی میں واقع سٹی سول اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج پی اے سانے نے یہ حکم ہندو خاتون کی والدہ کی جانب سے غیر قانونی تبدیلیِ مذہب کی شکایت درج کرائے جانے کے بعد جاری کیا۔ سماعت کے دوران شکایت کنندہ اور استغاثہ (پراسیکیوشن) نے ایک شادی کے دعوت نامے کا سہارا لیا جس میں ہندو خاتون کی شناخت کے ساتھ ایک مسلم نام درج تھا، اس کے علاوہ ایک تصویر بھی پیش کی گئی جس میں خاتون برقع پہنے ہوئے نظر آ رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: یوسی سی سے متعلق آج اور کل سماعت، ملّی اورسماجی تنظیموں کے نمائندے شرکت کیلئے تیار
عدالت نے اس بات کا نوٹس لیا کہ جوڑے نے پیشگی قانونی نوٹس کے بعد ۱۶؍ اکتوبر کو اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت باقاعدہ سول میرج (عدالتی شادی) رجسٹر کرائی تھی۔ مزید برآں، پولیس نے ایک مولوی کے پاس سے جو رجسٹر ضبط کیا تھا، اس میں بھی ایسا کوئی اندراج موجود نہیں تھا جس سے یہ تصدیق ہو کہ کوئی مذہبی نکاح پڑھایا گیا ہے۔ متعلقہ ہندو خاتون خود بھی ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوئیں اور اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے کسی دباؤ، جبر، دھمکی یا لالچ کے بغیر اپنی مرضی سے شادی کی ہے۔ جج سانے نے اپنے حکم نامے میں سوال اٹھایا کہ جب نکاح کا کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں ہےتو کیا محض دعوت نامے پر ایک مسلم نام لکھ دینے سے تبدیلیِ مذہب ثابت ہو جاتی ہے؟ حکم نامے میں کہا گیا ہے، ’’ نکاح کی ادائیگی ریکارڈ پر ثابت نہیں ہو رہی ہے۔ جہاں تک مبینہ تصویر اور برقع پہننے کا تعلق ہے تو محض یہ بات اس یقین کیلئے واحد بنیاد نہیں بن سکتی کہ شکایت کنندہ کی بیٹی نے اسلام قبول کر لیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بغیر لائسنس ہیلتھ سپلیمنٹ اورجم پروٹین پاؤڈر کی فروخت پر پابندی
جج کو غیر قانونی ترغیب یا لالچ دینے کے الزام کو درست ثابت کرنے والا کوئی عنصر نہیں ملا۔ جج نے اپنے مشاہدے میں لکھا، ’’چونکہ کورونا وبا کے دور سے ہی دونوں کے درمیان محبت کا رشتہ قائم ہے، دونوں بالغ ہیں اور یہ ماننا مشکل ہے کہ تبدیلی مذہب قانون کی دفعہ ۳؍ (جبر یا دھوکہ دہی سے تبدیلیِ مذہب) کے کسی بھی جزو کا اطلاق ہوتا ہے۔‘‘ چنانچہ عدالت نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ملزم سے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور ملزم شوہر کو ۵۰؍ ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر گرفتاری سے قبل ضمانت منظور کر لی۔ اس مقدمے میں شوہر کی جانب سے ایڈووکیٹ کریم پٹھان، فضل شیخ اور پی پی تیواری پیش ہوئے۔ ریاست کی نمائندگی ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر آر ایس کنوجیا نے کی، جبکہ شکایت کنندہ کی جانب سے ایڈووکیٹ ابھیشیک دوبے عدالت میں پیش ہوئے۔