• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رپورٹ:۷۱؍فیصد بزنس اسکولوں کے نصاب میں اے آئی

Updated: November 25, 2026, 3:54 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

رپورٹ:۷۱؍فیصد بزنس اسکولوں کے نصاب میں اے آئی لیکن ۳۷؍ فیصد اداروںمیں روزمرہ کےکاموں میں استعمال ہونیوالی اے آئی سکھائی جارہی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مصنوعی ذہانت (اے آئی) نے کاروباری دنیا میں کام کرنے کے طریقوں کو تیزی سے بدلنا شروع کردیا ہے۔ ملازمین کی بھرتی سے لے کر ٹیموں کے انتظام، ڈیٹا کے تجزیے اور اہم کاروباری فیصلوں تک، کمپنیاں مختلف شعبوں میں اے آئی ٹولز کا استعمال کررہی ہیں۔ ایسے میں پیشہ ور افراد کے لیے اے آئی کی سمجھ اور اس کے عملی استعمال کی صلاحیت ایک اہم مہارت بنتی جارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے بزنس اسکول بھی اپنے تعلیمی نصاب میں اے آئی کو شامل کررہے ہیں۔گریجویٹ مینجمنٹ ایڈمیشن کونسل (جی ایم اے سی) کی۲۰۲۶ء ایپلی کیشن ٹرینڈز سروے رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں۷۱؍ فیصد گریجویٹ مینجمنٹ پروگرامز نے اپنے نصاب میں اے آئی کو شامل کیا ہے۔ ان اداروں میں طلبہ کو محض نظریاتی معلومات دینے کے بجائے کاروباری سیمولیشن، عملی تجربات اور فیصلہ سازی کی مشقوں کے ذریعے اے آئی کا استعمال سکھایا جارہا ہے۔ اس کے برعکس صرف۸؍ فیصد پروگرامز ایسے ہیں جہاں اے آئی کو نصاب میں شامل کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔

بزنس اسکولوں میں اے آئی کی عملی تعلیم

رپورٹ کے مطابق،۶۶؍ فیصد تعلیمی اداروں میں کاروباری فیصلوں کیلئے اے آئی کے استعمال سے متعلق کورسیز پڑھائے جارہے ہیں۔ اتنے ہی فیصد ادارے کاروباری حکمت عملی تیار کرنے میں اے آئی کے کردار پر توجہ دے رہے ہیں، جبکہ۵۸؍ فیصد پروگرامز میں سماج  اور کاروباری اخلاقیات پر اے آئی کے اثرات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔تاہم، روزمرہ کے کاموں میں اے آئی کے استعمال کی تربیت کے معاملے میں صورتحال زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہے۔ صرف۳۷؍ فیصد بزنس اسکول طلبہ کو پرامپٹ لکھنے اور روزمرہ کے کاموں میں اے آئی ٹولز استعمال کرنے کی تربیت دے رہے ہیں۔ مزید یہ کہ صرف۲۱؍ فیصد ادارے اے آئی کے ذریعے طلبہ کے لیے انفرادی تعلیمی منصوبے تیار کرنے اور ان کی رفتار کے مطابق سیکھنے کا انتظام کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’میری تعلیم کے مراحل میں اسکالرشپ اور فیلوشپ نے اہم کردار ادا کیا‘‘

طلبہ کی ترجیحات اور تعلیمی اداروں میں فرق

رپورٹ میں تعلیمی اداروں کے نصاب کا موازنہ ان طلبہ کی ترجیحات سے بھی کیا گیا ہے جو مستقبل میں مینجمنٹ کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس موازنے میں اے آئی کا عملی تجربہ دونوں کے لیے اہم ترجیح بن کر سامنے آیا ہے۔ جہاں۷۱؍ فیصد ادارے عملی تربیت فراہم کررہے ہیں، وہیں۶۶؍ فیصد امیدواروں نے بھی اسے اہم قرار دیا ہے۔البتہ پرامپٹ لکھنے اور روزمرہ کے کاموں میں اے آئی کے استعمال کی تربیت کے معاملے میں طلبہ کی دلچسپی زیادہ ہے۔۴۶؍ فیصد امیدواروں نے اسے اہم قرار دیا، جبکہ صرف۳۷؍ فیصد ادارے ایسی تربیت فراہم کررہے ہیں۔ اسی طرح۶۲؍ فیصد امیدوار کاروباری حکمت عملی میں اے آئی کی تعلیم کو اہم سمجھتے ہیں، جبکہ۶۶؍ فیصد اداروں نے اسے اپنے نصاب میں شامل کیا ہے۔

مستقبل کی ملازمتوں کے لیے کتنے تیار ہیں طلبہ؟

ماہرین کے لیے یہ ایک اہم سوال بنتا جارہا ہے کہ کیا صرف اے آئی کے بارے میں نظریاتی معلومات حاصل کرنا مستقبل کی ملازمتوں کے لیے کافی ہوگا؟ رپورٹ کے نتائج بتاتے ہیں کہ تعلیمی ادارے اے آئی کو نصاب کا حصہ تو بنا رہے ہیں، لیکن طلبہ کو حقیقی کاروباری مسائل حل کرنے کے لیے اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے مزید مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ اے آئی ٹولز کی حدود کو سمجھنا، ان کے نتائج کا درست جائزہ لینا اور ذمہ داری کے ساتھ فیصلے کرنا بھی ضروری ہے۔واضح رہے کہ اس سروے میں۳۹؍ ممالک کے۳۱۴؍ بزنس اسکولوں کے۱۱۶۲؍ گریجویٹ مینجمنٹ پروگرامز کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ مینجمنٹ، کنسلٹنگ، فنانس اور مارکیٹنگ جیسے شعبوں میں اے آئی کی مہارت مستقبل میں محض اضافی قابلیت نہیں رہے گی بلکہ پیشہ ورانہ کامیابی کیلئے ایک بنیادی ضرورت بن سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK