Inquilab Logo

پروفائل پر’’اِسکل سیٹ‘‘ آپ کا ’’پلس پوائنٹ‘‘، یہ آپ کو مختلف بناتا ہے

Updated: March 23, 2024, 3:35 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

موسم گرما کی تعطیلات میں طلبہ کے پاس کافی وقت ہوتا ہےکہ وہ کوئی قلیل مدتی کورس کرلیں، چھٹیوں کے ضیاع سے بچئے، کوشش کیجئے کہ اس دوران آپ کم از کم دو ’’اِسکل‘‘ میں مہارت حاصل کرلیں۔

To keep pace with the rapidly changing digital world, it will be important to keep abreast of the changes taking place here and make courses accordingly. Photo: INN
تیزی سے بدلتی ڈجیٹل دنیا کے قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے تو یہاں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنا اور اس کے مطابق کورسیز کرنا اہم ہوگا۔ تصویر : آئی این این

تعلیمی نظام کو مستحکم کرنے کیلئے دنیا کے مختلف اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اس بات پر خاص توجہ دی جارہی ہے کہ طلبہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو جِلا بخشیں، یا، بعض ایسے کورسیز کریں جو انہیں باصلاحیت بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔ اس ضمن میں سرمائی اور گرمائی تعطیلات میں تعلیمی اداروں میں ایسے کورسیز کی کلاسیز بھی شروع کی جاتی ہیں جن میں داخلہ لے کر طلبہ اپنی مہارتیں بڑھا سکتےہیں اور اپنی صلاحیتوں میں نکھار لا سکتے ہیں۔ وبائی امراض کے بعد کی دنیا میں ’’اسکلز‘‘ (Skills) تعلیمی شعبوں کا اہم جزو بن گئی ہیں۔ اسکلز ہونا آپ کیلئے ’پلس پوائنٹ‘ ہوسکتا ہے۔ آج بیشتر کمپنیوں میں انٹرویو کے دوران ان امیدواروں کو ترجیح دی جاتی ہے جن میں ’’اسکلز‘‘ ہوں۔ اگر آپ کے گریڈز بہت اچھے ہوں اور آپ کا شاندار تعلیمی ریکارڈ ہو مگر اسکلز نہ ہوں تو آپ کے مقابلے میں اسے ترجیح دی جائے گی جس کا تعلیمی ریکارڈ بھلے ہی اوسط ہو مگر اس میں اسکلز ہوں۔ موجودہ دور میں باصلاحیت اور ہنر مند افراد کو ترجیح دی جارہی ہے۔ ایسے میں طلبہ کیلئے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ اپنے تعلیمی سفر کے دوران گریڈز کے علاوہ اپنے ’’اسکل ڈیولپمنٹ‘‘ پر بھی توجہ دیں۔ 
 ہندوستانی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ہر سال ان کے ہاں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ایسی آتی ہے جن کے ریزیومے پر تعلیم اور مشاغل کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔ اچھے تعلیمی ریکارڈ کے حامل نوجوانوں کو ملازمت دی جاتی ہے مگر پہلے ۶؍ ماہ میں ان میں وہ ’’اسکلز‘‘ پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہیں جو اُن کی ملازمت کیلئے لازمی ہوتی ہیں ۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر طلبہ تعلیم حاصل کرنے کے دوران فیصلہ کرلیں کہ انہیں مستقبل میں کون سے شعبے میں کریئر بنانا ہے، اور اس کے لحاظ سے مختلف قلیل مدتی کورسیز کرکے ’’اسکل سیٹ‘‘ کے حامل ہوجائیں تو وہ نہ صرف کارآمد ہوں گے بلکہ انہیں اچھی تنخواہ پر ملازمت مل سکتی ہے۔ 
عالمی بینک (ورلڈ بینک) کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دورِ حاضر کی مناسبت سے امیدواروں میں ۴؍ قسم کے اسکل سیٹ ہونے چاہئیں :
(۱) سوشیو ایموشنل: اس سیٹ میں مذکورہ اسکلز شمار ہوتی ہیں : ٹیم ورک، خود پر قابو، لیڈرشپ، تحمل۔ 
(۲) کوگنیٹیو: اس سیٹ میں مذکورہ اسکلز شمار ہوتی ہیں : مسئلہ حل کرنا، استدلال، تخلیقی صلاحیت، تنقیدی سوچ، موافقت، وغیرہ۔ 
(۳) ڈجیٹل: ڈجیٹل پلیٹ فارمز سے آگاہی۔ 
(۴) ٹیکنیکل: ٹیکنالوجی کی بنیادی معلومات۔ 
 ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ہندوستان میں ۱۵؍ سالہ سے زائد عمر والے ۷۵۰؍ ملین افراد میں یہ اسکلز نہیں ہوتیں جس کے سبب انہیں ملازمت تلاش کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 
اہم ’’اسکلز‘‘
 طلبہ کو تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے علاوہ اپنے اسکل ڈیولپمنٹ پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مثال کے طور پر گھر کا بجٹ بنایئے، صحتمند رہنے کیلئے صحت بخش اشیاء کھانے کا چارٹ بنایئے، ایکسائز کیجئے، کمپیوٹر کے مختلف کورسیز سیکھئے، ٹائپنگ سیکھ لیجئے، وغیرہ۔ یہ ایسے کام ہیں جو ذاتی زندگی کے علاوہ پیشہ ورانہ زندگی میں بھی کام آتے ہیں۔ 
شخصیت سازی میں معاون
 وبائی امراض کے بعد کی اس دنیا میں تعلیم، حقیقی دنیا کے چیلنجوں کو آسان بنانے کا ایک اہم ذریعہ بن گئی ہے۔ تعلیم کے ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ طالب علم کی مجموعی ترقی میں کئی طریقوں سے معاونت کرتا ہے۔ اس طرح، یہ طلبہ کو اپنی انفرادی طاقتوں اور کمزوریوں کی شناخت کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، اور حاصل کردہ تعلیم کو حقیقی زندگی کے حالات میں لاگو کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کرتا ہے۔ جب آپ اپنے آپ میں کوئی اسکل ڈیولپ کرتے ہیں تو خود کو تنقیدی سوچ کا حامل بنارہے ہوتے ہیں ۔ تنقیدی سوچ سافٹ اسکل ہے مگر یہ آپ کو عملی زندگی میں قدم رکھنے پر مضبوطی فراہم کرے گی۔ یہ سوچ آپ کو مسئلہ حل کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اسکلز سیکھنے کے دوران آپ کی شخصیت نکھرتی ہے۔ ایسا طالب علم مختلف انداز میں سوچنے، تعلیم کو بروئے کار لانے اور معاشرے میں بڑے پیمانے پر اپنا حصہ ڈالنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ 
 لیڈرشپ کوالیٹی
 اسکل ڈیولپمنٹ کے دوران طالب علم کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور اس میں لیڈرشپ کوالیٹی پیدا ہوتی ہے۔ ٹاٹا گروپ کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اسکل ڈیولپمنٹ طلبہ میں لیڈرشپ خصوصیات پیدا کرنے کے بے مثال مواقع پیدا کرتا ہے۔ یہ طلبہ کو فعال بناتا ہے۔ انہیں سکھاتا ہے کہ کس طرح منظم ہونا ہے، اور انہیں ٹیم کا اچھا کھلاڑی بننے کی ترغیب ملتی ہے۔ 
وقت کے ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اسکلز بدل جاتی ہیں، یا، نئے تقاضوں کے مطابق نئی مہارتیں سیکھنی ہوتی ہیں۔ جو افراد ’’ڈائنیمک‘‘ ہوتے ہیں، وہ بغیر کسی پریشانی کے نئی اسکلز سیکھ لیتے ہیں اور مسابقتی دور کا سامنا کرتے ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں اور آئندہ بھی ہوں گی، لیکن ایسا نہیں ہے کہ آپ نے جو اسکلز ابھی سیکھی ہیں، وہ مستقبل میں فائدہ مند نہیں رہیں گی۔ ان کا فائدہ آپ کو زندگی میں کبھی نہ کبھی ہوگا۔ لیکن مسلسل سیکھتے رہنے سے آپ پُر اعتماد رہیں گے اور ہمیشہ اسی تگ و دو میں رہیں گے کہ ہر دن کچھ نہ کچھ نیا سیکھتے رہیں ۔ 
اسکل سیٹ کے فائدے
 ملازمت کے بہتر مواقع اور پرکشش تنخواہ 
کریئر کی ترقی کے مواقع
کام کی جگہ میں زیادہ لچک اور موافقت
نئی اور مختلف ذمہ داریاں سنبھالنے کی صلاحیت
ملازمت میں اطمینان اور اعتماد میں اضافہ
 مزید برآں، مہارتوں کا متنوع سیٹ ہونا بھی مسائل کو حل کرنے کی بہتر صلاحیتوں اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے۔ جب آپ کے پاس تعلیم اور مہارت ہوتی ہے تو آپ مختلف زاویوں سے چیلنجوں سے نمٹنے اور اختراعی حل تلاش کرنے کیلئے بہتر طریقے سے لیس ہوتے ہیں ۔ نئی مہارتیں پیدا کرنا ذاتی تکمیل کا احساس اور کامیابی کا احساس فراہم کر سکتا ہے، جو آپ کی مجموعی فلاح و بہبود پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔ 
 طالب علمی کے دور میں پڑھائی لکھائی کے علاوہ آپ کے پاس کافی وقت ہوتا ہے۔ اس وقت کا درست استعمال کیجئے۔ سرمائی تعطیلات چند دنوں پر محیط ہوتی ہیں مگر ان میں چھوٹے کورسیز جیسے اسکیٹنگ، پینٹنگ، پوٹری، آرٹ میکنگ جیسی اسکلز سیکھنا آسان ہوتا ہے۔ گرمائی تعطیلات میں آپ کے پاس کافی وقت ہوتا ہے۔ کوشش کیجئے کہ یہ چھٹیاں یونہی ضائع نہ ہوں بلکہ اس دوران آپ کوئی مہارت سیکھ سکیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK