چاکلیٹ باہر رکھنے پر اس لئے پگھل جاتا ہے کہ اس میں موجود کوکو بٹر نسبتاً کم درجۂ حرارت پر پگھلنے والی چکنائی ہے۔
EPAPER
Updated: October 16, 2026, 6:22 PM IST | Mumbai
چاکلیٹ باہر رکھنے پر اس لئے پگھل جاتا ہے کہ اس میں موجود کوکو بٹر نسبتاً کم درجۂ حرارت پر پگھلنے والی چکنائی ہے۔
چاکلیٹ بچوں اور بڑوں، سبھی کی پسندیدہ مٹھائیوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کا ذائقہ، خوشبو اور نرم و ملائم ساخت اسے دوسری مٹھائیوں سے منفرد بناتی ہے لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ چاکلیٹ کو فریج سے باہر نکال کر کمرے میں رکھا جائے یا گرمی میں کچھ دیر کیلئے چھوڑ دیا جائے تو وہ نرم ہوکر پگھلنے لگتا ہے۔ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے؟
اس کی بنیادی وجہ کوکو بٹر (Cocoa Butter) اور درجۂ حرارت میں تبدیلی
چاکلیٹ بنیادی طور پر کوکو بینز، کوکو بٹر، چینی اور دودھ کے اجزا سے تیار کیا جاتا ہے۔ چاکلیٹ کے مختلف اقسام میں ان اجزا کی مقدار مختلف ہوتی ہے۔ ڈارک چاکلیٹ میں عموماً کوکو کے اجزا زیادہ ہوتے ہیں جبکہ دودھ والی چاکلیٹ میں دودھ کے اجزا بھی شامل کئے جاتے ہیں۔ ان تمام اجزا میں کوکو بٹر خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہی چاکلیٹ کو اس کی مخصوص ساخت، چمک اور منہ میں گھل جانے والی کیفیت فراہم کرتا ہے۔ عام درجۂ حرارت پر کوکو بٹر ٹھوس حالت میں رہتا ہے، اسی لئے چاکلیٹ اپنی شکل برقرار رکھتا ہے۔ لیکن جب درجۂ حرارت بڑھتا ہے تو کوکو بٹر نرم ہوکر پگھلنے لگتا ہے اور چاکلیٹ بھی اپنی شکل کھونے لگتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: خوف یا گھبراہٹ میں پسینہ آتا ہے، کیوں؟
کوکو بٹر کیا ہے، یہ کیوں پگھلتا ہے؟
کوکو بٹر وہ قدرتی چکنائی ہے جو کوکو کے بیجوں سے حاصل کی جاتی ہے۔ کوکو بٹر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ تقریباً۳۰؍ سے۳۵؍ ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان پگھلنے لگتا ہے، اگرچہ اس کا اصل درجۂ پگھلاؤ اس کی ساخت اور کرسٹل کی قسم پر منحصر ہوتا ہے۔ انسانی جسم کا درجۂ حرارت تقریباً ۳۷؍ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے، اسی لئے اچھی طرح تیار کیا گیا چاکلیٹ منہ میں رکھتے ہی نرم ہوکر گھلنے لگتا ہے۔
گرمیوں میں چاکلیٹ جلد کیوں پگھلتا ہے؟
گرمیوں میں ہوا کا درجۂ حرارت بڑھ جاتا ہے اور کئی مرتبہ یہ۳۵؍ ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔ ایسی صورت میں چاکلیٹ کے اندر موجود کوکو بٹر پگھلنے لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گرمیوں میں چاکلیٹ کو ٹھنڈی اور خشک جگہ پر رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے برعکس، سردیوں میں کمرے کا درجۂ حرارت عموماً کم ہونے کی وجہ سے چاکلیٹ زیادہ دیر تک ٹھوس رہتا ہے۔
ہر چاکلیٹ ایک ہی درجۂ حرارت پر پگھلتاہے؟
چاکلیٹ کی تمام اقسام ایک ہی درجۂ حرارت پر نہیں پگھلتیں۔ ڈارک چاکلیٹ، دودھ والی چاکلیٹ اور سفید چاکلیٹ میں اجزا کی مقدار مختلف ہوتی ہے۔ سفید چاکلیٹ میں کوکو کے ٹھوس ذرات شامل نہیں ہوتے، لیکن اس میں کوکو بٹر موجود ہوتا ہے۔ دودھ والی چاکلیٹ میں دودھ کی چکنائی اور دودھ کے ٹھوس اجزا بھی ہوتے ہیں، جو اس کی ساخت اور پگھلنے کے انداز پر اثر انداز ہوتے ہیں۔