کئی قومی اور بین الاقوامی فیڈریشنز نے احتیاطی اصولوں کے تحت خواتین کیلئے ہیڈ گیئر کی شرط برقرار رکھی اگرچہ اس پر وقتاً فوقتاً نظرثانی ہوتی رہتی ہے۔
EPAPER
Updated: August 14, 2026, 7:48 PM IST | Mumbai
کئی قومی اور بین الاقوامی فیڈریشنز نے احتیاطی اصولوں کے تحت خواتین کیلئے ہیڈ گیئر کی شرط برقرار رکھی اگرچہ اس پر وقتاً فوقتاً نظرثانی ہوتی رہتی ہے۔
باکسنگ ایک ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑی کا سر، چہرہ اور جسم مسلسل ضربوں کی زد میں رہتا ہے، اسی لئے حفاظتی آلات ہمیشہ سے اس کھیل کا اہم حصہ رہے ہیں۔ تاہم، کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ حالیہ برسوں کی بین الاقوامی باکسنگ میں خواتین باکسر اکثر ہیڈ گیئر پہنتی ہیں، جبکہ مرد ایلیٹ باکسر بغیر ہیڈ گیئر مقابلہ کرتے ہیں، کیوں؟
ہیڈ گیئر(Headgear) کا بنیادی مقصد
ہیڈ گیئر کا اصل مقصد چہرے، ماتھے، کانوں اور کھوپڑی کی سطحی چوٹوں کو کم کرنا ہے۔ یہ آنکھوں کے اوپر کٹ لگنے، سوجن، ناک یا پیشانی پر زخم اور کانوں کی خراشوں سے کافی حد تک بچاتا ہے۔ بعض افراد سمجھتے ہیں کہ ہیڈ گیئر پہننے سے دماغ کو لگنے والے جھٹکے (Concussions) بھی رک جاتے ہیں لیکن تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سر کے اندر دماغ کی حرکت کو یہ مکمل طور پر نہیں روک سکتا۔
مرد باکسروں سے ہیڈ گیئر کیوں ہٹایا گیا؟
بین الاقوامی باکسنگ میں ایک بڑی تبدیلی اس وقت آئی جب طبی اور کھیلوں کی تحقیق سے یہ اشارہ ملا کہ ہیڈ گیئر پہننے کے باوجود دماغی جھٹکوں میں واضح کمی ثابت نہیں ہو سکی۔ بعض ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ ہیڈ گیئر سر کا حجم بڑھا دیتا ہے جس سے مخالف کیلئے سر کو نشانہ بنانا نسبتاً آسان ہو جاتا ہے۔ مزید یہ کہ ہیڈ گیئر بعض اوقات اطراف کی نظر (Peripheral Vision) کو بھی محدود کر دیتا ہے جس سے آنے والے گھونسے کا اندازہ لگانا مشکل ہو سکتا ہے۔ انہی وجوہات کی بنیاد پر مردوں کےمقابلوں میں ہیڈ گیئر ختم کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: انڈین ریلویز اے سی کوچز کے مسافروں کو دو چادریں دیتا ہے، کیوں؟
خواتین اب بھی ہیڈ گیئر کیوں پہنتی ہیں؟
خواتین کی باکسنگ نسبتاً بعد میں عالمی سطح پر فروغ پائی اس لئے ان کے حفاظتی قوانین بھی مختلف انداز میں تیار ہوئے۔ جب خواتین کی باکسنگ بڑے بین الاقوامی مقابلوں کا حصہ بنی تو حفاظتی نقطۂ نظر سے ہیڈ گیئر کو برقرار رکھا گیا۔ کئی قومی اور بین الاقوامی فیڈریشنز نے احتیاطی اصولوں کے تحت خواتین کیلئے ہیڈ گیئر کی شرط برقرار رکھی، اگرچہ اس موضوع پر وقتاً فوقتاً نظرثانی ہوتی رہتی ہے۔ کھیلوں کے قوانین مستقل نہیں ہوتے۔ اگر مستقبل میں مزید مضبوط سائنسی شواہدملیں تو خواتین کیلئے ہیڈ گیئر کے قوانین میں بھی تبدیلی ممکن ہے، جیسا کہ ماضی میں مردوں کے قوانین میں کی گئی تھی۔
کیا ہر سطح پر مرد بغیر ہیڈ گیئر کھیلتے ہیں؟
نہیں۔ یہ ایک عام غلط فہمی ہے۔ اگرچہ بین الاقوامی ایلیٹ مرد مقابلوں میں عموماً ہیڈ گیئر استعمال نہیں کیا جاتا، لیکن بہت سے جونیئر، یوتھ، تربیتی (Training) اور بعض قومی مقابلوں میں مرد باکسر اب بھی ہیڈ گیئر پہنتے ہیں۔ اس کا مقصد نئے کھلاڑیوں کو غیر ضروری چوٹوں سے بچانا اور محفوظ ماحول میں تربیت فراہم کرنا ہوتا ہے۔