Updated: April 29, 2026, 1:05 PM IST
| Mumbai
راکنگ اسٹاریش کی اگلی فلم’’ٹاکسک‘‘ہے، جس کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ پہلے یہ فلم ۱۹؍ مارچ کو ریلیز ہونی تھی، لیکن’’دُھرندھر۲‘‘ کی وجہ سے اسے آگے بڑھا دیا گیا۔ بعد میں ۴؍ جون نئی ریلیز تاریخ طے کی گئی، مگر اب ایک بار پھر میکرز نے فلم کو مؤخر کر دیا ہے۔ جی ہاں، اب جون میں بھی یش کی فلم نہیں آئے گی اور نہ ہی بوبی دیول کے ساتھ کوئی مقابلہ ہوگا۔ تو نئی ریلیز تاریخ کے بارے میں کیا اپڈیٹ ہے؟
فلم ٹاکسک۔ تصویر:آئی این این
راکنگ اسٹار یش بڑی واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔ ایک طرف ان کی’’ٹاکسک‘‘ہے اور دوسری طرف ’’رامائن‘‘ دونوں فلمیں اسی سال ریلیز ہونے والی ہیں۔ لیکن فی الحال اداکار کی پوری توجہ اپنی اگلی فلم ’’ٹاکسک‘‘پر ہے، جو ۴؍ جون کو ریلیز ہونی تھی، مگر اسے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ پہلے یہ فلم ۱۹؍ مارچ کو آنی تھی، لیکن ’’دُھورندھر ۲‘‘کی وجہ سے تاریخ بدل دی گئی۔ اب مقررہ تاریخ پر بھی فلم نہیں آئے گی، جس سے مداح ناراض ہو گئے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ان کا جوش ختم ہوتا جا رہا ہے۔
یش کی فلم ’’ٹاکسک‘‘کو پہلی بار مشرقِ وسطیٰ میں جاری مسائل کی وجہ سے مؤخر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد معلوم ہوا کہ فلم کا کافی کام ابھی باقی ہے، جسے میکرز اور اداکار مل کر مکمل کر رہے ہیں۔ اس فلم کی ہدایت کاری گیتو موہن داس نے کی ہے، جبکہ کے وی این پروڈکشنز کے ساتھ مل کر خود یش بھی اس میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ اب یش نے فلم کے مؤخر ہونے کی وجہ کیا بتائی اور نئی ریلیز تاریخ کے بارے میں کیا کہا، آئیے جانتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:‘کونیچیوا لیاری!فلم’’ دُھرندھر‘‘ جاپان میں ریلیز کے لیے تیار
یش کی فلم ٹاکسک کی ریلیز مؤخر
یش نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے لکھا’’کچھ فلمیں ہم بناتے ہیں، اور کچھ فلمیں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ ہمیں سنیما سے محبت کیوں ہوئی۔ ’’ٹاکسک‘‘کا سفر بھی ایسا ہی رہا ہے۔ سنیماکون میں فلم دکھانے کے بعد جو زبردست عالمی ردعمل ملا، اس نے ہمارے یقین کو مزید مضبوط کیا ہے۔ یہ فلم دنیا بھر میں پوری طاقت کے ساتھ پہنچنے کی حقدار ہے۔ٹاکسک تقریباً تیار ہے اور ہم اس کی عالمی تقسیم اور شراکت داری کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ اسی وجہ سے ہم نے ریلیز کی تاریخ بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جیسا کہ پہلے اعلان کیا گیا تھا، ہم ۴؍ جون کو فلم ریلیز نہیں کریں گے بلکہ بعد میں ایک ایسی تاریخ پر لائیں گے جو عالمی سطح پر ایک ساتھ ہوگی۔’’ٹاکسک‘‘ جلد ہی دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:ممبئی کو حیدرآباد کیخلاف ہر قیمت پر جیت درکار
مداحوں کے لیے یش کا پیغام
آخر میں یش نے لکھا’’ہر قدم اور ہر تبدیلی میں آپ کا بے لوث ساتھ میرے ساتھ رہا ہے، میں اس کا شکر گزار ہوں۔ کچھ کہانیاں صبر مانگتی ہیں اور کچھ سفر بھی یہی تقاضہ کرتے ہیں۔ ہم آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم آپ کو ایسی فلم دیں گے جس کا آپ جشن منائیں گے—ایک ایسی فلم جو ہندوستانی سنیما کے لیے فخر کا لمحہ ہوگی۔‘‘ فی الحال فلم کی نئی ریلیز تاریخ کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔