اعتراضات کے سبب ریاستی الیکشن کمیشن نے تاریخیں آگے بڑھائیں، مختلف سیاسی پارٹیوں کے امیدواربےچین ، باقی جگہ پر حسب اعلان پولنگ اور کاؤنٹنگ ہوگی۔
EPAPER
Updated: December 01, 2025, 12:58 PM IST | Inquilab News Network/Agency | Mumbai
اعتراضات کے سبب ریاستی الیکشن کمیشن نے تاریخیں آگے بڑھائیں، مختلف سیاسی پارٹیوں کے امیدواربےچین ، باقی جگہ پر حسب اعلان پولنگ اور کاؤنٹنگ ہوگی۔
ریاست بھر میں مقامی خود حکومتی اداروں کے انتخابات کا باضابطہ اعلان ہو چکا ہے اور ۲۴۶؍ میونسپل کونسلوں اور۴۲؍ نگر پنچایتوں کیلئے انتخابی عمل جاری ہے۔ ایسے میں جب انتخابی تشہیری مہم آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، ریاست کے تقریباً۲۰؍ اضلاع کے کچھ میونسپل کونسلوں کے وارڈوں میں انتخابات کو مؤخر کیے جانے سے سیاسی پارٹیوں کے کارکنان میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ ان میں پونے، شولاپور، چندرپور، ایوت محل، احمد نگر، عثمان آباد اور ناندیڑ اضلاع شامل ہیں۔خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ۲؍ دسمبر کو اور نتائج کا اعلان۳؍ دسمبرکو ہونا طے ہے۔ تقریباً۲۰؍ میونسپل کونسلوں/وارڈوں میں انتخابات عدالتی مقدمات، تکنیکی غلطیوں اور نامزدگی تنازعات کے سبب ملتوی ہوئے ہیں۔
کہاں کہاں انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی؟
شولاپور منگل ویڈھا: عدالتی کارروائی کی وجہ سے مَنگل ویڈھا میونسپل کونسل کے انتخابات مؤخر ہوئے ہیں۔ اب نیا شیڈول یوں ہے: پولنگ ۲۰؍دسمبر اور ووٹوں کی گنتی ۲۱؍ دسمبر کو ہوگی اور ۲۳؍دسمبر تک انتخابی کارروائی مکمل کرلی جائے گی۔
ایوت محل : یہاں میونسپل کونسل کے کئی وارڈوں کے انتخابات بھی مؤخر ہونے کا امکان ہے۔ تکنیکی غلطیوں کے باعث نئے سرے سے انتخابی پروگرام جاری کیا گیا ہے اور اب پولنگ۲۰؍ دسمبر کو ہوگی۔ عدالتی کارروائی کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے۔
احمد نگر (اہِلیہ نگر): ضلع احمد نگر کی۱۲؍ میں سے۴؍ میونسپل کونسل کے انتخابات مؤخر کیے گئے ہیں:جن میں کوپرگاؤں، دیولالی، نیواسہ، پاتھردی میونسپل چیئرپرسن کے امیدواروں سے متعلق مقدمات کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے۔نئے شیڈول کے مطابق پولنگ ۲۰؍دسمبر اور ووٹوں کی گنتی ۲۱؍دسمبر کو ہوگی۔
عثمان آباد(دھاراشیو):عدالتی اپیلوں کے باعث وارڈ نمبر۲؍اے، ۷؍بی اور ۱۴؍بی کیلئے انتخابات روکے گئے۔ یہاں پولنگ ۲۰؍دسمبر اور نتائج کا اعلان ۲۱؍دسمبر کو ہوگا۔
چندرپور: یہاں غُگّوس میونسپل کونسل کے انتخابات۴؍ سے ۲۰؍دسمبر کے درمیان ہوں گے۔ گڑچاندور اور مُول کے کچھ وارڈز میں مقدمات کے باعث پولنگ اگلے حکم تک ملتوی ہے۔
اکولہ: بالاپور میونسپل کونسل کے انتخابات مکمل طور پر مؤخرہے۔وجہ چیئرپرسن کے امیدوار سے متعلق عدالت میں مقدمہ ہے۔
ناندیڑ: مُکھیڑ اور دھرما آباد میونسپل انتخابات مؤخر کئے گئے اور پولنگ ۲۳؍دسمبر اور کاؤنٹنگ ۲۴؍دسمبر کو ہوگی۔ جبکہ بوتھکَر، کُنڈلواڑی اور لوہا میونسپل کونسل کے ایک ایک وارڈ میں بھی الیکشن ملتوی ہوا ہے۔
پونے : کے ماول تعلقے ۱۲؍ وارڈ کے انتخابات کی تاریخ بدلی گئی ہے، جن میں تلےگاؤں۶؍ وارڈ اور لوناؤلہ کے ۶؍وارڈ شامل ہیں۔ یہاں اب پولنگ ۲۹؍دسمبر کو ہوگی۔تلے گاؤں میں۱۹؍ وارڈ میں امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
بارامتی: میونسپل چیئرپرسن اور۷؍وارڈوں کے انتخابات سیشن کورٹ میں زیرِ سماعت اپیلوں کی وجہ سے ۲۰؍دسمبر کو ہوں گے۔
امراوتی: ضلع کے انجن گاؤں سُرجی میونسپل کونسل کے انتخابات کی پولنگ ۲۰؍ دسمبر اورنتائج کا اعلان ۲۱؍ دسمبر ہوگا۔ ایک میونسپل چیئرپرسن اور دو کونسلر امیدواروں کی عدالتی اپیل کے بعد دوبارہ انتخابی عمل شروع ہوگا۔