Updated: November 22, 2026, 4:05 PM IST
| Kolkata
کولکاتا کی گلوکارہ روپا بسواس کا ۱۹۸۲ء میں ریلیز ہونے والا گانا ’آج شنیبار‘ ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘ کے ریڈیو اسٹیشن پر سنائی دے رہا ہے۔ کبھی محدود مقبولیت حاصل کرنے والے اس گانے کو عالمی سطح پر نئی شناخت مل رہی ہے، جس پر ہندوستانی موسیقی کے شائقین خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔
ویڈیو گیمز کی دنیا میں طویل انتظار کے بعد ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہونے والے ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘ (GTA 6) میں ہندوستانی موسیقی کی ایک غیر متوقع جھلک نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ گیم کے اندر موجود ریڈیو اسٹیشن ’ورلڈ وائیڈ ایف ایم‘ (Worldwide FM) پر بنگالی گلوکارہ روپا بسواس کا گانا ’آج شنیبار‘ چل رہا ہے۔ اس گانے کی شمولیت کی خبر سامنے آنے کے بعد ہندوستانی گیمرز اور موسیقی کے شائقین سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ ’آج شنیبار‘ کا مطلب ہے ’آج سنیچر ہے‘۔ یہ گانا ۱۹۸۲ء میں روپا بسواس کے البم ’ڈسکو جاز‘ (Disco Jazz) کا حصہ تھا۔ البم کی موسیقی اور ترتیب معروف سارود نواز آشیش خان نے دی تھی، جب کہ روپا بسواس نے اس میں بنگالی اور ہندی زبان کے گیت گائے تھے۔ اس موسیقی میں ڈسکو، فنک اور ہندوستانی کلاسیکی سازوں کا امتزاج شامل تھا، جس نے اسے اپنے دور کے عام فلمی گانوں سے الگ شناخت دی۔
یہ بھی پڑھئے: مصنوعی بارش کے انتظام کے باوجود ’لمحے‘ کے گیت کی شوٹنگ حقیقی بارش میں ہوئی
دلچسپ بات یہ ہے کہ ریلیز کے وقت ’ڈسکو جاز‘ کو زیادہ تجارتی کامیابی نہیں ملی تھی۔ البم کی چند ہی کاپیاں فروخت ہوئیں اور روپا بسواس کو موسیقی کی دنیا میں وہ مقام حاصل نہیں ہوسکا جس کی انہیں امید تھی۔ اس کے بعد انہوں نے گلوکاری سے تقریباً کنارہ کشی اختیار کرلی۔ لیکن کئی دہائیوں بعد انٹرنیٹ نے اس گانے کی قسمت بدل دی۔ ۲۰۱۶ء میں یوٹیوب پر اس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد رفتہ رفتہ نئے سامعین اس کی طرف متوجہ ہونے لگے۔ گانے کی مقبولیت میں بین الاقوامی ڈی جیز کا بھی اہم کردار رہا۔ کینیڈین موسیقار اور ڈی جے ڈین سنیث، جو کیریبو (Caribou) اور ڈیفنی (Daphni) کے نام سے بھی مشہور ہیں، نے اسے اپنے میوزک سیٹس اور ریڈیو پروگراموں میں شامل کیا۔ اس کے بعد یورپ اور دیگر خطوں میں بھی موسیقی کے شائقین نے اس گانے کو دریافت کیا۔ ۲۰۱۷ء میں جرمن لیبل اوویولر نے اس کا غیر سرکاری ری ایشو جاری کیا، جب کہ شکاگو کے ریکارڈ لیبل نیومرو گروپ نے ۲۰۱۹ء میں البم کا باضابطہ ری ماسٹرڈ ایڈیشن پیش کیا۔
یہ بھی پڑھئے: تبو کی پہلی ہندی او ٹی ٹی سیریز ’’ٹنل مین‘‘ کا اعلان، نیٹ فلکس پر ہوگی ریلیز
روپا بسواس کے بیٹے دیبایان سین نے بھی اس موسیقی کو دوبارہ منظرِ عام پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کولکاتا میں گھر کے ایک پرانے صندوق سے اپنی والدہ کے البم کا ریکارڈ دریافت کیا تھا۔ ابتدا میں روپا کو اس کی دوبارہ مقبولیت کا اندازہ نہیں تھا، لیکن بعد میں جب انہیں معلوم ہوا کہ دنیا بھر میں لوگ ان کے گانے سن رہے ہیں تو انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ اس گانے کی نئی مقبولیت نے انہیں طویل وقفے کے بعد دوبارہ اسٹیج پر آنے کا موقع بھی دیا۔ اب ’جی ٹی اے ۶‘ میں اس گانے کی شمولیت نے اسے ایک اور عالمی پلیٹ فارم فراہم کردیا ہے۔ گیم میں کھلاڑی فرضی امریکی ریاست لیونیڈا اور اس کے مرکزی شہر وائس سٹی میں گاڑی چلاتے ہوئے ورلڈ وائیڈ ایف ایم پر مختلف عالمی موسیقی کے ساتھ یہ بنگالی گانا بھی سن سکتے ہیں۔ یوں چار دہائیوں سے زیادہ پرانی ایک موسیقی کی تخلیق ایک نئی نسل کے لیے دوبارہ دریافت ہونے کا موقع بن گئی ہے۔