جوہی چاؤلہ فلمی اداکارہ، ماڈل اور فلمساز ہیں۔ انہوں نے۱۹۸۴ء میں مس انڈیا کا خطاب جیتا تھا۔ انہوں نے اپنی اداکاری کیلئے دو فلم فیئر ایوارڈز بھی جیتے ہیں۔
جوہی چاؤلہ۔ تصویر:آئی این این
جوہی چاؤلہ فلمی اداکارہ، ماڈل اور فلمساز ہیں۔ انہوں نے۱۹۸۴ء میں مس انڈیا کا خطاب جیتا تھا۔ انہوں نے اپنی اداکاری کیلئے دو فلم فیئر ایوارڈز بھی جیتے ہیں۔ ہندی فلموں کے علاوہ انہوں نے کنڑ ، مراٹھی ، پنجابی ، ملیالم، تیلگو اور تمل فلموں میں بھی کام کیا ہے۔
جوہی چاؤلہ ۱۳؍ نومبر۱۹۶۷ء کو لدھیانہ ، پنجاب میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد پنجابی اور والدہ گجراتی ہیں۔ ان کے والد انڈین ریونیو سروس (آئی آر ایس) کے افسر رہ چکے ہیں۔ چوہی نے اپنی تعلیم ممبئی سے مکمل کی۔ گریجویشنکرنے کے بعد انہوں نے۱۹۸۴ء میں مس انڈیا مقابلے میں حصہ لیا اور ٹائٹل کے ساتھ ہی اسی سال مس یونیورس مقابلے میں بہترین کاسٹیوم کا ایوارڈ جیتا۔ انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز ۱۹۸۶ء میں فلم سلطان سے کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی ، پھر۱۹۸۷ء میں انہوں نے کنڑ فلم ’پریم لوکا‘ میں کام کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی اور جوہی کو کافی پذیرائی ملی ۔ اس کے بعد انہیں ۱۹۸۸ء میں فلم قیامت سے قیامت تک ملی۔ اس فلم میں عامر خان اور جوہی کی جوڑی بڑی اسکرین پر آئی۔ فلم زبردست ہٹ ثابت ہوئی اور اس کے بعد جوہی نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اس جوڑی کو فلم بینوں نے کافی پسند کیا۔
جوہی چاؤلہ نہ صرف ایک عظیم اداکارہ ہیں بلکہ ایک ٹرینڈ کلاسیکی گلوکارہ بھی ہیں۔ اس بارے میں بہت سے لوگوں کو پتہ بھی نہیں ہوگا۔ جوہی چاؤلہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ پہلی ماڈل ہیں جو بالی ووڈ میں اتنی کامیاب اداکارہ بنیں۔ انہیں فلم ’بول رادھا بول‘ میں گاؤں کی لڑکی کا کردار ادا کرنے کیلئے بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا ۔۱۹۹۳ء میں انہیں مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’ہم ہیں راہی پیار کے‘ میں کام کرنے کا موقع ملا ۔ انہوں نے فلم میں اپنی شاندار اداکاری سے سامعین کوبہت متاثر کیا ۔ اس فلم میں اپنی اداکاری کیلئے انہوں نے بہترین اداکارہ کا پہلا فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔ اسی سال انہیں یش چوپڑا کی فلم’ڈر‘ میں کام کرنے کا موقع ملا جو ان کے کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔
۱۹۹۷ء میں جوہی چاؤلہ نے تاجر جے مہتا سے شادی کرلی۔ ۱۹۹۹ء میں انہوں نے فلم پروڈکشن میں قدم رکھا اور شاہ رخ خان کے ساتھ ڈریمز ان لمیٹڈ کی مشترکہ بنیاد رکھی ۔ اس بینر کے تحت انہوں نے سب سے پہلے ’پھر بھی دل ہے ہندوستانی، اشوکا اورچلتے چلتے‘جیسی فلمیں بنائیں۔ا نہوں نے اپنے کریئر میں ۱۰۰؍ سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے۔
انہوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ صرف ایک بہترین اداکارہ ہیں بلکہ ایک کامیاب کاروباری خاتون بھی ہیں۔ وہ اگرچہ آج کل فلموں میں زیادہ سرگرم نہیں ہیں، لیکن کاروبار کی دنیا میں انہوں نے ایک مضبوط اور کامیاب مقام حاصل کیا ہے۔ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی شریک بانی ہیں، اور ساتھ ہی کولکاتا نائٹ رائیڈرز آئی پی ایل فرنچائز کی شریک مالک بھی ہیں۔ وہ کئی مشہور اور بین الاقوامی برانڈز سے وابستہ رہی ہیں، جن میں میگی، پیپسی، کیلوگز، کرکرے، روح افزا، بورو پلس اور کیش کنگ آیورویدک آئل جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ آج وہ ہندستان کی امیر ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی جوہی چاؤلہ بہت سرگرم ہیں۔ انسٹاگرام پر اُن کے۲ء۲؍ ملین سے زائد فالوورز ہیں، جو اُن کے لازوال حسن، دلکش شخصیت اور وقار کے دیوانے ہیں۔