Updated: February 24, 2026, 9:20 PM IST
| Mumbai
اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان نے جنوری ۲۰۲۶ء میں حیدرآباد شو کے دوران لائیو ٹورز سے طویل وقفے کا اعلان کر کے مداحوں کو حیران کر دیا تھا۔ اب انہوں نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ سنگین صحت کے مسئلے کے باعث نہیں بلکہ طویل عرصے سے مؤخر تحریری کام پر توجہ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
ذاکر خان۔ تصویر: آئی این این
معروف کامیڈین ذاکر خان نے جنوری ۲۰۲۶ء میں حیدرآباد میں اپنے ’’پاپا یار‘‘ ٹور کے دوران لائیو پرفارمنس سے طویل وقفے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں۔ کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ سنگین طبی مسائل کا شکار ہیں، جس پر مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ذاکر خان کی وضاحت
حال ہی میں اسپوکن فیسٹ کے دوران بات کرتے ہوئے ذاکر خان نے تمام افواہوں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرے وقفے کی اصل وجہ یہ ہے کہ میرے پاس لکھنے کا بہت سا کام ہے جو میں پچھلے چھ سال سے نہیں کر پا رہا۔ میری صحت ٹھیک ہے نہ بہت خراب، نہ بہت شاندار۔ انٹرنیٹ پر جو کچھ پڑھا گیا وہ بے بنیاد ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بعض خبریں ’’قریبی ذرائع‘‘ کے نام پر پھیلائی گئیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سیامی کھیر بولیں کمزوری دکھانا سب سے بڑا چیلنج
ممکنہ طویل وقفہ
حیدرآباد میں ایک جذباتی خطاب کے دوران ذاکر نے عندیہ دیا تھا کہ یہ وقفہ ۲۰۲۸ء، ۲۰۲۹ء، حتیٰ کہ ۲۰۳۰ء تک بھی بڑھ سکتا ہے، جب وہ اپنے موجودہ وعدے مکمل کر لیں گے۔ انہوں نے اس فیصلے کو ذاتی ترجیحات اور تخلیقی کام کو وقت دینے سے جوڑا۔
انسٹاگرام پیغام
ذاکر نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر بھی مداحوں کے نام پیغام شیئر کیا، جس میں لکھا کہ ’’ہر شو ۲۰؍ جون تک ایک جشن ہوگا۔ اس بار میں کئی شہروں میں نہیں آ سکوں گا، اس لیے کوشش کریں کہ شوز میں آئیں۔ آپ سب کی محبت کا شکریہ!‘‘ بعد ازاں دبئی پہنچنے کے بعد انہوں نے وقفے کے فیصلے کی دوبارہ تصدیق کی۔
یہ بھی پڑھئے: وشال بھردواج نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کا اشارہ دیا
تاریخی کارنامہ
۲۰۲۵ء میں ذاکر خان نے اس وقت ایک اہم سنگ میل عبور کیا جب وہ میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہندی زبان کا شو کرنے والے پہلے بھارتی کامیڈین بنے۔ نیویارک کے اس مشہور مقام پر ان کی پرفارمنس کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی تھی۔ انہوں نے اس کامیابی پر سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔