Updated: May 20, 2026, 6:24 PM IST
| Mumbai
عامر خان اور آشوتوش گواریکر ایک بار پھر ایک بڑے تاریخی اسپورٹس ڈرامے کے لیے ساتھ آ رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق دونوں فلمساز لیجنڈری ہندوستانی کرکٹر لالہ امرناتھ کی زندگی پر مبنی فلم پر کام کر رہے ہیں، جبکہ تازہ اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فرحان اختر بھی اس پروجیکٹ کا حصہ بننے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔
پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق، یہ فلم صرف ایک اسپورٹس بایوپک نہیں ہوگی بلکہ تقسیم ہند کے پس منظر میں دوستی، جدوجہد اور جذباتی رشتوں کی کہانی کے طور پر پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق عامر خان فلم میں لالہ امرناتھ کا کردار ادا کریں گے جبکہ فرحان اختر ان کے بہترین دوست کے کردار کے لیے زیر غور ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ’’دونوں کرداروں کے درمیان جذباتی حرکیات ہی فلم کی اصل بنیاد ہوں گی۔‘‘ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فلم کی کہانی راجکمار ہیرانی نے تیار کی ہے اور وہ اس پروجیکٹ کو پروڈیوس بھی کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق فلم کو ایکسل انٹرٹینمنٹ، عامر خان پروڈکشنز اور راجکمار ہیرانی مشترکہ طور پر پروڈیوس کریں گے، جبکہ اس کی شوٹنگ اکتوبر ۲۰۲۶ء کے آس پاس شروع ہونے کی توقع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم کا مکمل شیڈول ’’اسٹارٹ ٹو فِنش‘‘ فارمیٹ میں پلان کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے : کنال کھیمو کی ’’وائب‘‘ کا اعلان، پریتی زنٹا کی ۸؍ سال بعد پردہ سیمیں پر واپسی
فلمی حلقوں میں اس پروجیکٹ کو خاص اہمیت اس لیے بھی دی جا رہی ہے کیونکہ یہ ’’لگان‘‘ کے تقریباً ۲۵؍ سال بعد عامر خان اور آشوتوش گواریکر کا دوبارہ اشتراک ہوگا۔ ’’لگان‘‘ نے نہ صرف عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی تھی بلکہ آسکرز میں بھی ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ تاہم نئی فلم کو لگان سے مختلف قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس کی بنیاد حقیقی تاریخی واقعات اور تقسیم ہند کے دور پر رکھی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، فلم میں کرکٹ صرف کھیل کے طور پر نہیں بلکہ جذباتی علامت کے طور پر استعمال ہوگا، جو کرداروں کے تعلقات، جدوجہد اور بدلتے سماجی حالات کو جوڑے گی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اسکرپٹ پر کافی عرصے سے کام جاری ہے اور ابھیجت جوشی نے بھی اس کے پروڈکشن کے دوران تخلیقی مشورے دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے : فرحانہ بھٹ کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے بھاری قیمت ادا کرنی پڑی ہے
کام کے محاذ پر عامر خان حال ہی میں ’’ستارے زمین پر‘‘ میں نظر آئے تھے، جس میں جینیلیا ڈیسوزا بھی شامل تھیں۔ اسی دوران ان کے بارے میں یہ رپورٹس بھی سامنے آ رہی ہیں کہ وہ ’’۳؍ ایڈیٹس‘‘ کے سیکوئل کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق، سیکوئل پری پروڈکشن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اصل کاسٹ آر مادھون اور شرمن جوشی ایک بار پھر اپنے مشہور کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔