Updated: July 15, 2026, 5:05 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اپنی تیسری شادی کے بعد لگائے جانے والے ’لو جہاد‘ کے الزامات پر پہلی بار کھل کر ردِعمل دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی کسی بھی شادی میں مذہب تبدیل نہیں کیا گیا اور ان کے خاندان کی بنیاد مختلف مذاہب کے احترام اور ہم آہنگی پر قائم ہے۔
عامر خان۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اپنی تیسری شادی کے بعد لگائے جانے والے ’لو جہاد‘ کے الزامات پر پہلی بار کھل کر ردِعمل دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی کسی بھی شادی میں مذہب تبدیل نہیں کیا گیا اور ان کے خاندان کی بنیاد مختلف مذاہب کے احترام اور ہم آہنگی پر قائم ہے۔ عامر خان نے ۵؍جولائی کو اپنی دیرینہ ساتھی گوری اسپریٹ (Gauri Spratt) سے ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر ایک سادہ اور نجی تقریب میں شادی کی۔ اس تقریب میں خاندان کے افراد، قریبی دوستوں اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
’لو جہاد‘ کے الزامات بے بنیاد ہیں
ریڈف کو دیئے جانےو الے ایک انٹرویو میں عامر خان نے کہا’’ حقیقت یہ ہے کہ ہمارا خاندان بہت جامع اور کشادہ سوچ رکھتا ہے۔ میری دونوں بہنوں نے ہندو مردوں سے شادی کی ہے، میری بیٹی کی شادی بھی ایک ہندو سے ہوئی ہے جبکہ میرے کزن منصور کی اہلیہ عیسائی ہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ ان کی کسی بھی اہلیہ نے اسلام قبول نہیں کیا۔ عامر نے کہا’’نہ گوری، نہ کرن اور نہ ہی رینا نے اپنا مذہب تبدیل کیاکیونکہ ہماری تمام شادیاں سول میرج کے تحت ہوئیں۔ گوری تو ہندو بھی نہیں ہیں، وہ عیسائی ہیں اور وہ بھی باقاعدہ مذہبی عمل کرنے والی عیسائی نہیں ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ زندگی مزید دلچسپ اور بعض اوقات مضحکہ خیز ہوتی جا رہی ہے۔
تنازع کیسے شروع ہوا؟
یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب مہاراشٹر کے وزیر نتیش رانے نے عامر خان کی تیسری شادی کو ’لو جہاد‘ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں، اتر پردیش کے مسلم پرسنل دارالافتاء کے شاہی چیف مفتی مولانا چودھری ابراہیم حسین نے بھی عامر خان کی شادی کے خلاف فتویٰ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ شادی اسلامی شریعت کے مطابق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے:آئی ایف ایف ایم میں رانی مکھرجی کو اعزازی ڈاکٹریٹ سے نوازا جائے گا
عامر اور گوری کا رشتہ
عامر خان نے پہلی بار اپنی ۶۰؍ویں سالگرہ کے موقع پر گوری اسپریٹ کے ساتھ اپنے تعلقات کا عوامی طور پر انکشاف کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو تقریباً ۲۵؍ برس سے جانتے ہیں تاہم چند سال قبل دوبارہ رابطہ ہونے کے بعد ان کا رشتہ زیادہ مضبوط ہوا۔
یہ بھی پڑھئے:عتیقہ میر نے مرسڈیز ایف ون جونیئر ڈرائیورز کو پیچھے کیا، تاریخی پول پوزیشن حاصل کی
عامر خان کی سابقہ شادیاں
عامر خان کی پہلی شادی رینا دتہ سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے ایرا خان اور جنید خان ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، جن سے ان کے بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی۔ عامر اور کرن نے ۲۰۲۱ء میں باہمی رضامندی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، تاہم دونوں آج بھی اپنے بیٹے کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔