ایشین پیرا گیمز میں ہندوستانی تیر انداز نے کمپاؤنڈ انفرادی مقابلے اور تومن کمار کے ساتھ مکسڈ ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔
EPAPER
Updated: October 23, 2026, 1:22 PM IST | Agency | Nagoya
ایشین پیرا گیمز میں ہندوستانی تیر انداز نے کمپاؤنڈ انفرادی مقابلے اور تومن کمار کے ساتھ مکسڈ ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ایشین پیرا گیمز ۲۰۲۶ءمیں ہندوستان کی شیتل دیوی نے کمال کر دکھایا۔ انہوں نے کچھ گھنٹوں کے وقفے میں ۲؍ گولڈ میڈل جیت کر پیرا آرچری میں اپنا نام سنہرے حروف میں درج کرا لیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے انہوں نے اسی مقابلے میں ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا اور ۷۲۰؍ میں سے ۷۰۴؍ پوائنٹس حاصل کئے تھے۔
شیتل دیوی نے پیرا کمپاؤنڈ آرچری کے فائنل ایونٹ میں ۱۴۲؍ کا اسکور بنا کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ سنگاپور کی علیم نور سیاہیدہ نے ۱۳۹؍کا اسکور حاصل کیا اور وہ دوسرے نمبر پر رہیں۔ شیتل اس سے پہلے ۱۴۹؍ کا اسکور حاصل کر کے ورلڈ ریکارڈ بنا چکی ہیں۔ انہوں نے ۲۰؍ اکتوبر کو ۱۴۹؍کا اسکور بنا کر ایشین گیمز میں بھی نیا ریکارڈ بنایا تھا اور یہ ان کا ذاتی بہترین اسکور بھی تھا۔
شیتل دیوی نے جمعرات کو سب سے پہلے تومن کمار کے ساتھ مل کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔ مکسڈ ایونٹ کے بعد انہوں نے سنگلز ایونٹ میں بھی گولڈ جیتا اور چند گھنٹوں کے وقفے میں ملک کو ۲؍ گولڈ میڈل دلا کر میڈل ٹیلی میں ہندوستان کی پوزیشن کو مضبوط کیا۔ وہ اس سے قبل پائل کے ساتھ مل کر سلور میڈل بھی جیت چکی ہیں۔شیتل دیوی اور تومن کمار نے کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں گولڈ جیتا۔ ہندوستان کی اس جوڑی نے انڈونیشیائی جوڑی پر۱۴۸۔۱۵۱؍سے فتح حاصل کی۔ہندوستان کو پیرا ایشین گیمز کے موجودہ ایڈیشن میں تیر اندازی میں پہلا گولڈ ملا ہے۔ ناگویا گیمز میں شیتل نے ۳؍ میڈل جیتے ہیں۔ سب سے پہلے انہوں نے پائل ناگ کے ساتھ پیرا کمپاؤنڈ ویمنز ڈبلز میں سلور میڈل جیتا۔ اس کے بعد تومن کے ساتھ گولڈ اور اب سنگلز ایونٹ میں گولڈ جیتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:چمپئن لیگ مقابلے میں ریئل میڈرڈ کی شاندار فتح
شیتل نے کئی ریکارڈس توڑے
شیتل اور تومن کمار نے مکسڈ ٹیم راؤنڈ میں نیا ورلڈ ریکارڈ بنایا۔ ۱۸؍سالہ اس کھلاڑی نے ممکنہ ۷۲۰؍میں سے ۷۰۴؍پوائنٹس بنائے، جو ترکی کی اوزنور کیور گِرڈی کے ورلڈ ریکارڈ کے برابر ہیں۔ شیتل نے مارچ میں بنکاک میں بنائے گئے اپنے ۶۹۸؍ کے ایشین ریکارڈ میں بھی۶؍ پوائنٹس کی بہتری کی اور ایشین پیرا گیمز کے ریکارڈ کو ۶۸۰؍ سے بڑھا کر ۷۰۴؍کر دیا۔ موجودہ ورلڈ چمپئن اور دنیا کی نمبر ون کھلاڑی شیتل نے کمار کے ساتھ مل کر مکسڈ ٹیم کوالیفیکیشن میں ۱۴۰۲؍ پوائنٹس بنائے، جس سے ہندوستان کا ہی بنایا ہوا ۱۴۰۰؍ کا پچھلا ورلڈ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
شیتل دیوی نے۲؍طلائی اور ایک چاندی کے تمغے کے ساتھ شاندار کارکردگی کا اختتام کیا، جو ہانگژو میں منعقدہ گزشتہ ایشین پیرا گیمز میں ان کی کارکردگی کے برابر ہے۔
ڈسکس تھرو:سُورنا نے گولڈ جیتا
ناگویا،(ایجنسی): ہندوستان کی کھلاڑی سُورنا راج نے جمعرات کو ایشیائی پیرا کھیل میں خواتین کے ڈسکس تھرو مقابلے میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔ سُورنا راج نے ۱۵ء۶۶؍میٹر دور ڈسکس پھینک کر سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سُورنا نے اپنی ۶؍کوششوں میں سے ۵؍ مرتبہ ڈسکس ۱۵؍ میٹر سے زیادہ دور پھینکی، جو اس مقابلے میں ان کی برتری کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے اپنی پانچویں کوشش میں سونے کا تمغہ جیتنے والی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ صبر و تحمل اور مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے ہندوستان کے لئے پوڈیم پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔