Updated: July 08, 2026, 6:03 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی ایودھیا میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے۔ ریئل اسٹیٹ کاروباری شخصیت ابھینندن لودھا نے انکشاف کیا کہ انہیں آسٹریلیا میں رات تین بجے متعدد مس کالز موصول ہوئیں، جن کے بعد معلوم ہوا کہ کال خود امیتابھ بچن کی تھی۔ اداکار نے ایودھیا میں زمین خریدنے کی خواہش ظاہر کی اور قیمت معلوم کرنے کے بعد اگلے ہی دن تقریباً ۱۵؍ کروڑ روپے کی ادائیگی کر دی۔
امیتابھ بچن اور ابھینندن لودھا۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن ایودھیا میں اپنی ریئل اسٹیٹ سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔ جنوری ۲۰۲۴ء میں رام مندر کے افتتاح سے قبل سریو پروجیکٹ میں پلاٹ خریدنے کے بعد اب ان کی اس سرمایہ کاری سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز انڈیا نیکسٹ ریئل اسٹیٹ سمٹ ۲۰۲۶ء سے خطاب کرتے ہوئے معروف ریئل اسٹیٹ کاروباری شخصیت ابھینندن لودھا نے بتایا کہ ۲۰۲۳ء میں جب وہ آسٹریلیا میں موجود تھے تو انہیں صبح تقریباً تین بجے متعدد مس کالز موصول ہوئیں۔ بعد میں ایک پیغام آیا جس میں لکھا تھا کہ ’’مَیں امیتابھ بچن ہوں، مناسب وقت پر براہِ کرم واپس کال کریں۔‘‘ لودھا نے بتایا کہ پیغام دیکھتے ہی انہوں نے فوری طور پر واپس فون کیا۔
یہ بھی پڑھئے: انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن ایوارڈز کی نامزدگیاں جاری
انہوں نے اپنی گفتگو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے لفظی طور پر کھڑے ہو کر انہیں ریٹرن کال کیا۔‘‘ لودھا کے مطابق امیتابھ بچن نے فون پر اپنا تعارف کرایا اور کہا کہ وہ اتر پردیش سے تعلق رکھتے ہیں اور ایودھیا میں زمین خریدنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امیتابھ بچن نے کہا کہ ’’ابھینندن جی، میں اتر پردیش کا ہوں اور مجھے ایودھیا میں زمین خریدنی ہے۔‘‘ لودھا کے مطابق انہوں نے جواب دیا کہ ’’ہم ضرور آپ کے لیے یہ انتظام کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اداکار نے خریداری سے قبل پلاٹ کی قیمت کے بارے میں دریافت کیا۔ لودھا نے پہلے قیمت بتانے میں ہچکچاہٹ ظاہر کی، تاہم جب امیتابھ بچن نے بتایا کہ وہ تقریباً ۱۵؍ ہزار مربع فٹ کا پلاٹ خریدنا چاہتے ہیں تو انہیں آگاہ کیا گیا کہ اس کی قیمت تقریباً ۱۵؍ کروڑ روپے ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: دلجیت دوسانجھ نے ’’ستلج‘‘ بلامعاوضہ کی، فلم عوام تک پہنچانا مقصد تھا: ہنی ٹریہن
لودھا کے مطابق، اگلے ہی دن امیتابھ بچن نے مکمل رقم منتقل کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’انہوں نے قیمت پوچھی۔ میں نے کہا کہ آپ سے قیمت کی بات کیسے کروں؟ لیکن جب انہوں نے ۱۵؍ ہزار مربع فٹ زمین لینے کی خواہش ظاہر کی تو میں نے اندازاً ۱۵؍ کروڑ روپے قیمت بتائی، اور اگلے ہی دن رقم موصول ہوگئی۔‘‘ واضح رہے کہ امیتابھ بچن گزشتہ چند برسوں سے ایودھیا میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔ رام مندر کی تعمیر اور شہر میں تیزی سے بڑھتی ترقی کے باعث ایودھیا ملک کے نمایاں ریئل اسٹیٹ مراکز میں شمار ہونے لگا ہے، جہاں کئی معروف شخصیات بھی سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیہا دھوپیا کی پہلی انٹرنیشنل فلم’’۵۲؍ بلیو‘‘ لندن انڈین فلم فیسٹیول میں دکھائی جائے گی
دوسری جانب، فلمی محاذ پر امیتابھ بچن جلد ہی ’’کالکی ‘‘ کے سیکوئل میں ایک بار پھر اشوتتھاما کے کردار میں نظر آئیں گے۔ ناگ اشون کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں پربھاس اور کمل ہاسن بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کا پہلا حصہ ۲۰۲۴ء میں ریلیز ہوا تھا، جس نے دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا اور سال کی بڑی بلاک بسٹر فلموں میں شامل رہا۔ تاہم، فلم کے سیکوئل کی ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔