• Wed, 28 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ۲۰؍ بلے بازی رینکنگ میں ابھیشیک شرما دوبارہ نمبر ایک بن گئے

Updated: October 28, 2026, 6:06 PM IST | Dubai

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما آئی سی سی مردوں کی ٹی ۲۰؍ بلے بازی رینکنگ میں دوبارہ نمبر ایک مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے منگل کو ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ۲۰؍ میں شاندار سنچری بنائی تھی۔

Abhishek.Photo:X
ابھیشیک۔ تصویر:ایکس

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما بدھ کو جاری آئی سی سی مردوں کی ٹی ۲۰؍ بلے بازی رینکنگ میں دوبارہ نمبر ایک مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے منگل کو ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی  ۲۰؍ میں شاندار سنچری بنائی تھی۔ ابھیشیک گزشتہ سال جولائی میں پہلی بار رینکنگ میں سرفہرست پہنچے تھے، لیکن رواں سال جولائی میں ان کے ساتھی کھلاڑی ایشان کشن نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ ابھیشیک نے صرف ۳۸؍ گیندوں پر ۱۱۳؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی، جس کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹی ۲۰؍ میں ۱۹۹؍ رن کے ہدف کو کامیابی سے حاصل کیا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے صرف ۱۵؍ گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی۔ ہندوستان نے پاور پلے میں ۱۱۸؍ رن بغیر کسی وکٹ کے بنائے، جو مردوں کے ٹی ۲۰؍میں پہلے چھ اوور میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

یہ بھی پڑھئے:راشد اور احمد زئی کی شاندار کارکردگی، افغانستان نے سیریز کا پہلا میچ جیت لیا

ابھیشیک نے صرف ۳۵؍ گیندوں میں سنچری مکمل کی، جو اس فارمیٹ میں کسی ہندوستانی کی مشترکہ طور پر دوسری تیز ترین سنچری ہے۔ ان کی اننگز میں نو چوکے اور  ۱۱؍چھکے شامل تھے۔ ہندوستان نے ۱۹۹؍ رن کا ہدف صرف ۲ء۱۳؍ اوور میں حاصل کرکے سیریز میں ۰۔۳؍ کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔  ابھیشیک شرما نے رواں ماہ کے اوائل میں اندور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی ۶۹؍ رن بنائے تھے۔ ایشان کشن تیسرے مقام پر کھسک گئے ہیں، جبکہ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹاپ ۱۰؍ میں شامل دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں میں ٹی ۲۰؍ کپتان شریاس ایّر نویں اور تلک ورما دسویں نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:مارول کا ہندوستانی مداحوں کے لیے دیوالی تحفہ،’ ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ جلد ریلیز ہوگی

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سنجو سیمسن نے بھی تازہ رینکنگ میں چھ مقام کی چھلانگ لگائی ہے اور ٹاپ ۲۰؍ میں جگہ بنا لی ہے۔ مردوں کی تازہ ٹی ۲۰؍ رینکنگ میں اکشر پٹیل ۱۱؍ویں نمبر کے ساتھ سرفہرست ہندوستانی گیندباز ہیں، جبکہ ہاردک پانڈیا ۱۳؍ویں نمبر پر ہیں اور ملک کے ٹاپ آل راؤنڈر ہیں۔ ٹی ۲۰؍ٹیم رینکنگ میں ہندوستان انگلینڈ کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK